Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراٹھواڑہ اور ودربھ میں ہیٹ ویو کا الرٹ

Updated: June 15, 2026, 12:12 PM IST | Agency | Pune

خاندیش میں بھی مانسون کی آمد میں تاخیر ۔ دن کا درجہ حرارت۳۹؍ سے۴۲؍ ڈگری سیلسیئس کے درمیان رہے گا۔مغربی مہاراشٹر میں مانسون کی پیش رفت رک گئی۔

Heat wave : Picture INN
گرمی کی لہر۔ تصویر:آئی این این
محکمہ موسمیات  نے اشارہ دیا تھا کہ ریاست میں مانسون ۱۲؍جون تک تین سے چار دنوں میں مزید آگے بڑھے گا۔ تاہم ۱۳؍جون  کو اپ ڈیٹ میں مہاراشٹر کا نام اچانک ہٹا دیا گیا۔۱۳؍ جون کے خبروں میں کرناٹک، تلنگانہ ، مغربی بنگال ،آندھراپردیش ، ادیشہ اور جنوبی چھتیس گڑھ کے حصوں میں۲،۳؍دن کے اندر مانسون کی آمد کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ لیکن مہاراشٹر کا ذکر نہیں کیا۔ اس کے بجائے  ریاست کیلئے ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی گئی۔ اس سے مہاراشٹر کی صورتحال پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
مانسون آگے کیوں نہیں بڑھ رہا ہے؟
سیٹیلائٹ کی تصویروں سے پتہ چلتا ہے کہ مہاراشٹر پر بارش کرنے والے بادل نہیں ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ریاست میں مانسون کی پیش قدمی۱۹؍ سے۲۰؍ جون تک تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ نوبھارت ٹائمز کی خبر کے مطابق مہاراشٹر میں ایک اینٹی سائیکلونک سرکولیشن قائم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے گرم ہوا باہر دھکیل رہی ہے۔ یہ گرم ہوائیں بارش کے بادلوں کی تشکیل میں رکاوٹ ہیں۔ اس وقت شمال مغرب سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ مغرب سے آنے والی ہواؤں میں نمی کا تناسب بہت کم ہے۔ اس کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرارت بلند ہو گیا ہے لیکن بارش کیلئے نمی کی سطح ناکافی ہے۔
درجہ حرارت میں اضافہ
ریاست کے اندرونی علاقوں میں  کم از کم درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ہے اور زیادہ سے زیادہ اور اوسط درجہ حرارت کے درمیان کافی فرق ہے۔ احمد نگر میں۴؍ڈگری، مالیگاؤں میں ۴،۴؍ڈگری، ستارا میں ۴ء۵؍ ڈگری  اور سانگلی میں۴ء۱؍ ڈگری سیلسیئس کا فرق ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
علاقائی محکمہ موسمیات کی گزشتہ روز کی پیش گوئی کے  مطابق ممبئی، تھانے، پال گھر اور رائے گڑھ اضلاع میں ۱۶؍ جون تک ہوا گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ حالانکہ بھاری بارش کی توقع نہیں ہے۔ ریاست کے دیگر مقامات   ناسک، احمدنگر، اورنگ آباد اور جالنہ  میں اتوار کو گرج چمک کے ساتھ طوفان کی وارننگ جاری کی گئی  تھی۔ ودربھ میں اتوار اور پیر کو اکولہ، امراوتی، بلڈانہ   اور واشم میں گرمی کی لہر متوقع ہے۔
 
 
مغربی مہاراشٹر میں موسم کیسا رہے گا؟
اگرچہ کوکن اور جنوبی مہاراشٹر میں مانسون پہنچ چکا ہے لیکن مغربی مہاراشٹر میں اس کی پیش رفت رک گئی ہے۔ پونے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۶؍ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ کولہاپور اور دیگر گھاٹ  والے علاقوں میں پری مانسون بارش ہونے کا امکان ہے۔
 
 
خاندیش میں موسم
خاندیش میں بھی مانسون کی آمد میں تاخیر ہوئی ہے اور دن کا درجہ حرارت۳۹؍   سے۴۲؍ ڈگری سیلسیئس کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ دن بھر موسم ابر آلود اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ اگرچہ آنے والے ہفتوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے لیکن لوگوں کو بھاری بارشوں کیلئے جولائی کے آخر تک انتظار کرنا پڑے گا ۔ اس دوران انہیں گرمی برداشت کرنی پڑے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK