اقوام متحدہ میں پیش کی گئی قرارداد کو یورپی یونین کے تمام رکن ممالک اور کنیڈاکی حمایت حاصل رہی جبکہ امریکہ، اسرائیل، کولمبیا، پیراگوئے اور کچھ دیگر نے حصہ نہیں لیا۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 2:52 PM IST | Agency | New York
اقوام متحدہ میں پیش کی گئی قرارداد کو یورپی یونین کے تمام رکن ممالک اور کنیڈاکی حمایت حاصل رہی جبکہ امریکہ، اسرائیل، کولمبیا، پیراگوئے اور کچھ دیگر نے حصہ نہیں لیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی اقتصادی و مالیاتی امور سے متعلق دوسری کمیٹی نے۱۵۱؍ ممالک کی بھاری اکثریت سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں فلسطینی عوام کے اپنے قدرتی وسائل پر مستقل حق خودمختاری کی توثیق کی گئی ہے۔ قرارداد کی مخالفت میں ۷؍ ووٹ آئے جبکہ ۱۱؍ ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔گروپ آف ۷۷؍ اور چین کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد کو یوروپی یونین کے تمام رکن ممالک اور کناڈاکی حمایت حاصل رہی جبکہ امریکہ، قابض اسرائیل، کولمبیا، پیراگوئے، پلاؤ، ناورو اور مائیکرونیشیا نے اس کی مخالفت کی۔قرارداد میں اپنے قدرتی وسائل پر فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ اور مستقل حقوق کی توثیق کرتے ہوئے قابض اسرائیل سے ان وسائل کا استحصال بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فلسطینیوں کو ان وسائل کے ضیاع سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ قرارداد میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ جنگ کے وقت شہریوں کے تحفظ سے متعلق چوتھے جنیوا کنونشن اور اقتصادی، سماجی و ثقافتی حقوق کا بین الاقوامی معاہدہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر لاگو ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ نے استعفیٰ دے دیا، کولیٹ کریس عبوری سی ای او مقرر
اس قرارداد کی بنیاد عالمی عدالت انصاف کی جانب سے ۱۹؍ جولائی۲۰۲۴ء کو جاری کی گئی اس مشاورتی رائے پر رکھی گئی ہے جو مشرقی مقبوضہ بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں قابض اسرائیل کی پالیسیوں اور اقدامات کے قانونی اثرات سے متعلق ہے۔اسی تناظر میں قرارداد اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ غیر قانونی یہودی بستیوں کا قیام، دیوار کی تعمیر اور دیگر قابض اسرائیلی اقدامات فلسطینی ماحولیات کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ قرارداد میں سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر۲۳۳۴؍ کے تحت تمام ممالک سے اس مطالبہ کا اعادہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے معاملات میں قابض اسرائیل کے علاقوں اور ۱۹۶۷ءسے مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے درمیان واضح فرق رکھیں۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب وزیر ریاض منصور نے کہا کہ قرارداد کے حق میں بھاری اکثریت سے ہونے والی رائے شماری فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق بالخصوص اپنے قدرتی وسائل پر ان کے حق خودمختاری کے لیے عالمی برادری کی حمایت کی تجدید کرتی ہے۔ انہوں نے اس مسودے کی حمایت کرنے والے ممالک کے موقف کی ستائش کی۔