Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر لائیو اسٹاک کمیشن کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈی بند رکھنے کا حکم

Updated: June 01, 2025, 4:58 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر لائیو اسٹاک کمیشن نے بکری عید کے ہفتے کے دوران جانوروں کی منڈیوں کو بند کرنے کافرمان جاری کیا ہے، کمیشن کے چیئرپرسن نے کہا کہ اس سرکلر کو صرف ایک مشورے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

دی انڈین ایکسپریس نے اتوار کو خبر دی کہ مہاراشٹرا گئو سیوا آیوگ، جو کہ مویشیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کردہ کمیشن ہے نے  ۷؍ جون کو مسلمانو ں کے تہوارعیدالاضحیٰ سے پہلے، ریاست میں جانوروں کی منڈیوں کو۳؍ جون سے۸؍ جون تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔  عیدالاضحی ایک مسلم تہوار ہے جو قربانی کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ اس تہوار میں بکروں اور دیگر جانوروں کی قربانی کی جاتی ہے۔ مہاراشٹرا گئو سیوا آیوگ نے۲۷؍ مئی کو ایگریکلچر پروڈیوس مارکیٹ کمیٹیوں کو ایک سرکلر جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ۳؍ جون سے۸؍ جون تک کسی بھی ضلع میں جانوروں کی منڈیوں کا انعقاد نہ کیا جائے،  تاکہ گایوں کے غیر قانونی ذبیحہ کو روکا جا سکے۔   

یہ بھی پڑھئے: مراٹھا سماج کے بعد او بی سی بھی حکومت سے ناراض

اخبار کے مطابق، سرکلر میں مارکیٹ کمیٹیوں سے کہا گیا کہ وہ اس معاملے میں ’’چوکس رہیں‘‘۔ سرکلر نے مہاراشٹرا اینیمل پریزرویشن ایکٹ کا بھی حوالہ دیا، جو گایوں کے ذبیحہ پر پابندی عائد کرتا ہے۔ مہاراشٹرا گئو سیوا آیوگ کے چیئرپرسن شیکھر منڈاڈا نے کہا کہ سرکلر کا مقصد گایوں کے ذبیحہ کے امکان کو کم کرنا ہے۔دی انڈین ایکسپریس نے منڈاڈا کے حوالے سے کہا، ’’عید سے قبل کے دنوں میں، جانوروں کی خرید و فروخت قربانی کے ارادے سے کی جاتی ہے۔ ہم صرف اسے روکنا چاہتے ہیں۔‘‘
منڈاڈا نے کہا کہ دیگر جانوروں کی فروخت پر پابندی صرف ایک ہفتے کے لیے ہے، اور سرکلر کو صرف ایک مشورے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ تاہم، اس سرکلر نے تنازع کھڑا کر دیا، اور بہت سے لوگوں نے بکری عید سے ایک ہفتہ پہلے تمام جانوروں، بشمول بھیڑوں اور بکریوں کی فروخت روکنے کے ارادے پر سوال اٹھائے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے ریاستی نائب صدر فاروق احمد نے اخبار کو بتایا کہ’’ ریاست کو یہ یقینی بنانےکیلئے  اقدامات کرنے چاہئیں کہ گایوں کا ذبیحہ نہ ہو۔ لیکن پوری مارکیٹ بند کرنے کاحکم  کیا ظاہر کرتا ہے؟‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ’’ہم مہاوکاس اگھاڑی کے طور پر ہی میونسپل الیکشن لڑیں گے ‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ’’ اگر مارکیٹ بند رہیں تو غیر ممنوعہ جانوروں جیسے بکریوں، بھینسوں اور بھیڑوں کی تجارت بھی رُک جائے گی۔ اس کے نتیجے میں کسانوں، مزدوروں، بروکرز، ڈرائیوروں، قریشی، کھٹک  برادری اور دیگر مزدوروں کی روزانہ کی آمدنی بند ہو جائے گی۔‘‘  انہوں  نے یہ بھی کہا کہ’’ مہاراشٹرا گئو سیوا آیوگ کو صرف سفارش کرنے کا اختیار ہے۔ مارکیٹ کمیٹیوں کو براہ راست احکامات جاری کرنا اس کے اختیارات سے تجاوز ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK