Inquilab Logo

ایرنڈول جامع مسجدکی چابی انتظامیہ کے حوالے کرنے سے عبادت میں کوئی خلل نہیں ہوگا

Updated: April 07, 2024, 9:49 AM IST | Sharjeel Qureshi | Mumbai

قانون کے مطابق میونسپل اہلکار روزانہ سورج نکلنے پر مسجد کا صدر دروازہ کھولیں گے اور عشا سے قبل بند کردیں گے، نماز بدستور جاری رہے گی۔

Erandol Jama Masjid. Photo: INN
ایرنڈول جامع مسجد پر شرپسندوں کی نظر ہے۔ تصویر : آئی این این

جلگائوں ضلع کے ایرنڈول میں واقع جامع مسجد کی چابیاں عدالت نے مقامی انتظامیہ کے سپرد کرنے کا حکم سنایا ہے جسکے خلاف مسجد کے ذمہ داران نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن مسجد کے ٹرسٹیان کا کہنا ہے کہ عدالت کے حکم سے مسجد میں جاری نماز اور دیگر عبادتوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا وہ حسب حال جاری رہیں گی۔ البتہ ٹرسٹ کے سپریم کورٹ سے رجوع کا مقصد اتنا ہے کہ اگر چابیاں مسجد انتظامیہ کے پاس رہیں تو بہتر ہے جیسا کہ اب تک کا معمول تھا۔ 
یاد رہے کہ ۴؍ اپریل ۲۰۲۴ء کو بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے ایرنڈول جامع مسجد کے تنازع میں حتمی فیصلہ سناتے ہوئے مسجد کے صدر دروازے کی چابیاں میونسپل کارپوریشن کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کے فیصلے کی کاپی اب تک جاری نہیں کی گئی ہے البتہ انقلاب نے چیف ٹرسٹی الطاف خان اور ایڈوکیٹ ایس ایس قاضی سے گفتگو کی تو معلوم ہواکہ ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ نے مسجد کے صدر دروازے کی چابی ۱۳؍ اپریل تک مقامی بلدیہ کے حوالے کرنے کیلئے کہاہے لیکن مسجد کی چابی انتظامیہ کے حوالے کرنے سے مسجد میں کی جانے والی عبادت میں کوئی فرق نہیں آئے گا اور نہ ہی اس پر کسی بھی قسم کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہاں معمول کے مطابق ۵؍ وقت کی نماز با جماعت ادا کی جائے گی، البتہ نماز فجر اور عشاء کی ادائیگی کیلئے مصلیان اور امام و موذن کا مسجد میں داخلہ عقبی دروازے سے ہوگاجو کہ ابھی تک کا معمول ہے۔ الطاف خان نے واضح کیا کہ چابی انتظامیہ کے حوالے کرنے پرکوئی شر پسند ی نہ ہو یا مسجد میں عبادت میں کوئی فرق نہ پڑےاسلئےسپریم کورٹ سے رجوع کیا جارہا ہے۔ 
 قانون کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے اہلکار روزانہ سورج نکلنے کے بعد مسجد کا صدر دروازہ کھول دیں گے۔ اور عشا ء کی نماز سے قبل اسے بند کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ۱۹۹۵ء میں یہاں فساد ہوا تھا جس میں شر پسندوں نے مسجد کے دروازے میں آگ لگا دی تھی جسکے بعد عارضی ڈیویژنل مجسٹریٹ نے چابیاں کارپوریشن انتظامیہ کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسی حکمنانے کے مطابق عدالت نے چابیاں انتظامیہ کو سونپنے کا حکم دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK