• Fri, 23 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حکومت کا عازمین حج کی بکنگ کی تفصیلات ۲۵؍جنوری تک فراہم کرانےکا حکم

Updated: January 23, 2026, 12:24 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بیشترٹورآپریٹرس کے مطابق ابھی بکنگ مکمل نہیںہوئی ہے جبکہ انہوں نے منیٰ میںزون بکنگ، ٹرانسپورٹیشن اوررہائش وغیرہ کی مَد کی رقومات وقت پرجمع کرادی ہیں۔انفرادی ہی نہیںحج کمبائنڈ گروپ کے بھی معلّق رہنے کا اندیشہ۔

Providing complete details of Hajj pilgrims` bookings within 3 days will be a daunting task for tour operators. Picture: INN
۳؍دنوں میں عازمین حج کی بکنگ کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا ٹورآپریٹرس کیلئے سخت مشکل کام ہوگا۔ تصویر: آئی این این
۲۵؍جنوری بروزاتوار تمام ٹور آپریٹرس (پی ٹی او) کو عازمین کی حتمی بکنگ فہرست فراہم کرانے کا حکومت ِہند کا حکم ٹور آپریٹرس کیلئے بڑی پریشانی کا سبب بن گیا ہے۔ ایسا نہ کرنے پر ٹورآپریٹرس کیلئے انفرادی طور پر تو مسائل پیدا ہوں گے ہی حج کمبائنڈ گروپ (سی ایچ جی او) جسے ٹور آپریٹرس کے گروپ کے ذریعے ۲؍ ہزار عازمین کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، کے بھی معلق رہنے کا اندیشہ لاحق ہے۔ پی ٹی او کے مجموعی کوٹے ۵۲؍ہزار ۲۵؍سیٹوں کے حساب سے ۲۶؍سی ایچ جی او کو مقرر کیا گیا ہے اوران کو جواب دہ بنایا گیا ہے۔ 
ٹور آپریٹرس کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام ضابطے ہوٹلوں کی بکنگ، ٹرانسپورٹیشن اور منٰی مزدلفہ وغیرہ میں زون کی بکنگ کے ساتھ اِن مدوں کی رقومات بھی وقت پرجمع کرادی ہیں ،اس لئے ہمیں مزید مہلت دی جائے کیونکہ ابھی بہت سے ٹور والوں کی بکنگ پوری نہیں ہوئی بلکہ ۵۰؍فیصد سے زیادہ نہیں ہوئی ہے۔ اتنی کم مہلت ملنے سےبکنگ پوری نہ ہونےپر بڑے نقصان کا اندیشہ ہے اور گزشتہ سال جیسے حالات پیدا ہونے سے بھی انکار نہیں کیاجاسکتا ۔اس لئے حکومت ِ ہند ٹور آپریٹرس کے مسائل کو سمجھتے ہوئے سعودی حکومت سے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کرے۔ 
نوٹس کے ذریعے ٹور آپریٹرس کوانتباہ 
مرکزی حکومت کے انڈرسیکریٹری ارون کمار کی دستخط سے پی ٹی او کوجاری کردہ نوٹس میں لکھاگیا ہےکہ تمام سی ایچ جی او کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ نادہندہ (ٹوروالا )کو، اگر کوئی ہے، تو وزارت برائے اقلیتی امور کو مطلع کرتے ہوئے اسے ۴۸؍ گھنٹے کا الٹی میٹم دیں اورتمام حجاج کی تفصیلات (مکمل) الاٹ شدہ کوٹہ)نُسُک پورٹل کے ساتھ پی ٹی او پورٹل پر ۲۵؍ جنوری تک اَپ لوڈ کریں۔ ساتھ ہی وقت کی پابندی نہ کرنے والے ٹور آپریٹرس کے خلاف تعزیری کارروائی کے علاوہ کوٹہ کی منسوخی، انہیں بلیک لسٹ کرنے اور سیکوریٹی ڈپازٹ کو ضبط کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا گیا ہےکہ مذکورہ ڈیڈ لائن سے آگے مزید توسیع کسی بھی صورت میں نہیں کی جائے گی یعنی نوٹس کے مطابق ۲۵؍جنوری آخری موقع ہوگا۔
ٹورآپریٹرس نے اورکیا مسائل اوردشواریاں بتائیں؟
ان حالات میںٹورآپریٹرس نے اپنے دیگرمسائل بتائے۔ ان کاکہنا ہے کہ اس دفعہ ہرکا م جلدی کیا گیا اور جو وقت مقرر کیا گیا،کسی بھی صورت اس تاریخ پرعمل کیا گیا۔ چونکہ پرائیویٹ ٹورآپریٹرس کے ذریعے حج بیت اللہ کے لئےجانےوالے عازمین عموماً رمضان المبارک کے بعد تیزی سے بکنگ کراتے ہیں، اُس وقت ٹور والوں کے پاس رقم اکٹھا ہوجاتی ہے، رمضان المبارک سے قبل عازمین کی جانب سے بکنگ میں اُتنی تیزی نہیںدکھائی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی منیٰ میںزون کی بکنگ، ٹرانسپورٹیشن اورمکہ و مدینہ میں رہائش وغیرہ کی بکنگ ٹور والوںنےاپنی طرف سے قرض لے کر، زیورات یا مکان بیچ کر کسی صورت رقم اکٹھا کرکے کرائی ہے لیکن بکنگ ابھی تک ادھوری ہے۔ اس لئے حکومت ِ ہند ہماری مجبوری کو سمجھے اور مزید مہلت دی جائے تاکہ بکنگ کے تعلق سے صحیح اعداد وشمار فراہم کرانے میں مددمل سکے،ایسا نہ کئے جانے کی صورت میںٹور والوں کو ناقابل بیا ن نقصان  ہونے کا اندیشہ ہے۔
ٹورآپریٹرس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ’نُسُک پورٹل‘ پرعازمین کےبکنگ کی تفصیلات ۸؍فروری تک درج کرنے کی مہلت دی گئی ہے مگر حکومت ِ ہند کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میںاس میں بھی تخفیف کرتے ہوئے ۲۵؍جنوری کردی گئی ہے۔ یہی وجہ ہےکہ محض بچے ہوئے ۳؍ دنوں میںعازمین ِ حج کی بکنگ کی مکمل تفصیلات فراہم کرانا ٹور والوں کے لئے سخت دشواری کا باعث ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK