Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوکیش جنیوا میں اپنے عالمی خطاب کا دفاع کریں گے

Updated: July 29, 2026, 5:01 PM IST | Geneva

ہندوستان کے موجودہ ورلڈ چیمپئن ڈی گوکیش اور چیلنجر جاووخیر سنداروف کے درمیان ۲۰۲۶ء کا فیڈے ورلڈ چیمپئن شپ میچ سوئزرلینڈ کے جنیوا میں ۲۵؍ نومبر سے ۱۵؍ دسمبر تک ہوگا۔

Javokhir Sindarov And Gukesh D.Photo:X
جاوخیر سندروف اور گوکیش- تصویر:ایکس

ہندوستان کے موجودہ ورلڈ چیمپئن ڈی  گوکیش اور چیلنجر جاووخیر سنداروف کے درمیان ۲۰۲۶ء کا فیڈے ورلڈ چیمپئن شپ میچ سوئزرلینڈ کے جنیوا میں ۲۵؍ نومبر سے ۱۵؍ دسمبر تک ہوگا۔ فیڈے نے منگل کو اعلان کیا کہ جب یہ ایونٹ شروع ہوگا، تو ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے گوکیش اور ازبکستان کی نمائندگی کرنے والے سنداروف، دونوں ۲۰؍ سال کے ہوں گے۔ یہ تاریخ کا سب سے کم عمر کا ورلڈچیمپئن شپ مقابلہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:دی اوڈیسی: آئی میکس ۷۰؍ ایم ایم کے تجربے پر شدید تنقید


اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے، فیڈے کے عبوری صدر اور ہندوستان کے وشواناتھن آنند نے کہا’’کئی ممالک نے فیڈے ورلڈ چیمپئن شپ میچ کی میزبانی کرنے میں گہری دلچسپی دکھائی تھی، جن میں ہندوستان، امریکہ اور قبرص شامل ہیں۔ تمام تجاویز پر غور و خوض کے بعد، فیڈے نے میچ کو نیوٹرل جگہ پر منعقد کرنے اور اسے جنیوا لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنیوا ایک ایسا شہر ہے جس کی ممالک اور ثقافتوں کو ایک ساتھ لانے کی تاریخی روایت رہی ہے۔‘‘
 آنند نے کہا’’’ہم سوئزرلینڈ میں گلوبل چیس کمیونٹی کا استقبال کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ مقامی چیس مداحوں کو ورلڈ کلاس چیس کو سامنے  سے دیکھنے کا موقع ملے گا، جبکہ دنیا بھر کے لاکھوں مداح آن لائن اس مقابلے کو دیکھ سکیں گے، کیونکہ چیس کے سب سے بڑے خطاب کے لیے یہ مقابلہ کھیلا جائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:بابر اعظم نے ٹیسٹ کپتانی تینوں فارمیٹس کی قیادت کی شرط پر قبول کی


جنیوا میں ہونے والے اس میچ میں شطرنج کی نئی نسل کے دو بہترین کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے اور داؤ پر ورلڈ چیمپئن شپ کا خطاب ہوگا۔ فیڈے ورلڈ چیمپئن شپ میچ میں ۱۴؍ کلاسیکل گیمز ہوں گے۔ جو کھلاڑی سب سے پہلے ۵ء۷؍ پوائنٹس حاصل کرے گا، وہ میچ جیت جائے گا۔ ایک بار یہ اسکور حاصل ہو جانے کے بعد آگے کوئی گیم نہیں کھیلا جائے گا۔ اگر تمام ۱۴؍ کلاسیکل گیمز کے بعد اسکور برابر رہتا ہے  تو ورلڈ چیمپئن کا فیصلہ ٹائی بریک کے ذریعے کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK