Updated: December 30, 2025, 2:03 PM IST
|
Agency
| Gyalifou (Bhutan)
بھوٹان کے بائیں ہاتھ کے گیندباز نے میانمار کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا۔
بھوٹان کے گیندبازسونم یشے۔ تصویر: آئی این این
کرکٹ کے میدان سے ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ بھوٹان کے ۲۲؍ سالہ نوجوان بائیں ہاتھ کے اسپنر سونم یشے نے ٹی ۔۲۰؍ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کا نیا باب رقم کرتے ہوئے ایک ہی میچ میں ۸؍وکٹیں حاصل کرنے کا منفرد عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ دنیا کے پہلے گیندباز بن گئے ہیں جنہوں نے مختصر ترین فارمیٹ کے ایک ہی میچ میں ۸؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میانمار کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ۔۲۰؍ میچ میں سونم یشے کسی قہر سے کم ثابت نہ ہوئے۔ انہوں نے اپنے مقررہ ۴؍ اوور میں صرف ۷؍رنوں کے عوض ۸؍ وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کے پرخچے اڑا دئیے۔ بھوٹان کے ۱۲۷؍ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں میانمار کی پوری ٹیم محض ۴۵؍ رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ سونم کی اس جادوئی بولنگ نے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ ریکارڈ بکس میں بھی اپنا نام سنہرے حروف سے درج کروا لیا۔
سونم یشے سے قبل مردوں کی ٹی ۔۲۰؍ کرکٹ میں صرف ۲؍ گیندباز (ملائیشیا کے ادریس اور بحرین کے علی داؤد) ۷؍ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دے سکے تھے۔ گھریلو کرکٹ میں بھی کولن ایکرمین اور تسکین احمد جیسے نامور گیندباز ۷؍وکٹوں سے آگے نہ بڑھ سکے تھے۔ سونم یشے نے ان تمام ریکارڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے وہ مقام حاصل کر لیا ہے جو اب تک ناممکن تصور کیا جاتا تھا۔
خواتین کی کرکٹ میں انڈونیشیا کی روہمالیا نے ۲۰۲۴ءمیں منگولیا کے خلاف بغیر کوئی رن دئیے ۷؍ وکٹیں حاصل کی تھیں جو کہ اب تک کا بہترین ریکارڈ تھا۔ تاہم۸؍وکٹوں کا ہندسہ اب تک کسی بھی سطح پر چھوا نہیں گیا تھا، جسے اب سونم یشے نے حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔جولائی ۲۰۲۲ءمیں ملائیشیا کے خلاف اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے سونم یشے نے اب تک ۳۴؍ میچوں میں ۳۷؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ موجودہ سیریز میں ان کا فارم عروج پر ہے جہاں وہ ۴؍ میچوں میں ۱۲؍وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور ابھی سیریز کا آخری معرکہ باقی ہے۔