Inquilab Logo

حماس اسرائیل تنازع؛ اسرائیل نے غزہ پر۶؍ہزار بم گرائے ہیں جن کا وزن ۴؍ہزار ٹن ہے

Updated: October 12, 2023, 9:03 PM IST | Jerusalem

اسرائیل کی جانب سے مسلسل بمباری سے فلسطین میں عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں اور۳؍ لاکھ ۳۸؍ہزار فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔ غزہ ملبوں کا ڈھیر بن چکا ہے۔ اسرائیلی فوج نے سنیچر سے اب تک غزہ پر ۶؍ہزار بم گرائے ہیں۔ آئی ایم ایف نے اس جنگ کو عالمی معیشت کے افق پر ایک تاریک بادل قرار دیا۔ ہندوستان نے آزاد فلسطین کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ صہیونی طاقتیں غزہ میں نسل کشی کی کوششیں کررہی ہیں۔

Palestinians pulling an injured youth from the rubble. Photo: PTI
فلسطینی ایک زخمی نوجوان کو ملبے سے نکالتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق بغداد( عراق) کے دورے سے قبل، ایران کے وزیر خارجہ نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ کے خلاف محاصرہ کر کے ’’نسل کشی‘‘ کی کوشش کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ’’آج (اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن) نیتن یاہو اور صیہونیوں کی طرف سے غزہ کے شہریوں کے خلاف جنگی جرائم کے تسلسل، محاصرہ کرنے، پانی اور بجلی منقطع کرنے اور ادویات اور خوراک کے داخلے سے انکار نے ایسے حالات پیدا کر دیئے ہیں کہ صہیونی، غزہ میں نسل کشی کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’آج ہم غزہ میں جس جنگ کا مشاہدہ کر رہے ہیں وہ صرف حماس کے خلاف صہیونیوں کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ تمام فلسطینیوں کے خلاف صہیونیوں کی جنگ ہے۔‘‘

غزہ پر ۶؍ہزار بم گرائے گئے ہیں
اسرائیلی فوج نے سنیچر سے اب تک غزہ (فلسطین) پر تقریباً ۶؍ہزار بم گرائے ہیں جن میں کل ۴؍ہزار ٹن دھماکہ خیز مواد ہے۔ اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’غزہ پٹی پر تقریباً ۶؍ہزار بم گرائے گئے ہیں جن کا کل وزن ۴؍ہزار ٹن ہے۔‘‘ واضح رہے کہ غزہ میں اب تک ایک ہزار ۳۵۰؍ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسرائیل نے پورے شہر پر بمباری کی ہے اور ہزاروں عمارتیں تباہ کردی ہیں۔ ٹی آر ٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق شہر میں ہر طرف ٹوٹی ہوئی عمارتوں کا ملبہ ہے۔

ایک فلسطینی بچوں کے ساتھ اپنے مکان کے ملبے کے سامنے۔ تصویر: پی ٹی آئی

اسرائیل حماس کی جنگ عالمی معیشت پر ’’نیا بادل‘‘ ہے: آئی ایم ایف
اسرائیل حماس جنگ مراکش میں آئی ایم ایف۔ ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں پر سایہ فگن ہوگئی ہے۔ اس سے پہلے ہی سے سست عالمی معیشت مزید سست ہوجائے گی۔ مراکش میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ بہت قریب سے نگرانی کر رہا ہے کہ صورتحال کس طرح بہتر کی جاسکتی ہے۔ یہ جنگ تیل کے بازار کو متاثر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازع کے اثرات کا قبل از وقت اندازہ لگانا مشکل ہے لیکن عالمی معیشت پر یہ ایک ’’نیا بادل‘‘ ہے جس سے تاریکی مزید گہری ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: فلسطین پر اسرائیلی قبضے کی مختصر تاریخ

ہندوستان نے آزاد فلسطین کی حمایت کا اعادہ کیا
خیال رہے کہ ہندوستان نے اسرائیل میں حماس کے حملے کو ’’دہشت گردانہ کارروائی‘‘ قرار دیا ہے۔ ملک کی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے آزاد فلسطین کےاپنے دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے کہا  کہ ’’ہندوستان نے اسرائیل کے ساتھ امن برقرار رکھتے ہوئے ، محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں کے دائرے میں ایک خودمختار، آزاد اور قابل عمل ملک فلسطین کے قیام کیلئے براہ راست مذاکرات کی بحالی کی وکالت کی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK