۴؍برسوں میں سب سے زیادہ خریداری۔ پچھلے کچھ برسوں سے، گیہوں کی سرکاری خریداری کم ہو رہی تھی۔ کسانوں کو اس سے فائدہ ہوگا۔
EPAPER
Updated: June 11, 2025, 10:43 AM IST | Agency | New Delhi
۴؍برسوں میں سب سے زیادہ خریداری۔ پچھلے کچھ برسوں سے، گیہوں کی سرکاری خریداری کم ہو رہی تھی۔ کسانوں کو اس سے فائدہ ہوگا۔
اس سال حکومت نے کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر بہت زیادہ گیہوں خریدی ہے۔ گیہوں کی سرکاری خریداری۳۰۰؍ لاکھ ٹن کی سطح کو عبور کر گئی ہے جس سے لاکھوں کسان مستفید ہوئے ہیں۔
پچھلے کچھ برسوں سے، گیہوں کی سرکاری خریداری کم ہو رہی تھی اور۳۰۰؍ لاکھ ٹن سے نیچے رہی تھی۔ ایسے میں اس سال ۴؍ سال بعد گیہوں کی سرکاری خریداری۳۰۰؍لاکھ ٹن کے ہندسے کو عبور کر گئی ہے۔ اس سے قبل مالی سال ۲۲۔۲۰۲۱ء میں ریکارڈ۴۳۳؍ لاکھ ٹن گیہوں کی خریداری کی گئی تھی۔ اس کے بعد مالی سال ۲۳۔۲۰۲۲ء میں گیہوں کی پیداوار میں کمی کے ساتھ اس کی سرکاری خریداری بھی کم ہو کر۱۸۷؍ لاکھ ٹن رہ گئی۔ اب پچھلے۳؍برسوں سے گیہوں کی اچھی پیداوار کے باعث اس کی خریداری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ربیع سیزن ۲۶۔۲۰۲۵ء کیلئے گیہوں کا ایم ایس پی ۲۴۲۵؍ روپے فی کوئنٹل ہے۔
امسال حکومت نے اب تک کتنا گیہوں خریدا ہے؟
اس سال گیہوں کی خریداری میں تیزی آئی ہے۔ مرکزی حکومت کے سینٹرل فوڈ گرین پروکیورمنٹ پورٹل (سی ایف پی پی) کے مطابق ربیع مارکیٹنگ سیزن ۲۶۔۲۰۲۵ء میں اب تک گیہوں کی سرکاری خریداری ۳۰۰؍ لاکھ ٹن کو عبور کر چکی ہے۔ اس سال حکومت نے۳۱۲؍ لاکھ ٹن گیہوں کی خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے۔ گیہوں کی خریداری کا عمل تاحال جاری ہے اور اس کی خریداری کی آخری تاریخ ۳۰؍ جون ہے، اس سال گیہوں کی سرکاری خریداری گزشتہ سال کی نسبت بہت زیادہ ہوئی ہے۔ گزشتہ ربیع سیزن میں حکومت نے تقریباً۲۶۶؍ لاکھ ٹن گیہوں خریدی تھی۔ ظاہر ہے کہ اس سال گیہوں کی خریداری گزشتہ سال کی مجموعی خریداری سے تقریباً ۱۳؍ فیصد زیادہ رہی ہے۔
کس ریاست میں کتنا گیہوں خریدا گیا؟
سب سے زیادہ گیہوں کی خریداری پنجاب میں ہوئی ہے۔ سی ایف پی پی کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے۱۱۹ء۱۹؍ لاکھ ٹن گیہوں کی خریداری کی گئی ہے جو کہ مجموعی خریداری کا تقریباً ۴۰؍ فیصد ہے۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش سے ۵۳ء۷۷؍لاکھ ٹن، ہریانہ سے ۷۲ء۰۶؍ لاکھ ٹن گیہوں کی خریداری کی گئی ہے۔ گیہوں کی کل خریداری میں ان تینوں ریاستوں کا حصہ۹۰؍ فیصد کے قریب تھا۔ راجستھان سے۲۰ء۶۰؍ لاکھ ٹن، اتر پردیش سے ۱۰ء۲۶؍ لاکھ ٹن گیہوں کی سرکاری خریداری کی گئی۔
کتنے کسان مستفید ہوئے؟
ایم ایس پی پر گیہوں کی سرکاری خریداری سے لاکھوں کسانوں کو فائدہ ہوا ہے اور انہیں ہزاروں کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔سی ایف پی پی سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق رواں ربیع سیزن میں اب تک ۲۳۸۶۵۵۶؍ کسانوں سے گیہوںکی خریداری کی جا چکی ہے اور ان میں سے ۲۲۸۵۳۲۶؍ کسانوں کو ادائیگی بھی کر دی گئی ہے۔ ان کسانوں کو ۷۰۰۷۳ء۰۳؍کروڑ روپے کی رقم ادا کی گئی ہے۔ کسان اس جانب متوجہ ہورہے ہیں اور امسال ۳۸۸۷۳۵۶؍ کسانوں نے گیہوں کی سرکاری خریداری کیلئے رجسٹریشن کروایا ہے۔