Inquilab Logo Happiest Places to Work

عازمین کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے’ہیلتھ اویئرنیس کٹ‘ متعارف کی گئی

Updated: May 23, 2025, 11:58 AM IST | Agency | Makkah Mukarramah

سعودی وزارت صحت نے ضروری معلومات پرمشتمل یہ کٹ ۸؍ مختلف زبانوں میں متعارف کرائی ہے جس میںاردو زبان بھی شامل ہے۔

The Saudi government is fully prepared and active to provide health services to pilgrims. Photo: INN
عازمین کو صحت کی خدمات فراہم کرنے کیلئےسعودی حکومت پوری متحرک ومستعد ہے۔ تصویر: آئی این این

سعودی عرب کی وزارت صحت نے عازمین حج کی صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کیلئے ضروری معلومات پر مشتمل صحت آگاہی کٹ ( ہیلتھ اویئرنیس کٹ ) ۸؍ مختلف زبانوں میں متعارف کرائی ہےجس میں ایک کٹ اردو زبان میں بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزارت صحت نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ کٹ ۸؍ زبانوں میں دستیاب ہے۔ پوسٹ میں مزید بتایا گیا ’’ ہم عازمین کی صحت کیلئےتمام زبانوں میں یہ سہولت فراہم کررہے ہیں ، عازمین صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کیلئے صحت آگاہی کٹ کا مطالعہ کریں۔ ‘‘اس کثیر لسانی کٹ میں حجاج کرام کے لیے ضروری معلومات شامل ہیں، جیسے گرمی سے متعلقہ بیماریوں سے بچاؤ اور شدید حالات میں صحت کا انتظام، مطلوبہ ٹیکہ کاری(گردن توڑ بخار، کووڈ اور پولیووغیرہ)، دائمی بیماریوں سے متعلق معلومات اور حج کے دوران مفت صحت کی خدمات تک رسائی سے متعلق رہنمائی۔ 
  اس کے علاوہ کٹ میں مختصر ویڈیوز، سوشل میڈیا مواد اور پرنٹ کے قابل پوسٹر بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں، سعودی حکومت نے عازمین کیلئے اضافی سہولیات متعارف کروائی تھیں جیسے منیٰ میں ایئر کنڈیشنڈ خیمے، خاندان کی گنجائش کے مطابق رہائش، بہتر سامان کا نظام اور اعلیٰ معیار کی نقل و حمل کی سہولت وغیرہ۔ 
 عازمین کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کیلئے تقریباً۴۰۰؍ طبی اور نیم طبی افسران کو مخصوص صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات پر تعینات کیا جائے گا، ان میں مکہ میں جدید سہولیات سے لیس اسپتال اور ڈسپنسریاں، اس کے ساتھ ساتھ مدینہ میں ایک اسپتال اور ۲؍ ڈسپنسریاں شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK