ادھو ٹھاکرے کے زمانے میں شروع کی گئی شیو تھالی کو جاری رکھنے کا اعلان، وزیر اعلیٰ سے بات کر لی گئی ہے
EPAPER
Updated: May 24, 2025, 9:05 PM IST | Agency | Mumbai
ادھو ٹھاکرے کے زمانے میں شروع کی گئی شیو تھالی کو جاری رکھنے کا اعلان، وزیر اعلیٰ سے بات کر لی گئی ہے
این سی پی (اجیت) کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل کو گزشتہ دنوں دیویندر فرنویس کی کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔ منگل کے روز بھجبل نے وزارت کا حلف لیا۔ کہا گیا تھا کہ معمر لیڈر کو کابینہ سے نکالے گئے دھننجے منڈے کی جگہ پر شامل کیا گیا ہے۔ یہ دونوں ہی او بی سی سماج سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایک او بی سی لیڈر کو نکالا گیا تو دوسرے کو لیا گیا۔ اب چھگن بھجبل کو قلمدان بھی وہی سونپا گیا ہے جو دھننجے منڈے کے پاس تھا۔ انہیں وزیر برائے خور اک ورسد بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ منڈے کو سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں انگلیاں اٹھنے پر کابینہ سے نکالا گیا تھا جبکہ بھجبل کو اس بار مہایوتی حکومت کی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا تھا جس پر انہوں نے سخت ناراضگی ظاہر کی تھی اور براہ راست اجیت پوار کو نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: نائب وزیر اعلیٰ نےـ نالوں کی صفائی ۷؍ جون تک مکمل کرنے کا حکم دیا
جمعہ کو ناگپور ایئرپورٹ سے ممبئی کیلئے روانہ ہونے سے قبل بھجبل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ دیویند فرنویس شروع سے مجھے کابینہ میں شامل کرنے کے حق میں تھے لیکن اس وقت مجھے شامل نہیں کیا گیا۔ اس بار بھی فرنویس چاہتے تھے کہ میں وزارت سنبھالوں اور مجھے وزیر خوراک و رسد کا قلمدان دیا گیا۔ ‘‘ بھجبل کا کہنا تھا ’’میرے پاس یہ محکمہ تیسری بار آیا ہے۔ میں مہا وکاس اگھاڑی حکومت میں تھا اس وقت بھی میرے پاس یہ محکمہ تھا۔ مہایوتی حکومت میں بھی مجھے یہ قلمدان سونپا گیا تھا۔ دوسری باری مہایوتی حکومت قائم ہوئی تو مجھے کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا لیکن اب شامل کر لیا گیا ہے۔ اور پھر ایک بار میرے پاس وزارت خوراک ورسد آیا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ شیو تھالی کو بند کرنے کی بات ہو رہی تھی لیکن میں نے وزیر اعلیٰ سے بات کی ہے۔ شیوتھالی کو بند نہیں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ شیو تھالی ادھو ٹھاکرے کے دور میں شروع کی گئی تھی جسے بند کرنے کی بات ہو رہی تھی۔