• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج کانفرنس میں ’غرس کنویں‘ کا خصوصی پویلین، مدینہ منورہ کے نبوی ورثےکو اجاگر کیا

Updated: November 14, 2026, 9:11 AM IST | Medina

سعودی عرب میں چھٹی حج کانفرنس و نمائش کے دوران ’غرس کنویں‘ کے لیے مخصوص پویلین قائم کیا گیا ہے، جہاں اس تاریخی مقام کی مذہبی، تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ یہ کنواں مدینہ منورہ کے ان مقامات میں شمار ہوتا ہے جن کا تعلق رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ سے ہے۔ رسول اللہ ﷺ سے منسوب تاریخی کنویں کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت پر خصوصی نمائش، زائرین کو اس کی تاریخ، مقام اور سیرتِ نبویؐ سے تعلق کے بارے میں معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

سعودی عرب میں چھٹی حج کانفرنس اور نمائش کے دوران مدینہ منورہ کے تاریخی کنویں ’بئرِ غرس‘ کے لیے خصوصی پویلین قائم کیا گیا ہے، جس میں اس کنویں کی تاریخ اور رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ سے اس کے تعلق کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ۱۱؍ نومبر کو اس پویلین میں آنے والے زائرین کو کنویں کے تاریخی پس منظر، اس کے محل وقوع اور اسلامی ورثے میں اس کی اہمیت سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد حجاج اور دیگر زائرین کو مدینہ منورہ کے ان تاریخی مقامات سے روشناس کرانا ہے جو ابتدائی اسلامی تاریخ اور سیرتِ نبویؐ سے وابستہ ہیں۔ بئرِ غرس مدینہ منورہ کے قدیم کنوؤں میں شمار ہوتا ہے اور اسے ان کنوؤں میں خاص مقام حاصل ہے جن کا ذکر رسول اللہ ﷺ کی زندگی سے متعلق روایات میں ملتا ہے۔ تاریخی روایات کے مطابق اس کنویں کا پانی آپؐ نے نوش فرمایا تھا اور اس کے لیے برکت کی دعا بھی کی تھی۔ بعض روایات میں اس کنویں کے پانی سے وضو کرنے اور وضو کا بچا ہوا پانی اس میں ڈالنے کا ذکر بھی ملتا ہے۔ اس کنویں کی اہمیت کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی وفات کے بعد غسل دینے کے لیے اس کے پانی کے سات مشکیزے استعمال کرنے کی ہدایت فرمائی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: قدرتی وسائل پر فلسطینی خودمختاری کے حق میں بھاری اکثریت سے قرارداد منظور

سعودی عرب کے تاریخی و ثقافتی انسائیکلوپیڈیا ’سعودی پیڈیا‘ کے مطابق بئرِ غرس کو بعض تاریخی حوالوں میں ’بئر الاغراس‘ بھی کہا گیا ہے۔ عربی لفظ ’غرس‘ کے معنی پودے لگانے یا درخت اگانے کے ہیں۔ تاریخی معلومات کے مطابق یہ کنواں مالک بن النحاط نے کھدوایا تھا۔ بعد میں اس کا تعلق سعد بن خیثمہ کے خاندان سے رہا، جن کے گھر رسول اللہ ﷺ نے مکہ مکرمہ سے ہجرت کے بعد مدینہ منورہ آمد کے ابتدائی دور میں قیام فرمایا تھا۔ اسی نسبت سے یہ کنواں ابتدائی اسلامی تاریخ اور ہجرتِ نبویؐ کے واقعات سے بھی جڑا ہوا ہے۔ یہ کنواں مدینہ منورہ کے علاقے قبا میں واقع ہے۔ سعودی پیڈیا کے مطابق یہ مسجدِ قبا سے تقریباً ۱۵۰۰؍ میٹر کے فاصلے پر ہے، جبکہ مسجد نبویؐ کے جنوب میں واقع العوالی کے علاقے میں اس کی شناخت ایک اہم تاریخی مقام کے طور پر کی جاتی ہے۔ تاریخی حوالوں میں اس کے پانی کو میٹھا اور خوش ذائقہ قرار دیا گیا ہے۔ بعض روایات میں اس کے پانی کی برکت اور اس سے متعلق رسول اللہ ﷺ کے ارشادات کا ذکر بھی موجود ہے۔ بئرِ غرس کا تحفظ بھی سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے تاریخی اور آثارِ قدیمہ کے مقامات کی بحالی کے منصوبوں کا حصہ ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کی جولائی ۲۰۲۵ء کی رپورٹ کے مطابق اس کنویں اور اس کے اطراف میں ترقیاتی و بحالی کا کام کیا گیا، جس کا مقصد اس کی تاریخی ساخت اور اصل خصوصیات کو محفوظ رکھتے ہوئے زائرین کے لیے سہولتیں بہتر بنانا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق ایسے مقامات کی دیکھ بھال کے ساتھ ان کی تاریخ مستند انداز میں نئی نسلوں اور زائرین تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فجیرہ ٹریفک حادثہ: ۲۳؍ گاڑیوں کے ٹکراؤ میں ۱۴؍ ہلاک،۳۰؍ زخمی

جدہ کے سپرڈوم میں ۸ ؍ سے ۱۱؍ نومبر تک منعقد ہونے والی چھٹی حج کانفرنس و نمائش کا موضوع ’مکہ سے دنیا تک‘ رکھا گیا تھا۔ اس میں حج خدمات، انتظامی سہولتوں اور حجاج کے تجربے کو بہتر بنانے سے متعلق منصوبوں کے ساتھ اسلامی تاریخ اور ثقافتی ورثے سے وابستہ مختلف پویلین بھی شامل کیے گئے۔ بئرِ غرس کا پویلین بھی اسی سلسلے کی ایک کوشش ہے، جس کے ذریعے حجاج کو عبادات اور مناسک کے علاوہ مدینہ منورہ کے تاریخی مقامات اور ان سے وابستہ سیرتِ نبویؐ کے واقعات سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ اس نمائش کی اہمیت اس پہلو سے بھی ہے کہ حجاج کے لیے مقدس مقامات کا سفر صرف مناسکِ حج کی ادائیگی تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی تاریخ، سیرتِ نبویؐ سے وابستہ مقامات اور ابتدائی اسلامی دور کے آثار سے واقفیت بھی ان کے روحانی و علمی تجربے کا حصہ بنتی ہے۔ بئرِ غرس جیسے تاریخی مقامات کی تفصیلات کو ایک منظم نمائش کے ذریعے پیش کرنا اسی تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنے اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کی کوشش ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK