Updated: July 23, 2026, 10:03 PM IST
| New Delhi
یورپی یونین (EU) نے ڈجیٹل مقابلہ جاتی قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں گوگل پر مجموعی طور پر ۸۹؍کروڑ یورو (تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ گوگل نے اپنے سرچ پلیٹ فارم پر اپنی ہی سروسیز کو ترجیح دی اور اپنے ایپ ایکو سسٹم میں مسابقت کو محدود کیا۔
یورپی یونین (EU) نے ڈجیٹل مقابلہ جاتی قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں گوگل پر مجموعی طور پر ۸۹؍کروڑ یورو (تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یورپی کمیشن کا کہنا ہے کہ گوگل نے اپنے سرچ پلیٹ فارم پر اپنی ہی سروسیز کو ترجیح دی اور اپنے ایپ ایکو سسٹم میں مسابقت کو محدود کیا۔
یہ بھی پڑھئے:چھٹی لینے سے پہلے ہی ’جین زی ‘ ملازم نے خود پر لگا دی پابندی،پیغام سوشل میڈیا پروائرل
یورپی کمیشن نے گوگل کی سرچ سروسیز سے متعلق خلاف ورزی پر۴۶؍کروڑ یورو جبکہ گوگل پلے اسٹور کے قواعد کی خلاف ورزی پر ۴۳؍کروڑ یورو کا الگ الگ جرمانہ عائد کیا ہے۔ کمیشن نے کمپنی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ۶۰؍ دن کے اندر فیصلے پر عمل کرے، بصورت دیگر گوگل پر اس کی عالمی آمدنی کا ۵؍ فیصد تک اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔
کمیشن کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گوگل اپنے سرچ پلیٹ فارم پر شاپنگ، ہوٹل، ٹرانسپورٹ اور اسپورٹس سے متعلق اپنی خدمات کو تیسرے فریق کی سروسیز پر فوقیت دیتا ہے، جو ڈجیٹل مارکیٹس ایکٹ (DMA) کی خلاف ورزی ہے۔ یورپی کمیشن کی ایگزیکٹیو نائب صدر ٹریسا ریبیرا نے کہا کہ گوگل ڈجیٹل مارکیٹس ایکٹ پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کرنے میں ناکام رہا ہے، اسی لیے کمیشن نے متوازن مگر سخت کارروائی کرتے ہوئے یہ جرمانہ عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہتر مصنوعات کو اپنی معیار کی بنیاد پر کامیاب ہونا چاہیے، نہ کہ صرف اس لیے کہ وہ اسی کمپنی کی ملکیت ہیں جو سرچ انجن چلاتی ہے۔ کمیشن نے مزید کہا کہ ڈجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت گوگل پلے کے ذریعے ایپس تقسیم کرنے والے ڈیولپرز کو صارفین کو متبادل اور اکثر سستے آپشنز کے بارے میں بلا معاوضہ آگاہ کرنے اور انہیں ویب سائٹس یا دیگر ایپ اسٹورز کے ذریعے خریداری کی آزادی دینے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ تاہم تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ گوگل اس ذمہ داری کو پورا نہیں کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:پی وی سندھو، لکشیا سین اور آیوش شیٹی کی شکست، چائنا اوپن میں ہندوستانی چیلنج ختم
کمیشن کے مطابق، گوگل ایپ ڈیولپرز کو تیسرے فریق کے ایپ اسٹورز سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر دستیاب آفرز کی معلومات فراہم کرنے، ان کی تشہیر کرنے اور صارفین کے ساتھ اپنی پسند کے مطابق معاہدے کرنے سے روکتا رہا۔ یورپی کمیشن نے گوگل کو فوری طور پر ان خلاف ورزیوں کا خاتمہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی کمپنی کو یہ بھی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے کہ گوگل سرچ میں تیسرے فریق کی خدمات کے ساتھ منصفانہ اور غیر امتیازی سلوک کیا جائے۔ اس کے علاوہ، گوگل پلے اسٹورکے ذریعے ایپس تقسیم کرنے والے ڈیولپرز کو تکنیکی اور معاہدہ کی سطح پر مکمل آزادی دی جائے تاکہ وہ نہ صرف گوگل پلے اسٹور بلکہ اس کے باہر بھی صارفین کو آفرز سے آگاہ کر سکیں، ان کی تشہیر کر سکیں اور براہِ راست معاہدے کر سکیں۔