Inquilab Logo Happiest Places to Work

حماس نے مغربی کنارے پر اسرائیلی جارحیت پر عالمی خاموشی پر تنقید کی

Updated: March 02, 2025, 4:08 PM IST | Gaza

حماس نے مقبوضہ ویسٹ بینک میں اسرائیلی جارحیت پر عالمی خاموشی کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی گروپ نے اقوام متحدہ اور اس کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ذریعےبین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے فوری اور مؤثر کارروائی کریں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مقبوضہ ویسٹ بینک میں پناہ گزین کیمپوں میں جبری بے دخلی اور گھروں کی تباہی سمیت فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جرائم پر عالمی خاموشی کے نتائج سے خبردار کیا ہے۔ گروپ نے مقبوضہ ویسٹ بینک کے شمالی علاقے طولکرم کے مشرق میں واقع نور شمس کیمپ میں گھروں اور رہائشی عمارتوں کی تباہی کے ساتھ فلسطینیوں کو بندوق کی نوک پر بے دخل کرنے کی مذمت کی۔  حماس نے اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور دنیا کی نظروں کے سامنے کیا گیا ایک واضح جنگی جرم قرار دیا۔ساتھ ہی حماس نے مقبوضہ ویسٹ بینک میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور فلسطینیوں کے خلاف منظم دہشت گردی کی بھی مذمت کی، اور انہیں مزاحمت کے عزم کو توڑنے کی مایوسانہ اور بے نتیجہ کوششیں قرار دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: اسرائیل کو۳؍ ارب ڈالر کے ہتھیاراور وار ہیڈ ،فروخت کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ سنیچر کی صبح، اسرائیلی فوج نے نور شمس پناہ گزین کیمپ کے المنشیہ محلے میں ۱۱؍گھروں کی دیواریں گرائیں، جہاں گزشتہ ۲۱؍دنوں سے فوجی کارروائی جاری ہے۔اس وحشیانہ کارروائی میں کم از کم۶۴؍ افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔ فلسطینی حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ کارروائی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کی ویسٹ بینک کو ضم کرنے اور اس پر خودمختاری کا اعلان کرنے کی وسیع تر منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔  

یہ بھی پڑھئے: فلسطین: رمضان المبارک میں مسجد اقصیٰ ضرور جائیں: حماس کی فلسطینیوں سے اپیل

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق،۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء کو غزہ پر حملے کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ ویسٹ بینک میں اسرائیلی فوج اور غیر قانونی یہودی آبادکاروں کے حملوں میں کم از کم ۹۲۷؍فلسطینی شہیداور تقریباً۷۰۰۰؍ زخمی ہو چکے ہیں۔اس سے قبل بین الاقوامی عدالت انصاف نے جولائی میں اعلان کیا تھا کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی طویل مدتی قبضہ غیر قانونی ہے، اور ویسٹ بینک اور مشرقی یروشلم میں تمام غیر قانونی یہودی آبادکاریوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK