Inquilab Logo

گوونڈی:شیواجی نگرمیٹرنیٹی اسپتال کا کوئی پرسانِ حال نہیں

Updated: February 25, 2021, 11:40 AM IST | Kazim Shaikh | Govandi

ایک سال پہلے انتظامیہ نے جلد از جلد اسپتال شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب بھی یہاں علاج کی سہولت مہیا نہیں کرائی گئی ہے ۔ مقامی افراد کودشواریاں

Govandi Hospital - Pic : Inquilab
اسپتال کی عمارت بن کر تیار ہے لیکن ابھی تک اسے علاج کیلئے شروع نہیں کیا گیا ہے۔ (تصویر: انقلاب

یہاں کروڑوں روپے خرچ کرکے شیواجی نگر میٹرنیٹی اسپتال کی ۷؍ منزلہ عمارت تعمیرکی گئی ہے لیکن ایک سال سے زائد وقت گزرجانے کے بعدبھی اسے  شروع نہیں کیا گیا ہے جبکہ اس میں خواتین کیلئے اسپیشل  زچگی وارڈ  بنانے کے علاوہ این آئی سی یو اورتمام قسم کی طبی جانچ کے ساتھ اوپی ڈی اور مریضوں کو موسمی  بیماریوں کی دوائیں وغیرہ  دینے کی یقین دہانی کر ائی گئی تھی ۔ کئی مہینے قبل کورونا کے مریضوں کیلئےمذکورہ  اسپتال کو کوارینٹائن سینٹر کیلئے استعمال کیا گیا تھا اور جب  اس کے معاملات کم ہوگئے تو کوارینٹائن سینٹر ہٹاکر  اسے یوں ہی چھوڑ دیا گیا ۔ علاقے میں علاج کی سہولت نہ ہونے سے مقامی افراد کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
   شیواجی نگر سگنل کے قریب اہلیا بائی ہولکر مارگ پر  ۲۰۱۵ء میںیہ ایک دواخانہ تھا جسے خستہ حال ہونے کی وجہ سے ۲۰۱۶ء میں منہدم کردیا گیا تھا  ۔ اس کے بعد کروڑوں روپے کے خرچ سے ۷؍ منزلہ اسپتال  تیار کیا گیا ۔ تقریباً ایک سال پہلے  اسپتال کی عمارت کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے لیکن اب تک  اسے علاج کیلئے شروع نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد میں بے چینی  اور میونسپل کارپوریشن کے تئیں سخت ناراضگی پائی  جارہی ہے۔
 گوونڈی میں مقیم عبدالمنان خان نے نمائندۂ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’شیواجی نگر میٹرنیٹی  اسپتال کا کام تقریباً ایک سال پہلے مکمل ہوگیا  ہے لیکن میونسپل کارپوریشن کی لاپروائی کے نتیجے میں اب تک علاج  معالجہ کیلئے  اسپتال شروع نہیں کیا گیا ہے۔انھوں نے الزام لگایا کہ شیواجی نگر  میونسپل اسپتال شروع نہ ہونے سے گوونڈی کے مریضوں کو شتابدی اسپتال  جانا پڑتا ہے ۔ وہاں پر مریضوں کی بھرمار اور کچھ امراض کے علاج کیلئے انھیں سائن اسپتال بھیج دیاجاتا ہے ۔ ‘‘
   بیگن واڑی میں مقیم فخرالدین عرف کلو نے کہا کہ ’’گوونڈی اور اس کے آس پاس کےپرائیویٹ اسپتالوں میں زچگی کیلئے مجبوراً جانے والی خواتین کومختلف وجوہات بتاکر آپریشن  کے نام پر موٹی رقم وصول کی جاتی ہے ۔لاک ڈاؤن کے دوران اسی اسپتال میں کورونا کے مریضوں کو قرنطینہ کیا گیا تھا۔ اس کے مریضوں کی تعداد کم ہونے کے بعد ایک بار پھر اسے لاوارث حالت میں چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ علاقے کے غریب مریضوں کو اسپتال شروع کئے جانے کا شدت سے انتظار ہے ۔ ‘‘
 اس ضمن میں  مقامی کارپوریٹر عائشہ خان کی نمائندگی کرنے والے ان کے ماموں اور سماجوادی پارٹی کے وارڈ پریسیڈنٹ عرفان جمال خان نے کہا کہ اس اسپتال کی تعمیر کے بعد میونسپل کمشنر اقبال چہل کا سب سے پہلا دورہ میں نے اسی اسپتال کا کروایا تھا۔ ان کے ساتھ ہی متعلقہ میونسپل  افسران بھی موجود تھے اور اس وقت انہوں نے  بہت جلد شیواجی نگر  اسپتال  شروع کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی ۔ 
 اس ضمن میں انقلاب نے  ایڈیشنل میونسپل کمشنر ہریش کاکانی اور ڈاکٹر نونی  سے متعدد مرتبہ گفتگو کرنے کی کوشش کی لیکن مصروفیت بتاکر انھوں نے گفتگو نہیں کی  ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK