• Fri, 08 December, 2023
  • EPAPER

شیو سینا کے اراکین کی دَل بدلی پر آج سے شنوائی

Updated: September 25, 2023, 11:32 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اسپیکر راہل نارویکر دوپہر۳؍ بجے ودھان بھون میں سماعت کریں گے۔

Rahul Narwekar.Photo. INN
راہل نارویکر۔ تصویر:آئی این این

سپریم کورٹ کی سرزنش کےبعد مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر بالآخر پیر سے شیوسینا کے اراکین اسمبلی کی دَل بدلی کے معاملے کی شنوائی کریں  گے۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے سابقہ سماعت میں ایکناتھ شندے کے ساتھ جانے والے ۱۶؍ اراکین کی دل بدلی پر فیصلہ نہ کرنے پر اسپیکر پر برہمی کااظہار کیا تھا مگر ودھان بھون کی جانب سے جونوٹس جاری کیاگیا ہے وہ شیوسینا کے ٹکٹ پر منتخب ہونےوا لے تمام ۵۴؍ اراکین کو جاری کیاگیاہے۔ 
سماعت دوپہر ۳؍بجے سے ودھان بھون میں سماعت شروع ہو گی۔شیوسینا کے تمام اراکین کو سماعت میں حاضر رہنے کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر ہی نہیں   پورے ملک کی نگاہیں  اسپیکر کےفیصلے پر ٹکی ہوئی ہیں ۔ سپریم کورٹ شندے گروپ کے بھرت گاگاؤلےکا وہپ نا منظور کر دیا تھا۔ اگر شندے خیمے کے اراکین اسمبلی کی رکنیت کالعدم قرار دی جاتی ہے تو ایکناتھ شندے سرکار گر سکتی ہے، اسی لئے اُدھو ٹھاکرے گروپ جلد از جلد فیصلے کامطالبہ کر رہا ہے۔معاملے کی شنوائی شروع کرنے سے قبل اسپیکر راہل نارویکر دہلی کا دورہ کرچکے ہیں جس پر ہونے والی چہ میگوئیوں  کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اسے پہلے سےطے شدہ دورہ قرارد یا۔ اس سلسلے میں اسپیکر راہل ناوریکر نے ایک مراٹھی نیوز چینل سے بات چیت میں  بتایا کہ’’ مَیں جو فیصلہ کروں  گا وہ اصولوں سے ہٹ کر نہیں ہوگا۔سماعت اور فیصلہ میں جتنا وقت درکار ہوگا اتنا وقت مَیں ضرور لوں گا۔‘‘ فیصلے میں  تاخیر پر سپریم کورٹ کی برہمی کےبیچ کسی کا نام لئے بغیر نارویکر نے کہا کہ ’’ مجھے نہیں لگتا کہ فیصلہ کیلئے کوئی بھی ادارہ مجھ پر دباؤ ڈال سکتا ہے۔‘‘انہوں   نے کہا ہے کہ ’’مَیں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میرا فیصلہ اصول و قانون اور آئین میں مجھے فراہم کئے گئے اختیارات کے مطابق ہوگا۔‘‘
مہاراشٹر میں   اقتدارکی تبدیلی کو چیلنج کرنے کے معاملے پر سماعت کے دوران ۱۱؍ مئی کو سپریم کورٹ نے ایکناتھ شندے خیمے کے وہپ کو مسترد کردیا تھا اور شندے سمیت ۱۶؍ اراکین اسمبلی کی رکنیت کے معاملے پر اسپیکر راہل نارویکر کو فیصلے کی ہدایت دی تھی۔اس ہدایت کے بعد طویل عرصہ تک اسپیکر کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ ہونے پر اُدھو ٹھاکرے خیمے کے رکن اسمبلی سنیل پربھو نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے جس پر عدالت نے اسپیکر کوایک ہفتہ میں سماعت شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اسپیکر کا کہنا ہے کہ یقینی طو رپر سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل طور پر عمل کیاجائے گالیکن اس کیلئے ہم کسی بھی طرح کی جلد بازی نہیں کریں گے۔تمام اصولوں  کو ملحوظ رکھا جائےگا اور سب کو اپنا موقف پیش کرنے کا پورا موقع دیاجائے گا ۔ انہوں  نے یقین دہانی کرائی کہ کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب ٹھاکرے خیمے کے رکن پارلیمان اور ترجمان سنجے راؤت کا کہنا ہے کہ ’’مہاراشٹر میں کھلے عام قانو ن کے خلاف ورزی ہوئی ہے اور اسپیکر سیاسی کھیل کر رہے ہیں ۔سپریم کورٹ کے فیصلہ کے باوجود اگر اسپیکر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ بادشاہ ہیں اور وہ جو کریں گے و ہی ہوگا ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ ایک دن یہ بادشاہت ختم ہو جائے گی۔‘‘ اسپیکر کو یہ فیصلہ کرنا ہےکہ ایوان میں شیوسینا کا اصل گروپ لیڈر کون ہوگا؟ اور وہپ کس کی نافذ ہوگی۔ سنیل پربھو (ٹھاکرے گروپ) یا بھرت گوگاؤلے( شندے) کی ؟ یہی فیصلہ رکنیت کالعدم کرنے کی بنیا د بنے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK