Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوریگاؤں: موتی لال نگر وکاس سمیتی کا ۶؍جولائی کو مہاڈا آفس پر مورچہ کااعلان

Updated: July 01, 2026, 12:41 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Goregaon

میٹنگ میںہرمکین کو۲۴۰۰؍اسکوائر فٹ کا مکان اور دکانداروں کو۲۰۷۰؍ اسکوائر فٹ کی جگہ دینے نیز فی خاندان۳۰؍ لاکھ روپے کارپس فنڈ کا بھی مطالبہ ۔

Residents of Motilal Nagar at a meeting held to discuss their demands. (Photo: Inqilabad)
موتی لال نگر کے مکین اپنے مطالبات کے تعلق سے منعقدہ میٹنگ میں۔ (تصویر: انقلاب)

یہاں کے    موتی لال نگر کے اڈانی کے ذریعے  ری ڈیولپمنٹ کے تعلق سے مکینوں کی میٹنگ منعقد کی گئی  اور  مطالبات پورے نہ ہونے کی وجہ سے۶؍ جولائی کو دوپہر  ۱۲؍بجے مہاڈا کے دفتر  واقع باندرہ  پر   مورچہ نکالنے کا اعلان کیا گیا۔

موتی لال نگر  وکاس سمیتی ،موتی لال نگر نمبر ایک، دو اور تین کے ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں مکینوں کی جانب سے کہا گیا کہ مسلسل کئے جانے والے مطالبات کو مہاڈا کے ذریعے نظر انداز کیا جارہا ہے اور اپنا  پلان تھوپا جارہا ہے جو قطعاً درست نہیں۔ اس سلسلے میں مہاڈا کے ساتھ کی گئی گفت و شنید، حساب کتاب اور مہاڈا کی جانب سے ری ڈیولپمنٹ کے تعلق سے پیش کردہ پرزنٹیشن میں کیا کیا خامیاں ہیں، اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں صدر بابو بھائی ،  نیلیش پربھو اور دیگر افراد  نے قانونی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور سب نے اتحاد واتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا اور بطور خاص اتحاد کو کامیابی کی کلید قرار دیا۔  مکینوں نے ’’موتی لال نگر وکاس سمیتی زندہ باد، مکینوں کا اتحاد زندہ باد، ہمارے قانونی مطالبات کو تسلیم کیا جائے، ہم لڑیں گے اور جیتیں گے‘‘ کے نعرے بلند کئے۔

یہ بھی پڑھئے: سچن اہیر نے بھی اُدھو کا ساتھ چھوڑا، کونسل میں ڈپٹی چیئر مین بنیں گے

موتی لال نگر نمبر ایک ، دو اور تین کے مکینوں کا مطالبہ ہےکہ انہیں ۲۴۰۰؍ اسکوائر کا مکان  دیا جائے،۲۰۷۰؍ اسکوائر فٹ کی جگہ کمرشیل والوں کو دی جائے اور ہر فیملی کیلئے۳۰؍ لاکھ روپے کارپس فنڈ کے طور پر مختص کیا جائے۔ اس کے علاوہ ڈی سی پی آر رول ۳۳ء۵؍ کے تحت اس علاقے کا ری ڈیولپمنٹ کیا جائے اور اکنامک اور سوشل بیک گراؤنڈ کے تحت یہاں رہنے والے خاندانوں کا سروے کیا جائے۔ موتی لال نگر وکاس سمیتی کی جانب سے یہ اہم مطالبات کئے گئے ہیں۔ یہ تفصیلات موتی لال نگر ڈیولپمنٹ کمیٹی کے عہدیدار ایڈوکیٹ پرتیک سالوی نے نمائندہ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بتائیں۔

یاد رہے کہ اسی پروجیکٹ کے لئے مہاڈا کے سی ای او جیسوال نے۱۴؍ اپریل کو باندرہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ۱۶۰۰؍اسکوائر فٹ کا مکان دینے کے ساتھ مختلف اقسام کی ۲۰؍ سہولتوں کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ملکی سطح پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا منفرد پروجیکٹ ہوگا۔ اسی دوران ایک مکین کے ذریعے ۲؍ ہزار اسکوائر فٹ کا مکان دینے کے مطالبے والا پلے کارڈ دکھانے پر وہ اس قدر آپے سے باہر ہوگئے تھے کہ اسے دیکھ لینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ سی ای او یہیں نہیں رکے تھے ، انہوں نے اس شخص کے کاغذات اور آدھار کارڈ وغیرہ چیک کرنے کا بھی انتباہ دیا تھا جس پر کافی ناراضگی پائی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK