ضلع کے اڈیال جنگلاتی علاقے کے تحت تِرّی گاؤں میں یہ واقعہ پیش آیا،علاقے میںجنگلی جانوروں کی مسلسل بڑھتی ہوئی نقل وحرکت سے باشندوں میں خوف۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 9:57 AM IST | Ali Imran | Bhandara
ضلع کے اڈیال جنگلاتی علاقے کے تحت تِرّی گاؤں میں یہ واقعہ پیش آیا،علاقے میںجنگلی جانوروں کی مسلسل بڑھتی ہوئی نقل وحرکت سے باشندوں میں خوف۔
یہاں گھر میں سوئے ہوئے محض ۶؍ ماہ کے معصوم بچے کو شیر کے ذریعے اٹھا لے جانےکا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ یہ واقعہ جمعہ ۱۳؍نومبر کی رات اڈیال جنگلاتی علاقے کے تحت تِرّی گاؤں میں پیش آیا۔ شیر کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے بچے کی کچھ ہی دیر بعد موت ہوگئی ۔بچے کا نام ادویک ابھیمن بوندرے بتایا گیا ہے ۔ اس المناک واقعے سے پورے گاؤں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ مقامی باشندوں میں خوف اور شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: این سی پی: اجیت پوار اورشرد پوار گروپ کا انضمام نہیں ہوگا
اطلاعات کے مطابق تِرّی کے رہنے والے ابھیمن بوندرے کی دو بیٹیاں ہیں اور ادو یک ان کا اکلوتا بیٹا تھا۔ جمعہ کی رات بچے کی ماں باورچی خانے میں کھانا تیار کررہی تھی، جبکہ ادو یک گھر کے اندر پالنے میں سو رہا تھا۔ اسی دوران اچانک ایک شیر گھر میں داخل ہوا اور پالنے میں سوئے بچے کو اٹھا کر لے گیا۔ اس حملے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ ماں کی چیخ و پکار سن کر شیر موقع سے فرار ہوگیا، تاہم اس وقت تک معصوم بچے کی موت ہوچکی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی گھر کے باہر گاؤں والوں کی بھاری بھیڑ جمع ہوگئی۔ اکلوتے بیٹے کی موت سے بوندرے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور اہل خانہ کی آہ و بکا و ماتم سے پورا ماحول سوگوار ہوگیا ۔ واقعے کی اطلاع محکمہ جنگلات کو دے دی گئی ہے، جس کے بعد محکمہ کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر پنچ نامہ اور دیگر ضروری کارروائی کرکے معاملہ درج کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل اسکولوں میں سی بی ایس ای انگریزی میڈیم شروع کرنے کی تجویز
ایک ہفتے کے اندر دوسرا واقعہ
اڈیال علاقے میں گزشتہ چند دنوں سے جنگلی جانوروں کی نقل و حرکت کے واقعات مسلسل سامنے آرہے ہیں ۔ اس سے قبل ۵؍نومبر کو لاکھاندور تعلقہ کے دوناڈ گاؤں میں تیندوے کے حملے میں ۵؍ سالہ بچے کی موت ہوگئی تھی۔ اس واقعے کے محض ایک ہفتے کے اندر تِرّی میں شیر کے حملے سے ۶؍ ماہ کے بچے کی جان چلے جانے کے باعث علاقے کے باشندوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
مستقل حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ
تِرّی کے اس واقعے کے بعد جنگلات سے متصل دیہات میں خوف و ہراس مزید بڑھ گیا ہے۔ چھوٹے بچوں، خواتین اور کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں کی حفاظت کا مسئلہ ایک بار پھر سنگین صورت اختیار کرگیا ہے۔ مقامی باشندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ جنگلات علاقے میں گشت بڑھایاجائے، شیر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے، گاؤں والوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق بیداری پیدا کی جائے اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے مستقل اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ متوفی بچے کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے فوری مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیاہے۔