Inquilab Logo

حماس اسرائیل تنازع: اسرائیل کا غزہ میں پانی، بجلی اور خوراک بند کرنے کا حکم

Updated: October 09, 2023, 8:13 PM IST | Jerusalem

حماس اسرائیل تنازع کا تیسرا دن۔ غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد ۵۶۰؍ ہوگئی ہے جبکہ ۲؍ہزار ۹۰۰؍ افراد بری طرح زخمی ہیں۔ اسرائیل نے آئرن سوورڈز آپریشن کے تحت فلسطین میں متعدد مقامات کو نقصان پہنچایا ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر۔ عالمی برادری کی ’’تحمل‘‘ کی اپیل۔ عرب لیگ اس معاملے پر بدھ کو تبادلۂ خیال کرے گی۔

Palestinians pulling one of their comrades out of the rubble. Photo: PTI
فلسطینی اپنے ایک ساتھی کو ملبے سے نکالتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

اسرائیل نے فلسطینی حماس گروپ کے ساتھ لڑائی میں شدت کے درمیان غزہ کے ’’مکمل محاصرہ‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل نیوز ویب سائٹ کے مطابق، اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے فوج کے جائزہ اجلاس کے بعد کہا کہ ’’مَیں نے غزہ کے مکمل محاصرے کا حکم دیا ہے۔‘‘گیلنٹ نے مزید کہا کہ ’’وہاں نہ بجلی ہو گی، نہ خوراک، نہ پانی، سب کچھ (غزہ کیلئے) بند ہے۔‘‘ان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر توانائی اسرائیل کاٹز نے علاحدہ طور پر ’’غزہ کو پانی کی سپلائی فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔‘‘کاٹز کا یہ حکم گیلنٹ کے غزہ پر ’’مکمل محاصرے‘‘ کے حکم کے فوراً بعد آیا۔ واضح رہے کہ غزہ کو اسرائیل کے سالانہ پانی کا تقریباً ۱۰؍ فیصد حصہ دیا جاتا ہے۔ آج اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ اس نے غزہ میں رات بھر کے چھاپوں کے دوران۵۰۰؍ سے زیادہ مراکز کو نشانہ بنایا، اور دعویٰ کیا کہ یہ حماس اور اسلامی جہاد کے مراکز تھے۔

غزہ کی ایک عمارت پر اسرائیلی ایئر اسٹرائیک۔ تصویر: پی ٹی آئی

جرمن اور مصری لیڈران کا تنازعات پر تبادلہ خیال 
ایک سرکاری اہلکار کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اسرائیل اور حماس کے بڑھتے ہوئے تنازع پر ’’گہری تشویش‘‘ کا اظہار کیا ہے۔ اسٹیفن ہیبسٹریٹ نے بتایا کہ اتوار کی شام جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ ایک فون کال کے دوران مصری صدر نے ان واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جو پورے خطے کو متاثر کررہے ہیں۔دریں اثنا، جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسرائیل کی طرف سے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کی بالواسطہ حمایت کا اشارہ دیا۔کرسچن ویگنر نے کہا کہ’’اسرائیل کے خلاف دہشت گردانہ حملے مسلسل جاری ہیں۔ بلاشبہ، اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کے تحت ان دہشت گردانہ حملوں کے خلاف مزاحمت اور دفاع کا حق حاصل ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: فلسطین پر اسرائیلی قبضے کی مختصر تاریخ

عالمی بینک نے سالانہ اجلاس شروع ہوتے ہی تنازعات کے خاتمے پر زور دیا
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازع میں تشدد کے واقعات میں ’’حیران کن اضافے‘‘ کے متعلق سخت فکر مند ہے کیونکہ اس جنگ نے مراکش میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ بینک کی سالانہ میٹنگوں کے آغاز پر اثر ڈالا ہے۔ رائٹرز کے جاری کردہ ایک اندرونی ورلڈ بینک میمو میں ’’جانوں کے تباہ کن نقصان، تباہی اور دونوں طرف سے شہریوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا‘‘ کا حوالہ دیا گیا ہے۔

اسرائیلی حملے میں غزہ کی ایک شہید مسجد دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

یاد رہے کہ غزہ میں مقیم مزاحمتی گروپ حماس نے ہفتے کی صبح اسرائیل کے خلاف آپریشن طوفان الاقصیٰ شروع کیا۔یہ اچانک حملہ مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ پر حملے اور آبادکاروں کے تشدد میں اضافے کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔ جوابی کارروائی میں اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں حماس کے خلاف آپریشن سورڈ آف آئرن شروع کیا جس میں ایک لاکھ ۲۳؍ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ ۱۵۹؍ مکانات تباہ اور ایک ہزار ۲۱۰؍ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ محصور غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد ۵۶۰؍ تک پہنچ گئی ہےاور ۲؍ہزار ۹۰۰؍ زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق، اس لڑائی میں کم از کم۷۰۰؍ اسرائیلی ہلاک اور۲۳۰۰؍ سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ایک فلسطینی عمارتوں کے ملبے سے گزرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK