وائبرنٹ گجرات ریجنل کانفرنس میںوزیر اعظم مودی نے کہا کہ’’ ہم حکومت، صنعت، اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم لائینگے۔‘‘
وزیر اعظم مودی وائبرنگ گجرات ریجنل سمٹ کے دوران ایک اسٹال پر اپنے تاثرات دیتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی
وائبریٹ گجرات ریجنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی اقتصادی اُڑان میں گجرات کا کردار فیصلہ کن ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کے پیچھے گجرات کا مضبوط اور متحرک کردار ایک اہم بنیاد رہا ہے۔ راجکوٹ میں منعقدہ وائبریٹ گجرات ریجنل کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد کلیدی خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس سفر میں گجرات ایک مضبوط ستون کے طور پر ابھرا ہے۔انہوں نے کہا کہ گجرات نے خرد، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ای) سے لے کر عالمی مالیاتی اداروں کو متوجہ کرنے تک ہر شعبے میں ملک کی ترقی کو رفتار دی ہے۔
وزیر اعظم کے مطابق یہ کانفرنس حکومت، صنعت، اسٹارٹ اپس اور سرمایہ کاروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لا کر ہندوستان کی ترقی کو مزید تیز کرنے کا کام کر رہی ہے۔ملک کی اقتصادی مضبوطی پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھنے والی بڑی معیشت ہے، جہاں مہنگائی قابو میں ہے، زرعی شعبہ مسلسل ریکارڈ پیداوار کر رہا ہے اور ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا دودھ پیدا کرنے والا ملک ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان جینرک ادویات کی عالمی تیاری میں بھی صفِ اوّل میں شامل ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور ہوابازی کا بڑا بازار بن چکا ہے۔ میٹرو ریل نیٹ ورک کے لحاظ سے بھی ہندوستان دنیا کے سرفہرست تین ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کی گئی اصلاحات، جیسے اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات اور انکم ٹیکس قانون کی جدید کاری، نے معیشت کو مضبوط کیا ہے اور کروڑوں افراد کو فائدہ پہنچایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی ادارے بھی ہندوستان کی اقتصادی استحکام اور ترقی کی صلاحیت کو تسلیم کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ہندوستان کو عالمی ترقی کا انجن قرار دیا ہے، جبکہ اسٹینڈرڈ اینڈ پورز (ایس اینڈ پی) نے۱۸؍برس بعد ہندوستان کی ریٹنگ میں بہتری کی ہے۔ فِچ ریٹنگز نے بھی ہندوستان کی مالی ساکھ کی ستائش کی ہے۔ عالمی غیر یقینی حالات کے باوجود ہندوستان سیاسی طور پر مستحکم ہے اور اس کا متوسط طبقہ مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔گجرات کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کا پہلا سیمی کنڈکٹر فیبریکیشن پلانٹ دھولیرا میں قائم کیا جا رہا ہے، جو ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد پالیسی ماحول کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کَچھ میں پیرس شہر سے پانچ گنا بڑے رقبے پر ہائبرڈ پاور پارک تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ جام نگر گرین اینرجی کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر، مصنوعی ذہانت اور تحقیق جیسے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے صنعتوں کو تیار افرادی قوت اور قابلِ بھروسہ بجلی کی فراہمی ضروری ہے۔