• Tue, 30 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونا اور چاندی نے لگاتار ۵؍ ویں دن نئی اونچائیوں کو چھوا

Updated: December 30, 2025, 1:44 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

چاندی ۵ء۲؍ لاکھ کے قریب پہنچ گئی، اِمسال سونا ۶۱؍ ہزار ۹۹۹؍ اور چاندی ۵۷ء۱؍ لاکھ روپے مہنگی ہوئی، نئے سال میں بھی قیمتوں میں اضافہ جاری رہنے کا امکان۔

This year, gold has become more expensive by Rs 62,000 and silver by Rs 157,000. Picture: INN
اس سال سونا ۶۲؍ ہزار اور چاندی ایک لاکھ ۵۷؍ ہزار روپے مہنگی ہوئی۔ تصویر: آئی این این
سونا اور چاندی کی قیمتیں  پیر کو لگاتار پانچویں کاروباری دن ریکارڈ آل ٹائم ہائی ر ہیں۔  انڈیا بلین اینڈ جیولرز اسوسی ایشن (اِبجا) کے مطابق پیر کو ۱۰؍ گرام سونے کی قیمت میں۲۰۵؍ روپے کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر ایک لاکھ ۳۸؍ ہزار ۱۶۱؍ روپے ہو گئی۔ اس سے پہلے  یعنی سنیچر کو یہ ایک لاکھ ۳۷؍ ہزار ۹۵۶؍ روپے فی ۱۰؍ گرام تھی۔وہیں چاندی کی قیمت میں ۱۵؍ ہزار ۳۷۶؍ روپے کا اضافہ ہوا اور یہ ۲؍ لاکھ ۴۳؍ ہزار ۴۸۳؍ روپے فی کلو ہو گئی۔ سنیچر کو چاندی قیمت ۲؍ لاکھ ۲۸؍ ہزار ۱۰۷؍ روپے تھی۔
اس سال قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ
اس سال سونا ۶۲؍ ہزار روپے اور چاندی ایک لاکھ ۵۷؍ ہزار ۴۶۶؍ روپے مہنگی ہوئی  ہے۔ یکم دسمبر۲۰۲۴ء کو ۲۴؍قیراط سونے کی قیمت۷۶؍ہزار ۱۶۲؍ روپے تھی، جو اَب بڑھ کر ایک لاکھ ۳۸؍ ہزار ۱۶۱؍ روپے ہو گئی ہے۔اسی مدت میں چاندی کی قیمت بھی  ایک لاکھ ۵۷؍ ہزار ۴۶۶؍ روپے بڑھ گئی ہے۔ ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو ایک کلو چاندی۸۶؍ ہزار ۱۷؍ روپے کی تھی جو اب۲؍ لاکھ ۴۳؍ ہزار ۴۸۳؍روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
سونے میں تیزی کی تین بڑی وجوہات
سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کی ۳؍ بڑی وجوہات ہیں۔ اول   امریکہ میں شرحِ سود کم ہونے سے ڈالر کمزور ہوا، جس سے سونا رکھنے کی لاگت گھٹ گئی اور خریداروں کی دلچسپی بڑھ گئی۔ دوم  روس-یوکرین جنگ اور دنیا بھر میں بڑھتی کشیدگی کے باعث سرمایہ کار سونے کو محفوظ ترین سرمایہ کاری سمجھ کر خرید رہے ہیں۔ سوم چین جیسے ممالک اپنے مرکزی بینکوں میں سونے کے ذخائر بڑھا رہے ہیں۔ سالانہ۹۰۰؍ ٹن سے زیادہ سونے کی خریداری کے باعث قیمتیں اوپر جا رہی ہیں۔
چاندی میں تیزی کی تین بڑی وجوہات
  چاندی کی قیمتوں میں امسال غیر معمولی اضافہ کی ۳؍ بڑی وجوہات کچھ اس طرح ہیں۔ اول سولر، الیکٹرانکس اور الیکٹرک گاڑیوں میں بڑے پیمانے پر استعمال کی وجہ سے چاندی اب صرف زیورات تک محدود نہیں رہ گئی بلکہ ایک اہم خام مال بن گئی ہے۔  دوم ، امریکی کمپنیاں چاندی کا بڑا ذخیرہ جمع کر رہی ہیں، جس سے عالمی سپلائی میں کمی آئی  ہے اور قیمتیں بڑھ گئیں۔سوم ، پیداوار رکنے کے خدشہ کی بنا پر   چاندی کی پیشگی  خریداری بڑھ گئی ہے اسی وجہ سے آنے والے مہینوں میں بھی تیزی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
 قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ ابھی جاری رہےگا
ماہرین نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ سونے اورچاندی کی قیمتوں میں اضافے کا یہ سلسلہ نئے سال میں بھی جاری رہ سکتاہے۔ کیڈیا ایڈوائزری کے ڈائریکٹر اجے کیڈیا کا کہنا ہے کہ’’ چاندی کی مانگ میں اس وقت زبردست تیزی ہے اور آگے بھی یہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ایسے میں اگلے ایک سال میں چاندی کی قیمت۲ء۷۵؍ لاکھ روپے فی کلو تک جا سکتی ہے۔ اس سال کے آخر تک چاندی۲ء۱۰؍ لاکھ روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔ سونے کی مانگ بھی بڑھی ہوئی  ہے ۔ بازار پر نظر رکھنےوالے ماہرین کے مطابق   اگلے سال تک سونے کی قیمت ۱ء۵۰؍ لاکھ  روپے فی۱۰؍گرام سے تجاوز کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK