Updated: November 18, 2026, 4:15 PM IST
| Mumbai
مہاراشٹر کی نوجوان اسکیٹنگ کھلاڑی سُرشتی دھرمندر شرما نے ایک مرتبہ پھر اپنی غیر معمولی صلاحیت، محنت اور عزم کے ذریعے عالمی سطح پر ہندوستان کا نام روشن کردیا ہے۔ صرف ۱۸ سال کی عمر میں سُرشتی نے لمبو اسکیٹنگ (Limbo Skating) کے مقابلے میں اپنا ہی سابقہ عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔
مہاراشٹر کی نوجوان اسکیٹنگ کھلاڑی سُرشتی دھرمندر شرما نے ایک مرتبہ پھر اپنی غیر معمولی صلاحیت، محنت اور عزم کے ذریعے عالمی سطح پر ہندوستان کا نام روشن کردیا ہے۔ صرف ۱۸ سال کی عمر میں سُرشتی نے لمبو اسکیٹنگ (Limbo Skating) کے مقابلے میں اپنا ہی سابقہ عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے محض ۶ء۸۶؍ سیکنڈ میں ۵۰ ؍میٹر کا فاصلہ انتہائی کم اونچائی پر لگائی گئی رکاوٹوں کے نیچے سے اسکیٹنگ کرتے ہوئے طے کیا۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بھی مبارک باد پیش کی اور ان کی صلاحیتوں، محنت اور عزم کی بھرپور ستائش کی ہے۔سُرشتی شرما نے یہ تاریخی کارنامہ ۸ ؍اکتوبر ۲۰۲۶ ءکو مہاراشٹر کے امراوتی ڈویژن میں واقع عمریڈ میں انجام دیا۔ اس ریکارڈ کو قائم کرنے کے لیے انہیں ۵۰ ؍میٹر کے راستے پر لگائی گئی ۵۱ ؍افقی سلاخوں کے نیچے سے گزرنا تھا۔ ان سلاخوں کی اونچائی زمین سے محض ۳۰ ؍ سینٹی میٹر رکھی گئی تھی۔اس چیلنج کی سب سے مشکل شرط یہ تھی کہ سُرشتی کو اسکیٹنگ کے دوران کسی بھی سلاخ کو چھوئے یا گرائے بغیر پورا فاصلہ طے کرنا تھا۔ اس کے علاوہ ان کے ہاتھ یا بازو بھی کسی صورت زمین سے نہیں چھونے چاہئیں تھے۔ انہوں نے اپنے جسم کو مکمل طور پر اسپلٹ پوزیشن میں رکھتے ہوئے ٹانگوں کو ہاتھوں سے تھاما اور انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ تمام رکاوٹوں کو عبور کیا۔ان کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف ان کی جسمانی لچک بلکہ رفتار، توازن اور غیر معمولی مہارت کا بھی مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی ناکہ بندی کے سبب غزہ کے خاندان کیروسین چولھے کے استعمال پر مجبور
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے سُرشتی کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کی کارکردگی کی ویڈیو شیئر کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مہاراشٹر کی نوجوان اسکیٹنگ کھلاڑی سُرشتی دھرمندر شرما نے لمبو اسکیٹنگ میں ۵۰؍ میٹر کا فاصلہ صرف ۶ء۸۶ ؍سیکنڈ میں طے کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور گنیز ورلڈ ریکارڈز نے بھی ان کی اس تاریخی کامیابی کو تسلیم کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سُرشتی کے عزم، صلاحیت اور شاندار مظاہرے پر پورے مہاراشٹر کو فخر ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑی کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سُرشتی شرما کے لیے عالمی ریکارڈ قائم کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ان کا عالمی ریکارڈ بنانے کا سفر اس وقت شروع ہوا جب وہ محض ۱۱ سال کی تھیں۔ انہوں نے کم ترین اونچائی پر لمبو اسکیٹنگ کرتے ہوئے ۲۵؍میٹر کا فاصلہ طے کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس مقابلے میں انہیں زمین سے صرف ۱۷؍سینٹی میٹر کی اونچائی پر لگائی گئی ۲۵ ؍سلاخوں کے نیچے سے گزرنا تھا۔ ان کا یہ ریکارڈ اب تک برقرار ہے۔سال ۲۰۱۷ ؍میں انہوں نے آئس اسکیٹنگ میں بھی ایک نمایاں عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس دوران انہوں نے ۱۰؍ میٹر کا فاصلہ انتہائی کم اونچائی، یعنی ۱۷ء۷۸؍سینٹی میٹر پر رکھی گئی رکاوٹ کے نیچے سے طے کیا۔سال ۲۰۲۰؍میں انہوں نے لمبو اسپیڈ اسکیٹنگ میں ۱۰؍ سلاخوں کے نیچے سے تیز ترین وقت میں گزرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس کے بعد ۲۰۲۰ ءاور ۲۰۲۱ ءمیں بھی انہوں نے اپنی سابقہ کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ اب ۵۰ ؍میٹر کا فاصلہ ۶ء۸۶ ؍سیکنڈ میں طے کر کے انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی ہی سابقہ کامیابی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اسی ۵۰؍ میٹر کے مقابلے میں انہوں نے ۲۰۲۳ ءمیں ۶ء۹۴ ؍سیکنڈ اور ۲۰۲۵ ءکے اوائل میں ۷ء۴۶ ؍سیکنڈ کا وقت درج کیا تھا، جبکہ اب وہ اسے مزید بہتر بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:نمریت کور اہلووالیا نے اپنے نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ بھوپال میں مکمل کی
سُرشتی شرما کی کامیابی صرف کھیل کے میدان تک محدود نہیں ہے بلکہ وہ تعلیم کے شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت کر رہی ہیں۔ انہوں نے میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ناگپور کے اندرا گاندھی گورنمنٹ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔وہ اسکیٹنگ کی سخت مشقوں اور میڈیکل کی تعلیم کے درمیان بہترین توازن قائم رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے کہ مسلسل محنت، وقت کی پابندی اور مضبوط ارادے کے ذریعے کھیل اور تعلیم دونوں شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔
سُرشتی شرما کھیلوں کے ساتھ سماجی سرگرمیوں میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں۔ وہ ’سیو اے گرل چائلڈ‘ (Save a Girl Child) نامی انسانی ہمدردی کے منصوبے سے وابستہ ہیں اور اپنی عالمی شہرت کو لڑکیوں کی تعلیم، مساوی مواقع اور خواتین کو بااختیار بنانے کے پیغام کے فروغ کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ان کا ماننا ہے کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ ان کے مطابق اگر لڑکیوں کو مناسب مواقع، حوصلہ افزائی اور تعاون حاصل ہو تو وہ اپنے خاندان اور ملک کا نام روشن کرسکتی ہیں۔سُرشتی کی یہ کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ چھوٹے شہروں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی اپنی محنت اور غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعے عالمی سطح پر شناخت حاصل کرسکتے ہیں۔ عمریڈ اور ناگپور سے شروع ہونے والا ان کا سفر آج گنیز ورلڈ ریکارڈز کی تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ ان کی تازہ کامیابی نے نہ صرف مہاراشٹر بلکہ پورے ملک کو فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔