Inquilab Logo Happiest Places to Work

گجرات: امریلی میں دکاندار کے بیٹے کو’ بیٹا‘ کہنے پر دلت شخص کو پیٹ کر ہلاک کردیا

Updated: May 24, 2025, 10:32 PM IST | Gandhi Nagar

گجرات کے امریلی میں دکاندار کے بیٹے کو ’’ بیٹا‘‘کہنے پر دلت شخص کو پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

گجرات کے امریلی کے گاؤں جڑاکھیا میں واقع بھجیا اسٹال پر ۲۸؍ سالہ نیلیش راٹھوڑکچھ  ناشتہ خریدنے گیا تھا۔جب اس نے دیکھا کہاونچائی پر لٹکے ویفر تک دکاندار کے بیٹے  کا ہاتھ نہیں پہنچ رہا ہے تو اس نےاسے ’’بیٹا‘‘ کہہ کر پوچھا کہ کیا مدد چاہیے۔ اس پر دکاندار، چوٹا کھوڈا بھرواڈ، نے نیلیش پر لوہے کے کفچے سے حملہ کر دیا کیونکہ اس نے اس کے بیٹے کو ’’بیٹا‘‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔ لالجی منسکھ چوہان کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق، نیلیش راٹھوڑ واپس آیا اور چوہان کو واقعے کے بارے میں بتایا۔ چوہان معاملے کی جانچ پڑتال کے لیے دکان پر گیا، لیکن دکاندار نے اسے بھی ڈنڈے سے مارنا شروع کر دیا۔ ایک اور شخص بھی دکاندار کے ساتھ مل گیا اور چوہان اور نیلیش راٹھوڑ کو بری طرح پیٹنے لگا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اسٹال کا مالک موقع پر پہنچا اور انہیں ہجومی تشدد کا شکار ہونے سے بچایا۔  بعد میں، راٹھوڑ کا چچا واقعے کے بارے میں سوال کرنے دکان پر گیا، جہاں اس پر اور راٹھوڑ پر ۱۳؍ دیگر افراد  جنہیں دکاندار نے پہلے ہی بلا لیا تھا نے ڈنڈوں اور دھاردار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ ان سب نے مل کر راٹھوڑ اس کے چچا، چوہان اور ایک اور شخص کو تیز دھار ہتھیاروں سے زخمی کر دیا۔  ایف آئی آر کے مطابق ’’انہوں نے مارا پیٹا اور ذات پر مبنی گالیاں دیں‘‘۔ حملہ آور انہیں اپنی  عزت کے لیے آواز اٹھانے اور اونچی ذات کی طرف سے دلت ذات کیلئے  بنائے گئے ’’مقام‘‘ کو تسلیم نہ کرنے پر طعنے دے رہے تھے۔ساتھ ہی یہ بھی کہہ رہے تھے کہ کم تر ذات ہونے کے باوجود انہوں نے ’’حد سے زیادہ جرأت‘‘ دکھائی۔ حملے کے چھ دن بعد راٹھوڑ زخموں کی وجہ سے چل بسا۔
 خاندان نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ان کی شرائط تسلیم نہیں کی گئیں تو وہ لاش وصول نہیں کریں گے۔ ایم ایل اے جگنیش میوانی نے خاندان کے ساتھ مل کر اس ظلم کے خلاف احتجاج کیا اور خاندان کے مطالبات ماننے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ مرحوم کے رشتہ داروں نے مطالبہ کیا کہ چاروں متاثرین میں سے ہر ایک کو سرکاری نوکری یا۴؍ ایکڑ زمین دی جائے۔ امریلی پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہیتا کی۱۰؍ دفعوں کے تحت نو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، جن میں دفعہ ۱۱۸؍ (۱؍)(شدید زخم)، ۱۸۹؍ (۲؍)(غیر قانونی اجتماع)، ۱۸۹؍ (۴؍)(مہلک ہتھیاروں سے لیس غیر قانونی اجتماع)، ۱۹۰؍(غیر قانونی اجتماع کے تمام اراکین کی ذمہ داری)، ۱۹۱؍(۳؍) (مہلک ہتھیاروں کے ساتھ فساد)، ۱۳۱؍ (حملہ یا مجرمانہ قوت)، ۳۵۲؍(جان بوجھ کر امن خراب کرنے کی غرض سے توہین) اور ۳؍ (۵؍)(مجرم فعل کی مشترکہ ذمہ داری) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ان پر شیڈولڈ کاسٹس اینڈ شیڈولڈ ٹرائبس (پریوینشن آف اٹروسٹیز) ایکٹ کی مختلف دفعات اور گجرات پولیس ایکٹ کی دفعہ۱۳۵؍ کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ جب راٹھوڑ کو بھاونگر سول اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا، تو پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ۱۰۹؍ (قتل کی کوشش) شامل کی، اور بعد میں دفعہ۱۰۳؍ (قتل) بھی شامل کر دی گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK