Updated: November 03, 2026, 4:09 PM IST
| Mumbai
فوڈ سیفٹی کمشنر تکارام منڈھے کی قیادت میں چلائی گئی اس خصوصی مہم کے دوران پتانجلی آیوروید کے ۲۲۷۹ء۷ لیٹر گائے کے گھی کا ذخیرہ ضبط کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً ۲۰ء۲۰ لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ یہ گھی چھترپتی سمبھاجی نگر میں کمپنی کے سپر ڈسٹری بیوٹر میسرز دیویا مہاوتارک کے یہاں سے ضبط کیا گیا۔
پتانجلی گھی۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر میں تہواروں کے موسم کے دوران ملاوٹی اور غیر معیاری غذائی اشیا کی فروخت پر روک لگانے کے لیے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے۔ فوڈ سیفٹی کمشنر تکارام منڈھے کی قیادت میں چلائی گئی اس خصوصی مہم کے دوران پتانجلی آیوروید کے ۲۲۷۹ء۷ لیٹر گائے کے گھی کا ذخیرہ ضبط کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً ۲۰ء۲۰ لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ یہ گھی چھترپتی سمبھاجی نگر میں کمپنی کے سپر ڈسٹری بیوٹر میسرز دیویا مہاوتارک کے یہاں سے ضبط کیا گیا۔ محکمہ کے مطابق گھی کی پیکنگ پر غلط معلومات درج ہونے اور اس میں ملاوٹ کے شبہ کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ ضبط شدہ ذخیرہ بادی النظر میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈس ایکٹ ۲۰۰۶ء کی بعض دفعات کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا ہے۔ تاہم، یہ کارروائی ملاوٹ اور غلط لیبلنگ کے شبہ پر کی گئی ہے، اسے حتمی طور پر ثابت شدہ جرم نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ ضبط شدہ گھی کی کل ۴۰۳۲؍ اکائیاں شامل ہیں، جن میں ۲۹۹۸ ؍پیکٹوں میں ۱۳۴۹ء۱؍ لیٹر گھی کی مالیت ۱۲ء۲۹؍ لاکھ روپے اور مزید ۱۰۳۴؍ پیکٹوں میں ۹۳۰ء۶ ؍لیٹر گھی کی مالیت ۷ء۹۱ ؍لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سچترا سین ان معنوں میں خود کو خوش نصیب سمجھتی تھیں کہ ان کی پہلی ہندی فلم دلیپ کمار کےساتھ تھی
ایف ڈی اے کی اس خصوصی مہم کے دوران مہاراشٹر کے تمام سات انتظامی ڈویژنوں میں ۱۱۴؍ غذائی کاروباری اداروں کا معائنہ کیا گیا۔ اس کارروائی میں تقریباً ۳ء۵۳ ؍لاکھ کلوگرام غذائی اشیا ضبط کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت ۹ء۰۱؍ کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ ۱۹ فوڈ کاروباری اداروں کے لائسنس یا رجسٹریشن سنگین صفائی ستھرائی کی خامیوں اور غذائی تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزیوں کے باعث معطل کردیے گئے۔
محکمہ کے مطابق ممبئی، امراوتی اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے مختلف علاقوں میں نمکین، مٹھائیاں اور مصالحے تیار کرنے والے اداروں میں صفائی کے ناقص انتظامات، غذائی اشیا کو غیر مناسب طریقے سے محفوظ رکھنے، کیڑوں سے بچاؤ کے انتظامات کی کمی اور لازمی ریکارڈ برقرار نہ رکھنے جیسی خامیاں پائی گئیں۔ اس مہم کے دوران ایک بڑی کارروائی بھیونڈی میں ایونیو سپرمارٹس لمیٹڈ کے خلاف کی گئی، جہاں سے مختلف اقسام کا ایک لاکھ ۴۴ ؍ہزار ۲۱۸ ؍کلوگرام خوردنی تیل ضبط کیا گیا۔ اس کے علاوہ ستارا میں امین ٹریڈرس کے یہاں سے ۲۰ ؍ہزار ۵۶۰ ؍کلوگرام غذائی اشیا، جن میں چاول، دالیں، گڑ اور دیگر مصنوعات شامل تھیں، ضبط کی گئیں۔
یہ بھی پڑھئے:ٹرمپ کی مداخلت پر بھی آئزن کوٹ نیتن یاہو کے اتحادی نہیں بنیں گے: رپورٹ
محکمہ نے ستارا کی سوَتی آئل ملز اور سولاپور کے ایس جی ٹریڈرس سے بھی خوردنی تیل ضبط کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد تہواروں کے دوران بازار میں محفوظ اور معیاری غذائی اشیا کی دستیابی یقینی بنانا اور ملاوٹ کے کاروبار پر قابو پانا ہے۔ ایف ڈی اے کی جانب سے ۲۸ ؍سے ۳۱ ؍اکتوبر کے درمیان ممنوعہ غذائی اشیا کے خلاف چلائی گئی الگ کارروائی میں ۱۷ اداروں سے تقریباً ۷۹ء۴۰ ؍لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔ اس دوران ۱۳ ؍ایف آئی آر درج کی گئیں، ۱۶ ؍افراد کو گرفتار کیا گیا، سات اداروں کو سیل کیا گیا اور چھ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ اس کے علاوہ محکمہ نے ناسک، چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناگپور ڈویژنوں میں ۳۴ ؍ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور ڈھابوں کا معائنہ کیا۔ صفائی اور غذائی تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزیوں پر ۲۹ ؍اداروں کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔