• Mon, 28 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی میں شدید بارش اور طوفان،۵۶؍ افراد ہلاک، ہزار سے زائد مکانات متاثر

Updated: September 28, 2026, 11:59 AM IST | Agency | Luckhnow

۵۶؍ اضلاع میں سیلابی صورتحال ، انتظامیہ نے راحت اور بچاؤ کے کام تیز کر دیے ہیں، گزشتہ دودنوں میں معمول سے۷۷۵؍ فیصد زیادہ بارش۔

In the Sangam area of ​​Allahabad, people are moving to safer locations with their belongings as the river`s water level rises. Photo: INN
الہ آباد میںسنگم کے علاقے میںندی کی سطح آب بڑھنے سے لوگ بوریابستر کےساتھ محفوظ مقام پر منتقل ہورہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

اتر پردیش میں گزشتہ ۴۸؍ گھنٹوں سے جاری شدید بارش اور خراب موسمی حالات نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ شدید بارش، آندھی اور طوفان کے باعث ریاست میں اب تک۵۶؍ افراد کی موت ہوچکی ہےجبکہ۴۶؍ افراد کے زخمی ہونے اور۱۰۷؍ مویشیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ۱۰۲۱؍ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں راحت اور بچاؤ کے کام تیز کر دئیے گئے ہیں۔ریاست کے ریلیف کمشنر ڈاکٹر ہریشیکیش بھاسکر یشود نے اتوار کو متاثرہ اضلاع کے ضلع مجسٹریٹوں اور ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹوں سے رابطہ کرکے راحت و بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کا فوری اور حساسیت کے ساتھ ازالہ کیا جائے اور راحت رسانی کے کام میں کسی بھی سطح پر لاپروائی نہ برتی جائے۔

یہ بھی پڑھئے:گیانیش کمار پر سوال برقرار، جواب ’اقبال ِجرم‘ بن گیا

ریلیف کمشنر نے ضلع مجسٹریٹوں کو متاثرہ خاندانوں سے براہ راست رابطہ کرنے اور ذاتی طور پر ملاقات کرکے ان کی ضروریات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مند افراد کو فوری مدد فراہم کی جائے اور راحت و بچاؤ کے کاموں کیلئے وقت مقرر کرکے کارروائی یقینی بنائی جائے۔ریلیف محکمہ کے مطابق ۲۵؍ سے ۲۷؍ستمبر کی صبح تک ریاست میں ۶۶ء۵؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس مدت میں معمول کی بارش صرف۷ء۶؍ ملی میٹر ہوتی ہے۔ اس طرح ریاست میں بارش معمول سے۷۷۵؍ فیصد زیادہ رہی۔ اتر پردیش کے ۷۵؍میں سے ۵۶؍اضلاع میں انتہائی زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں ۔ ۱۰۷۰؍ ہیلپ لائن نمبر جاری کیاگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK