لک آؤٹ نوٹس پر ابھیجیت دپکےکا جواب:میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا، احتجاج جاری رہے گا۔ آپ ایک جنتر منتر بند کریں گے ہم ملک بھر میں جنتر منتر قائم کریں گے:رانکا۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 3:00 PM IST | Agency | Nagpur
لک آؤٹ نوٹس پر ابھیجیت دپکےکا جواب:میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا، احتجاج جاری رہے گا۔ آپ ایک جنتر منتر بند کریں گے ہم ملک بھر میں جنتر منتر قائم کریں گے:رانکا۔
یوم آئین کے موقع پر کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے ناگپور کے سمودھان چوک پر زبردست احتجاج منعقد کیا گیا۔ جس میں سی جے پی کے بانی ابھیجیت دپکے، پارٹی کے کنوینر آشوتوش رانکا، فلم اداکار پرکاش راج سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے لیڈران نے ’’بھاجپا ہٹاؤ ، دیش بچاؤ‘‘ کا نعرہ دیتے ہوئے این ڈی اے حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔
’’اگر ہم گرفتار ہوگئے تب بھی آپ احتجاج جاری رکھیں‘‘
یہاں پرہجوم ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ابھیجیت دپکے نے کہا کہ ’’پولیس نے میرے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کئے ہیں۔ میں یہاں موجود ہوں، اب آپ کیا کریں گے؟ مجھے گرفتار کریں گے؟ میں جیل جانے سے نہیں ڈرتا۔ اسی خوف نے جو آپ نے لوگوں کے دلوں میں پیدا کیا ہے، ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔‘‘ انہوں نے سی جے پی کے حامیوں سے اپیل کی کہ اگر پارٹی کے لیڈران کو جیل میں بھی ڈال دیا جائے، تب بھی تحریک جاری رکھی جائے۔انہوں نے مزید کہا، ’’اگر کل ہمیں جیل میں ڈال دیا جائے تو آپ خاموش نہ بیٹھیں۔ اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ یہ ملک آپ سب کا ہے۔ ہمارے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے احتجاج کریں۔‘‘ ابھیجیت دپکے نے کہا کہ مہاراشٹر دہلی کے سامنے نہیں جھکے گا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق یومِ آئین کے موقع پر ناگپور کے مرکزی علاقے میں منعقدہ اس ریلی میںبھیڑ اچھی خاصی تھی، لیکن ماضی قریب میں سی جے پی کی ریلیوں میں جمع ہونے والے ہجوم کے مقابلے میں یہ نسبتاً کم تھی۔ ابھیجیت دپکے نے اپنی تقریر کا آغاز ممبئی دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے کسی شخص کے معاشی یا سماجی پس منظر سے قطع نظر سب کو مساوات کا حق دیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’آپ غریب ہوں یا امیر، آئین کی نظر میں سب برابر ہیں۔ یہ وہ حق ہے جو ہمیں آئین نے دیا ہے۔ آج آپ اسی آئین کے خلاف کھڑے ہیں، جس نے ایک عام آدمی، یہاں تک کہ چائے بیچنے والے شخص کیلئے بھی ملک کا وزیر اعظم بننے کا راستہ ہموار کیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: عمران مسعود کو بیان بازی کے بجائے کام پر توجہ دینے کی ہدایت
’’آپ کس طرح کا ہندوستان بنانا چاہتے ہیں؟‘‘
دِپکے نے اپنے گزشتہ دورے کے دوران گڈچرولی کے اسکولوں اور عوامی بنیادی سہولتوں کی خراب صورت حال کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وہاں طالبات کو ایسے بیت الخلاء استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے جن کے دروازے تک نہیں ہیں، جبکہ بعض اسکولوں میں بینچ جیسی بنیادی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے۔انہوں نے کہا، ’’جب اسکولوں میں بیٹھنے کیلئے بینچ نہیں ہیں اور لڑکیوں کیلئے مناسب ٹوائلٹ تک موجود نہیں ہیں تو آپ کس طرح کا ہندوستان بنانا چاہتے ہیں؟ آپ اپنے دوستوں کی دولت میں اضافہ کررہے ہیں، جبکہ عام لوگوں کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے۔‘‘سی جے پی کے شریک کنوینر آشوتوش رانکا نے کہا کہ ہندوستان جیسے متنوع ملک کو جس نظریاتی سمت کی ضرورت ہے، وہ آئین پہلے ہی فراہم کرچکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پھر ایسی کسی متبادل سیاسی نظریے کی ضرورت کیوں ہے جو آئین کے اصولوں کو کمزور کرے۔انہوں نے کہا، ’’جس دن آئین منظور ہوا، اسی دن نظریے کی بحث ختم ہوجانی چاہیے تھی۔ آئین میں سب کچھ موجود ہے۔ دستور ساز اسمبلی نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ ہندوستان جیسے متنوع ملک کو کس نظریے پر چلنا چاہیے۔‘‘رانکا نے کہا، ’’سب سے پہلے میں بابا صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دوسرا شکریہ مودی کا۔ بابا صاحب نے آئین بنایا، لیکن آپ نے ہمیں یہ دکھا دیا کہ آئین کی ضرورت کیوں ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’ہم صرف ہندوستان کو بچانے کیلئے یہاں نہیں ہیں بلکہ ہندوستان کی تعمیرکیلئے بھی میدان میں ہیں۔۲۰۴۷ء میں ہندوستان کیسا ہوگا، اس کا فیصلہ عوام کریں گے، آپ نہیں۔ آپ ایک جنتر منتر کو بند کرسکتے ہیں، لیکن ہم ملک کے ہر شہر میں جنتر منتر قائم کریں گے۔‘‘رانکا نے یہ بھی اعلان کیا کہ کچھ وقفے کے بعد سی جے پی باضابطہ طور پر اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کررہی ہے۔