Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوونڈی: قبرستان کے نئے پلاٹ پر کام کے تئیں غیر سنجیدگی

Updated: May 03, 2026, 11:12 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

عدالت کی ہدایت اور۲۰۲۴ء میں کام پورا کرنے کا حلف نامہ داخل کرنے کےباوجودچہار دیواری کی تعمیر بھی مکمل نہیں کی جاسکی، بی ایم سی نے ایک ماہ میںکام پورا کرنے کایقین دلایا۔

The construction work underway at the Deonar Cemetery is evident from the two pictures, showing how slowly the work is progressing. (Photos: Inquilab)
دیونار قبرستان میں جاری تعمیراتی کام کا منظر، دونوں تصویروں سے ظاہر ہے کہ کام کتنی سست رفتاری سے جاری ہے۔ (تصاویر: انقلاب)

بی ایم سی گوونڈی میںنئے قبرستان کے پلاٹ پر کام کے نام پر ٹائم پاس کررہی ہے ۔ دیونار قبرستان سے متصل نئے قبرستان کے پلاٹ پر جس میں ۴۰۰؍ قبروں کی گنجائش ہے، چہار دیواری کا کام اب تک پورا نہیں کیا جاسکاہے۔ یہ کام دو سا ل قبل ہی پورا ہوجانا چاہئے تھا۔ اس کے لئے تو بی ایم سی نے عدالت میں باقاعدہ حلف نامہ داخل کیا تھا، اس کے باوجود کام پورا نہ ہوسکا ۔ 

اب یہ کہاجارہا ہے کہ ایک ماہ میں پورا ہوجائے گا مگرجس سست روی سے کام چل رہا ہے، ایسا نہیں لگتا ہے کہ ایک ماہ میںکام پورا ہوجائےگا۔ اس کےبعد بارش کاآغاز ہوجائے گا، پھرایک اور بہانہ مل جائے گا کہ بارش کے ایام میںکام نہیں ہوسکے گا۔ اس طرح اب تک محض وقت گزاری کی گئی ہے ۔ 

یہ بھی پڑھئے: شیوسینا (شندے) ۲۰۲۹ء کا الیکشن اپنے دم پر لڑے گی؟

بار بار توجہ دلانے کےباوجود ٹائم پاس کیا گیا

قبرستان کے نئے پلاٹس حاصل کرنے کے لئے ایڈو کیٹ الطاف خان ،ایڈوکیٹ شمشیر احمد اوردیونار قبرستان کے ٹرسٹی عبدالرحمٰن عرف منّا وغیرہ پیش پیش تھے۔عبدالرحمٰن کا کہنا ہےکہ’’ بہت تاخیر ہورہی ہے ، بی ایم سی کی جانب سے کوئی وعدہ پورا نہیںکیا گیا حتیٰ کہ  عدالت کی ہدایات کا بھی خیال نہیں رکھا گیا اورٹائم پاس کیا گیا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کام میں تیزی لائی جائے کیونکہ اگر کام نہ ہوا اور نئے قبرستان میں تدفین  شروع نہ کی گئی تو دیونار قبرستان بند ہونے اور رفیع نگر قبرستان میںگنجائش ختم ہونے کے سبب بڑے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔‘‘ 

ہائی کورٹ کے حکم پر۲۰۲۳ء سے اب تک کیا کیا ہوا 

قبرستان کے لئے ریزرو اس پلاٹ پر ۵؍ اہم ڈیولپمنٹ کچھ اس طرح ہیں: (۱)۱۰؍نومبر۲۰۲۳ء کو ہائی کورٹ نے بی ایم سی کوپھٹکارتے ہوئے ۲؍پلاٹ قبرستا ن کے لئے دینے کاحکم دیا تھا،اسی میںسے یہ ایک پلاٹ ہے جس پر کام چل رہا ہے جبکہ دوسرے پلاٹ پراب بھی مختلف قبضہ جات ہیں (۲)یکم اکتوبر ۲۰۲۴ء کو کام شروع کرنے کی ایم ایسٹ وارڈ کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی تھی لیکن ۱۸؍ اکتوبر گزرجانے کے باوجود کام شروع نہیںکیا گیا ،اس وقت ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے والا تھا ۔مگربی ایم سی کی جانب سے عدالت کے حکم کا حوالہ دیا گیا کہ ضابطۂ اخلاق کے نفاذ کے باوجود کام شروع کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح ٹال دیاگیا (۳)کا م کے لئے ساڑھے ۹؍ کروڑ روپے فنڈپاس کیا گیا (۴) بی ایم سی کی جانب سے عدالت کی لتاڑکے بعدحلف نامہ داخل کیا گیا تھا کہ دسمبر ۲۰۲۴ء کےاخیر تک ڈیولپ کرکے قبرستان ٹرسٹ کے حوالہ کردیا جائے گا مگر اب تک چہار دیواری بھی مکمل نہیں ہوئی ہے(۵)دیونار قبرستان میںگنجائش ختم ہوجانے کے سبب جون ۲۰۲۴ء سے تدفین بند ہے، رفیع نگر قبرستان پربوجھ بڑھ گیا ہے۔نئے پلاٹ پر کام میں مزید تاخیر سے میت کی تدفین میں دشواری پیدا ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سپریہ سلے اب کبھی ’پوار بنام پوار‘ مقابلہ نہیں کریں گی، مہایوتی نے خیر مقدم کیا

ایم ایسٹ وارڈ کے ہیلتھ آفیسر نے کیا کہا

ایم ایسٹ وارڈ کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سنجے ہنگر نے استفسار کرنے پریہ اعتراف کیا کہ واقعی بہت تاخیر ہورہی ہے۔ دراصل یہ کام بی ایم سی کی ’بی ایم‘(بلڈنگ اینڈ مینٹیننس) سینٹرل ایجنسی کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ اُس سے خط وکتابت اورافسران کے ہمراہ میٹنگ کی گئی ۔ان کی جانب سے ایک ماہ میں کام پورا کرنے کا یقین دلایا گیا ہے۔‘‘ 

انہوں نےیہ بھی بتایاکہ’’ سینٹرل ایجنسی کے ذریعے تعمیرات مکمل ہونے کےبعد قبرستان ہمارے حوالے کیا جائے گا پھر مقامی وارڈ آفس کے ذریعے نگرانی کے ساتھ موت وغیرہ کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے ساتھ قبرستان کے دیگر اندرونی نظام کی نگرانی کی جائے گی ۔اگر ٹرسٹ کے حوالے کیاجائے گا تو نگرانی کی ذمہ داری ٹرسٹ کی ہوگی ۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK