• Tue, 10 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تمل ناڈو میں ٹاٹا کا۹؍ ہزار کروڑ کا کارمینوفیکچرنگ پلانٹ

Updated: February 10, 2026, 1:08 PM IST | Agency | New Delhi

وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے افتتاح کیا، پہلی بارجاگوار لینڈ رووَر کاریں پوری طرح ہندوستان میں تیار ہونگی،سالانہ ۲؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار گاڑیاں تیارکرنے کا ہدف

Chief Minister MK Stalin And Tata Sons Chairman N Chandrasekaran At The Inauguration Of The Factory In Ranipet .Photo:INN
وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن اور ٹاٹا سنس کے چیئرمین این چندر شیکھرن رانی پیٹ میں فیکٹری کے افتتاح کے موقع پر- تصویر:آئی این این

ہندوستان کیلئے نئے سنگ میل کو پار کرتے ہوئے ٹاٹا سنس نے  پیر کو تمل ناڈو کے رانی پیٹ میں ۹؍ ہزار کروڑ کی لاگت سے تیار کئے گئے  کار مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کیا۔  پہلی بار پریمیئم آٹو موبائل شعبے میں ہندوستان  جاگوار لینڈ رووَر (جے ایل آر) کاروں کی مکمل  تیاری ہندوستان میں  ہی کرے گا۔ ضلع رانی پیٹ میں  جدید ترین گرین فیلڈ مینوفیکچرنگ فیکٹری کا افتتاح کیا وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ یہ ملک میں لگژری الیکٹرک ایس یو وی کی مکمل تیاری کا پہلا مرکز ہے۔ 
وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے چنئی سے ۹۰؍ کلو میٹر کی دوری پر واقع ۴۷۰؍ ایکٹر پر پھیلے ہوئے  اِس یونٹ  کا  افتتاح کرنے کے بعد فیکٹری  سے پہلی کارخود ڈرائیو کرتے ہوئے نکالی جس میں فرنٹ سیٹ پر ان کے ساتھ ٹاٹا سنس کے چیئر مین  این چندر شیکھرن بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ تمل ناڈو میں اس یونٹ کی  تیاری کیلئے  ریاستی حکومت اور ٹاٹا سنس  کے درمیان معاہدہ مفاہمت مارچ ۲۰۲۴ء کو ہوا تھا جبکہ فیکٹری کا سنگ بنیاد اُسی سال ستمبر میں رکھا گیاتھا۔ محض  ۱۸؍ مہینوں میں فیکٹری بن کر تیار ہوگئی اور ۹؍ فروری کو فیکٹری سے پہلی کار  تیار ہوکر باہر نکلی۔  اس فیکٹری کو عالمی آٹوموبائل مینوفیکچرنگ  کے شعبے میں  تمل ناڈو کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھرنے کی علامت بھی قرار دیاجارہاہے۔ 
۹؍ ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تیار  اس فیکٹری میں  سالانہ  ۲ء۵؍  لاکھ گاڑیاں  تیار کی جاسکتی ہیں اور  اس سے تقریباً۵؍ ہزار  افراد کو براہِ راست اور بالواسطہ روزگار ملنے کی  امید ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ: پاکستان حکومت کا یوٹرن! ۱۵؍ فروری کو ہند-پاکستان میچ ہوگا

یہ پلانٹ مکمل طور پر گرین انرجی سے چلایا جائے گا اور اس میں روایتی انجن والی اور الیکٹرک گاڑیاں دونوں تیار کی جائیں گی، جن میں پریمیئم جاگوار لینڈ روور ماڈلس بھی شامل ہوں گے۔  اس کے علاوہ ٹاٹا موٹرز کی منتخب مسافر گاڑیاں بھی ہندوستانی اور عالمی منڈی کے لیے تیار کی جائیں گی۔ جاگوار لینڈ روور (جے ایل آر) کی پونے کی فیکٹری کے برعکس جہاں  گاڑیوں کی مکمل تیاری کے بجائے  اسمبلنگ  ہوتی ہے، رانی پیٹ کا پلانٹ مکمل مینوفیکچرنگ یونٹ ہےجس کی بدولت پہلی بار ایک مکمل پریمیئم کار کسی  ہندوستانی فیکٹری سے تیار ہو کر نکلے گی۔ ٹاٹا موٹرس۔ جاگوار لینڈ روور (جے ایل آر) مسافر گاڑی مینوفیکچرنگ پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ  اسٹالن نے کہا کہ ٹاٹا گروپ نے ملک کی تعمیر و ترقی میں طویل عرصے سے اہم کردار ادا کیا ہے اور تمل ناڈو کے ساتھ اس کا  تاریخی اور مضبوط  رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی کار مینوفیکچرنگ فیکٹری کا افتتاح  عالمی معیار کی آٹوموٹیو مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تمل ناڈو کی شمولیت کا اعلان بھی  ہے۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا میں اسرائیلی صدر کے دورے کے خلاف مظاہرہ

اس موقع پر  ٹاٹا سنز اور ٹاٹا موٹرز پیسنجر وہیکلز لمیٹڈ کے چیئرمین این چندر شیکھرن نے کہا کہ نئی فیکٹری کا افتتاح کمپنی کے  سفر میں اہم سنگِ میل ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہم تمل ناڈو کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ یہ  ایک ایسی ریاست ہے  جو صنعتی برتری، جدت اور جامع ترقی کو راہ دیتی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK