Updated: November 18, 2026, 6:03 PM IST
| Rome
ہندوستان کے مرکزی وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں کئی بڑی اطالوی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں اور سربراہان سے ملاقات کرکے ہندوستان میں سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ہندوستان کے مرکزی وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں کئی بڑی اطالوی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں اور سربراہان سے ملاقات کرکے ہندوستان میں سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں کا مقصد ہندوستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف صنعتی شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔وزارت تجارت و صنعت کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق پیوش گوئل نے ۱۷؍نومبر کو اپنے سرکاری دورۂ اٹلی کے دوران توانائی، بھاری انجینئرنگ، تعمیرات، ہوابازی اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبوں سے وابستہ کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ ان میں والٹر ٹوسٹو ایس پی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر لوکا ٹوسٹو، نورڈ امپیانٹی سسٹم کے چیف ایگزیکٹو افسر گیان پیرو گالیارڈی، ایٹی ٹیک کے چیئرمین گیانی لیٹیری، میگالڈی گرین انرجی کی منیجنگ ڈائریکٹر لیٹیزیا میگالڈی اور براکو امیجنگ کے چیف ایگزیکٹو افسر فولوِیو رینولڈی براکو شامل تھے۔
یہ بھی پڑھئے:شہزادہ ولیم، کرن جوہر کے دھرما پروڈکشنز پہنچے، ستاروں سے ملاقات
میگالڈی گرین انرجی کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں صاف توانائی، جدید تھرمل انرجی اسٹوریج اور صنعتی توانائی کی کارکردگی بہتر بنانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ کمپنی نے ہندوستان میں اپنے توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام کی تیاری، قابل تجدید توانائی کے منصوبوں اور صنعتی آلودگی میں کمی کے لیے پائلٹ پلانٹس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔کمپنی کی منیجنگ ڈائریکٹر لیٹیزیا میگالڈی کے مطابق ان کی کمپنی گزشتہ ۳۵؍ برس سے ہندوستان میں موجود ہے اور یہاں اس کے پاس ہندوستانی انجینئرس کی ایک مضبوط ٹیم ہے۔ کمپنی ہندوستان میں مزید سرمایہ کاری کرکے اپنے کاروبار کو وسعت دینا چاہتی ہے۔والٹر ٹوسٹو کے ساتھ ملاقات میں بھاری انجینئرنگ، صنعتی آلات اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھئے:شہزادہ ولیم، کرن جوہر کے دھرما پروڈکشنز پہنچے، ستاروں سے ملاقات
پیوش گوئل نے کہا کہ ہندوستان کے کیپٹل گڈز سیکٹر میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے اور تیل و گیس، کیمیکل، بجلی کی پیداوار، نیوکلیئر انرجی اور گرین ہائیڈروجن جیسے شعبوں میں جدید صنعتی آلات اور انجینئرنگ ٹیکنالوجی کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں اٹلی کی ٹیکنالوجی رکھنے والی کمپنیوں کے لیے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ نورڈ امپیانٹی سسٹم کے چیف ایگزیکٹیو افسر گیان پیرو گالیارڈی کے ساتھ ملاقات میں پری کاسٹ کنکریٹ ٹیکنالوجی، تعمیراتی مشینری اور جدید تعمیراتی طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر دونوں ملکوں کے درمیان ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
اطالوی کمپنی نے ہندوستان میں مشترکہ منصوبہ شروع کرنے کے لیے مقامی شراکت دار تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کمپنی کے مطابق ہندوستان تعمیراتی شعبے کے لیے دنیا کی اہم ترین منڈیوں میں سے ایک ہے اور آئندہ کئی دہائیوں تک یہاں تعمیراتی مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کی مانگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ایٹی ٹیک کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو افسر گیانی لیٹیری کے ساتھ ملاقات میں ہندوستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ہوابازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ خاص طور پر طیاروں کی دیکھ بھال، مرمت اور اوورہالنگ یعنی ایم آر او(ایم آر او) خدمات میں تعاون پر توجہ دی گئی۔لیٹیری نے ہندوستان کے ہوابازی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی اس سلسلے میں ہندوستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمپنی ہندوستانی فضائی کمپنیوں، جن میں انڈیگو اور ایئر انڈیا شامل ہیں، کے ساتھ ممکنہ تعاون کے سلسلے میں بات چیت کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سُرشتی شرما نے پھر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروایا، وزیر اعلیٰ نے کی ستائش
براکو امیجنگ کے چیف ایگزیکٹو افسر فولوِیو رینولڈی براکو کے ساتھ ملاقات میں طبی امیجنگ، تشخیصی ٹیکنالوجی اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ہندوستان میں کمپنی کی موجودگی کو مزید وسعت دینے، نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور مقامی اداروں کے ساتھ شراکت داری مضبوط کرنے پر بات ہوئی۔**ہندوستان اور اٹلی کے درمیان ۲۰؍ ارب یورو کی تجارت کا ہدف**پیوش گوئل کا یہ دورہ ہندوستان اور اٹلی کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ دونوں ممالک نے سال ۲۰۲۹ ؍تک باہمی سالانہ تجارت کو بڑھا کر ۲۰؍ ارب یورو تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ دونوں ملک ہندوستان۔اٹلی مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان ۲۰۲۵ تا ۲۰۲۹ کے تحت تجارتی، صنعتی اور تکنیکی تعاون کو آگے بڑھا رہے ہیں۔اٹلی یورپی یونین میں ہندوستان کا چوتھا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔