• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہریانہ اسمبلی نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی حمایت میں متفقہ قرار دا د پاس کی

Updated: February 21, 2024, 4:28 PM IST | Chandigarh

آج ہریانہ اسمبلی نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی حمایت میں متفقہ قرار داد پاس کی ہے۔ ایوان اسمبلی میں کانگریس اور جے جے پی نے بھی قرار داد کی حمایت کی۔ایوان میں ’جے شری رام ‘ کے نعرے بھی لگائےگئے اور رام مندر کی تعمیرکا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کے سرباندھا گیا۔

haryana assembly. photo:INN
ہریانہ اسمبلی ۔ تصویر: آئی این این

ہریانہ اسمبلی نےآج متفقہ طور پر ایودھیا میں رام مندر کی تعریف کرتے ہوئے قرار داد منظور کی۔ وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے سرکاری قرار داد پیش کی جس کی حمایت بی جے پی کے اتحادی جن نائک جنتا پارٹی ( جے جے پی)اور حزب اختلاف کی کانگریس پارٹی نے کی۔کھٹر نے رام مندر سے جڑی جدوجہد کا ذکر کیا اور کہا کہ رام کی روح ملک کے کونے کونے میں سمائی ہوئی ہے۔بی جے پی کے اراکین نے ایودھیا میں نئے تعمیر شدہ رام مندر کی شاندار تقریب کے انعقاد پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ انل وج نے کہا ’’ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری زندگی میں رام مندر کی تعمیر ہوئی ہے۔ماضی میں کئی احتجاج ہوئے ، ایسے ہی ایک احتجاج کے دوران مجھےلکھنؤ سے گرفتار کیا گیا اور انائو میں ۱۵؍ دن کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔‘‘
وج نےرام مندر کی تعمیر کا سہرا بھی مودی کےسر باندھا اور کہا کہ ان کی قابل قیادت کی وجہ سے ہی عدالت کے فیصلہ کے بعد ایک عظیم الشان مندر تعمیر کیا گیاہے۔قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے حزب اختلاف کے لیڈر اور کانگریس کے بھو پیندر سنگھ ہڈا نے کہا کہ رام سب کے ہیں۔
کانگریس کے دیگر ارکان میں رگھو ویر سنگھ کڈیان ، نیرج شرما ، بی بی بترا ،کرن چودھری اور چرنجیویرائو نے بھی قرار داد کی حمایت کی۔
جے جےپی کےرام کمار گوتم نے کہا کہ حزب اختلاف کو رام مندر کیلئے ان کی کو ششوں کیلئے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کر نا چاہئے۔جے جے پی کے ایک اور سینئر لیڈر ایشور سنگھ نے بھی قرار داد کی حمایت کی ۔کانگریس کے لیڈر کرن چودھری نے کہا کہ ’’رام ہماری رگ رگ میں ہیں اور ہر جگہ ان کا بسیرا ہے۔‘‘آزاد رکن اسمبلی بلراج کنڈو نے کہا ’’ میں اپنے دل کی گہرائی سے قرار داد کی حمایت کرتا ہوں۔‘‘ 
بی جےپی کے ارکان نے کہا کہ ایودھیا میں رام کی جائے پیدائش پر ان کے عظیم مندر کی تعمیر ملک کیلئے  تاریخی اور شاندار کارنامہ ہے۔بی جے پی ارکان اسمبلی نے ایوان میں ’ جے شری رام ‘ کے نعرے لگائے جس کے جواب میں متعدد کانگریسی ارکان نے بھی نعرے لگائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK