مہاوکاس اگھاڑی میں اختلاف۔ این سی پی کی کارگزار صدر سپریہ سُلے نے کہا کہ مجوزہ حد بندی بل کو آنے دیجئے، ہوسکتا ہے کہ اس میں کچھ اچھا ہو۔ راؤت نے کہا کہ جو ڈی لمیٹیشن بل کی حمایت کرتا ہے وہ اتحاد سے باہر ہوجائے۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 3:03 PM IST | Agency | Mumbai
مہاوکاس اگھاڑی میں اختلاف۔ این سی پی کی کارگزار صدر سپریہ سُلے نے کہا کہ مجوزہ حد بندی بل کو آنے دیجئے، ہوسکتا ہے کہ اس میں کچھ اچھا ہو۔ راؤت نے کہا کہ جو ڈی لمیٹیشن بل کی حمایت کرتا ہے وہ اتحاد سے باہر ہوجائے۔
حد بندی بل کے معاملے پر این سی پی کی کارگزار صدر سپریہ سُلے کے موقف سے مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے اندر اختلافات سامنے آنے لگے ہیں۔ این سی پی (شرد پوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سلے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ حدبندی بل کو پیش ہونے دیجئے ، پھر (حمایت یا مخالفت کی) بات کرتے ہیں، ہوسکتا ہے اس میں کچھ اچھا ہو۔ اس معاملے میں این سی پی (شرد)کی جانب سے این ڈی اے حکومت کی حمایت کا اشارہ ملنے کے بعد شیوسینا(ادھو ٹھاکرے )اور کانگریس کی جانب سے ردعمل سامنے آیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق شیوسینا (یوبی ٹی) کے ترجمان اور رکن پارلیمان سنجے راؤت نے سپریہ سُلے کے بیان پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ راؤت نے واضح طور پر کہا کہ اگر کوئی حلقہ بندی (ڈی لیمیٹیشن) بل کی حمایت کرتا ہے تو اسے انڈیا الائنس سے باہر چلے جانا چاہیے۔کانگریس نے بھی سنجے راوت کے بیان کی حمایت کی ہے۔ تاہم شرد پوار کی پارٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی نظریاتی بنیاد پر قائم ہے اور فی الحال بل کے مسودے کا انتظار کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور میں کاکروچ جنتا پارٹی کی’سمودھان بچاؤ ریلی‘ کا انعقاد
کانگریس لیڈر اور قومی ترجمان اتل لونڈھے پاٹل نے کہا کہ ’’سنجے راؤت بالکل صحیح کہہ رہے ہیں۔ سپریا سلے کو حلقہ بندی کے معاملے پر اپنا موقف انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں پیش کرنا چاہیے۔ اس معاملے پر اتحادی جماعتوں کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے۔ باہر بیان بازی کرنا مناسب نہیں ہے۔ اگر کوئی اس بل کی حمایت کرنے کی بات کرتا ہے تو وہ انڈیا الائنس کے ساتھ نہیں ہے۔ اسے اتحاد سے باہر چلے جانا چاہیے۔‘‘
کانگریس اور ادھو ٹھاکرے گروپ کے موقف پر این سی پی (شرد پوار) نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر ششی کانت شندے نے کہا کہ اس طرح کی بحث کرنا مناسب نہیں ہے۔ ان کی پارٹی ایک مخصوص نظریے پر چلتی ہے اور پارٹی کو بی جے پی کی بی ٹیم کے طور پر دیکھنا غلط ہے۔
این سی پی (شرد پوار) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے بھی واضح کیا کہ شرد پوار کا نظریہ شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے اصولوں پر مبنی ہے اور ان کی پارٹی این ڈی اے کے ساتھ نہیں جائے گی۔تاہم انہوں نے سنجے راؤت اور دیگر لیڈران کے بیانات پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ روہت پوار نے کہا کہ ابھی تک حلقہ بندی بل کا مسودہ ہی سامنے نہیں آیا ہے۔ مسودہ سامنے آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ کتنی نشستوں میں اضافہ ہوگا اور حلقہ بندی کی بنیاد کیا ہوگی۔