• Sat, 20 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’اِپٹا‘ کے انٹرکالجیٹ مقابلوں میں گلزار کے ’چناب سے راوی تک‘ڈرامہ کواوّل انعام

Updated: September 20, 2025, 10:56 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

’براہماپورہ‘ ڈرامہ نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ اس ڈرامہ کے ہدایتکار کو ’بیسٹ ڈائریکٹر ‘ اوراداکار کو ’بیسٹ ایکٹر‘ کا ایوارڈبھی ملا۔ مقابلوں میں ۲۳؍ کالجوں نے حصہ لیا تھا.

A scene from the first prize-winning drama `Chenab Se Ravi Tak`. Photo: INN
اوّل انعام حاصل کرنے والے ڈرامہ ’چناب سے راوی تک‘ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

’اپٹا‘ ممبئی اور پی ایل دیشپانڈے مہاراشٹر کلا اکیڈمی کے   اشتراک سے۵۲؍ واں انٹر کالجیٹ ڈرامہ مقابلہ میں شہر اور مضافات کے ۲۳؍ کالجوں کے طلبہ نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔جمعرات کو دادر کے رویندر ناٹیہ مندر میں ہونے فائنل مقابلوں میں ہندوستان اور پاکستان کے بٹوارہ کے پس منظر پر گلزار کی اردو کہانی ’راوی پار‘ پر مبنی ڈرامہ ’ چناب سے راوی تک‘نے اوّل انعام  حاصل کیا۔ دوسرا مقام ’براہماپورہ‘ ڈرامہ کو ملا۔
’اپٹا‘ کے بینر تلے ۱۹۷۲ء میں کالجوں کے طلبہ پر مشتمل گروپ کے ذریعہ شروع ہونے والے انٹرکالجیٹ ڈراموں کا ۲۳؍ کالجوں پر مشتمل۵۲؍ واں  ڈرامہ مقابلہ دادر کے رویندرناٹیہ مندر میں اختتام پذیر ہوا ۔ فائنل ڈرامہ مقابلوں میں جن ۶؍ کالج کے طلباء وطالبات نے اپنی اداکاری کےجوہر دکھائے اور زندگی میں پیش آنے والےمختلف شہری مسائل سے لے کر موجودہ دور کی جدید تکنیکی سہولتوں سے آراستہ ہونے کی ہوڑ میں انسانی رشتوں کے تئیں پیدا ہونے والی بے رخی ، دلی جذبات سے بے بہرہ اور بے حسی کو ہی نہیں پیش کیا بلکہ توہم پرستی ،  ہندوستان اور پاکستان بٹوارہ کے دردناک منظر کو بھی انتہائی خوبصورت انداز پیش میں کیا۔
  فائنل مقابلوں میں ’چناب سے راوی تک ‘ ڈرامہ کوسینٹ جان کالج کے طلبہ نے بٹوارہ کے اور اپنوں سے بچھڑنے کے درد کو پیش کرکے اپٹا ممبئی انٹر کالجیٹ ڈرامہ مقابلہ کا پہلا انعام ( بیسٹ پروڈکشن ) اپنے نام کر لیا ۔اوّل انعام جیتنے والے کالج کو ۲۱؍ ہزار نقد انعام سے بھی نوازا گیا ۔ یہی نہیں ’چناب سے راوی تک ‘کے ہیمانشو کپاڈیہ اور میٹھی بائی کالج کے ابھیکلپ گھاگدیکرکو برہما پورہ کے لئےبہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیاجبکہ ’چناب سے راوی‘ ڈرامہ کے لئے طالبہ شیوانگی اپادھیائے کو ’بیسٹ آؤٹ اسٹینڈنگ پرفارمنس‘ کی ٹرافی سے بھی نوازاگیا ۔اوّ ل انعام کی یہ ٹرافی پرتھوی راج کپور کے نام سے منسوب کی گئی ہے ۔ 
زمانہ قدم میں چھوت چھات اور دھرم کے نام پر سیاست و توہم پرستی پر مبنی ڈرامہ ’برہما پورہ ‘جسے میٹھی بائی کالج کے طلبہ نے  پیش کیا تھا ، نے دوسرانعام اپنے نام کیا۔مذکورہ کالج کے روہت کوٹیکر ، روہن کوٹیکر اور رشی کیش موہیتے کو’ بیسٹ ڈائریکٹر‘اور انشیکا  پنگوترا کو ’بیسٹ ایکٹر‘کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیاہے ۔ دوسرے انعام کے لئے بنائی گئی ٹرافی کو منموہن کرشن کے نام سے منسوب کیا گیا  ہے ۔
  اس تقریب میں اپٹا ممبئی کے ۵۲؍ ویں انٹر کالجیٹ ڈرامہ مقابلوں میں بطور جج فرائض انجام دینے والےاداکار اکھلیندر مشرا، لیکھا ملک، وپل مہتا ،ڈرامہ نگار آفتاب حسنین ،اپٹا کے وشنو مہرہ اور نیرج پانڈے کے ہاتھوں فائنل مقابلہ میں شامل کالجوں کے طلبہ  اور دیگر کالجوں کے کئی طلباء و طالبات کو بھی نقد انعام اور سرٹیفکیٹ سے  نوازاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK