درجہ حرارت میں کمی سے عوام کو راحت ،ممبئی سے قریب واقع چھوٹی جھیلوں پر اچھی لیکن شہر سے دور بڑی جھیلوں پر کم بارش، ہوائی جہاز کے مسافروں کو سفر شروع کرنے سے قبل پروازوں کے اوقات میں تبدیلی کی تصدیق کرنے کا مشورہ
EPAPER
Updated: August 18, 2025, 10:49 AM IST | Iqbal Ansari/Shahab Ansari | Mumbai
درجہ حرارت میں کمی سے عوام کو راحت ،ممبئی سے قریب واقع چھوٹی جھیلوں پر اچھی لیکن شہر سے دور بڑی جھیلوں پر کم بارش، ہوائی جہاز کے مسافروں کو سفر شروع کرنے سے قبل پروازوں کے اوقات میں تبدیلی کی تصدیق کرنے کا مشورہ
محکمہ موسمیات نے پیر کیلئے ممبئی اور اطراف کے علاقوں کیلئے ’اورینج‘ اور ’ریڈ‘ الرٹ جاری کرتے ہوئے زیادہ تر وقت مطلع ابر آلود رہنے اور تیز سے موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی تلسی جھیل بھر کر چھلک گئی ہے۔اتوار کی دوپہر محکمہ موسمیات نے پیر کیلئے ممبئی، تھانے اور پال گھر کیلئے ’اورینج الرٹ‘ جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا جبکہ رائے گڑھ اور رتنا گیری کیلئے ’ریڈ الرٹ‘ جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ۱۶؍ سے ۲۱؍ اگست تک ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں اچھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ماہرین کی توقع کے مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کئی علاقوں میں اچھی بارش ہوئی البتہ دن کے اوقات میں برسات کا زور کم رہا۔
گرمی سے راحت
اتوار کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں قلابہ میں واقع مشاہدہ گاہ میں ۵۵؍ ملی میٹر اور سانتا کروز میں ۲۴؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ پھر صبح سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک قلابہ میں ۲۰ء۴؍ اور سانتا کروز میں ۲۰ء۹؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی قلابہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۶ء۸؍ ڈگری اور سانتا کروز میں ۲۶ء۳؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ درجہ حرارت میں کمی سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے۔
زیادہ ہائی ٹائیڈ نہ ہونے سے راحت
واضح رہے کہ سنیچر تک گزشتہ تقریباً ۴۸؍ گھنٹوں میں ممبئی میں ۳۵۰؍ سے ۴۰۰؍ ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی اور اتنی بارش کے مقابلے سڑکوں پر پانی بھرنے کے واقعات کم رونما ہوئے۔ البتہ لوگ اسے بی ایم سی کی کامیابی کے بجائے قدرت کی مہربانی قرار دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق اتنی بارش کے دوران مد و جزر کے اوقات میں اگر ساڑھے ۴؍ میٹر سے زیادہ اونچی لہریں اٹھتیں یعنی اتنی ہائی ٹائیڈ ہوتی تو شہر میں زیادہ پانی بھر جاتا۔ تاہم اس دوران ایسا نہ ہونے سے بارش کا پانی آسانی سے سمندر میں چلا گیا، ورنہ برسات کے پانی کی نکاسی کے موجودہ نظام میں شہری علاقوں میں زیادہ پانی بھر سکتا تھا۔
ساکی ناکہ، اندھیری سمیت مضافات کے مختلف علاقوں اور دہیسر ناکہ پر رات کے وقت پانی بھر گیا تھا لیکن صبح ہونے تک بارش کا زور کم ہونے کے ساتھ سڑکوں سے پانی خالی ہوگیا جس کے سبب لوگوں کو پریشانی نہیں ہوئی۔
تلسی جھیل چھلک گئی
بھاری بارش کے دوران سنیچر کی شام ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں سب سے چھوٹی تلسی جھیل چھلک گئی۔ واضح رہے کہ اس جھیل سے ممبئی کو محض ایک فیصد پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔ اس کے برخلاف جو جھیلیں ممبئی سے دور واقع ہیں اور بڑی ہیں ان پر بارش کم ہورہی ہے۔ اگرچہ مجموعی طور پر ان میں اتوار کی صبح ساڑھے ۶؍ بجے تک ۹۰ء۶۸؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا لیکن گزشتہ سال اس وقت ان جھیلوں میں ۹۳ء۲۰؍ فیصد پانی جمع تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ، ۹؍ جولائی کو مودک ساگر جھیل اور ۲۳؍ جولائی کو تانسا جھیلیں بھر کر بہنے لگی تھیں لیکن بارش نہ ہونے سے ۱۷؍ اگست کو مودک ساگر میں پانی کی سطح کم ہوکر ۸۷ء۲۸؍ فیصد اور تانسا جھیل میں ۹۸ء۴۵؍ فیصد رہ گئی تھی۔
تھانے میں عمارت کا سلیب اور درخت گرا
تھانے کے اتھلسر علاقے میں تقریباً ۴۵؍ سال پرانی، ایک منزلہ نتیہ نند سوسائٹی کے سی ونگ میں پہلے منزلہ کا سلیب اور اس کی گیلری کا حصہ اتوار کی شام تقریباً ۵؍ بجے منہدم ہو گیا۔ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ عمارت پہلے ہی خطرناک(سی ۲؍ بی ) قرار دی گئی تھی لہٰذا میونسپل دستہ کی جانب سے اس حادثہ کے بعد عمارت میں مقیم ۷؍ مکینوں سے مکان خالی کروا لئے گئے ۔
اس کے علاوہ تھانے کے بھکتی مندر روڈ پر ایک وزنی درخت گر گیا تھا۔ یہ حادثہ اتوار کی صبح تقریباً پونے ۱۰؍ بجے ہوا۔ سڑک کے درمیان گرنے کے سبب آمد و رفت کچھ دیر کیلئے بند کردی گئی تھی۔
میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذریعہ درخت ہٹا کر راستہ صاف کردیا گیا۔ درخت وزنی ہونے کے سبب زمین کا کچھ حصہ بھی اکھڑ گیا تھا جسے میونسپل دستہ نے درست کیا۔
۱۷؍ اگست کی صبح ۸؍ بجکر ۳۰؍ منٹ تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں تھانے شہر میں ۷۰ء۸۶؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ اس دوران آتشزدگی کی ایک، پانی بھرنے کی ۲، کمپاؤنڈ وال گرنے کی ایک اور دیگر ۳؍ شکایتیں موصول ہوئیں۔ البتہ ان حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اتوار کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے دوپہر ساڑھے ۳؍ بجے تک تھانے شہر میں مجموعی طو رپر ۲۷ء۹۴؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی۔