۱۰۶؍ سے زائد امدادی کارروائیاں انجام دی گئیں، سیلاب زدہ سڑکوں کا معائنہ کیاگیا اور پانی میں پھنسی گاڑیوں کو نکالا گیا۔
ایک شخص بالٹی سےپانی نکالتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
تیونس میں ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں سیلاب کے باعث کم از کم۴؍ افراد کی موت ہو گئی۔ تیونس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ٹیونس افریقہ پریس ‘(ٹی اے پی) نے منگل کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ ہلاکتیں پیر کی شام سے منگل کے درمیان مشرقی ساحلی صوبے موناسٹیر کے موکنین شہر میں ہوئیں جہاں۲۳۰؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ شہری تحفظ کے محکمے کے افسر خلیل مشری نے بتایا کہ شہری دفاع کی ٹیموں نے منگل کو مقامی وقت کے مطابق صبح ۵؍ بجے تک ۱۰۶؍ سے زائد امدادی کارروائیاں انجام دیں جن میں سیلاب زدہ سڑکوں کا معائنہ اور پانی میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنا شامل تھا۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے۱۵؍ افراد کو بحفاظت نکالا اور تقریباً۳۰۰؍ افراد کو سیلاب زدہ وادیوں اور زیر آب علاقوں کو عبور کرنے میں مدد فراہم کی، کیونکہ شدید بارش کے باعث دریا اور نالے طغیانی پر تھےجس سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی۔
قومی محکمۂ موسمیات نے گریٹر تیونس کے علاقے نابول اور موناسٹیر کے صوبوں کے لئے اپنے انتباہی نظام میں سب سے اعلیٰ درجے کا ’ریڈ الرٹ‘ جاری کیا ہے۔ افسران نے ۸؍سے زائد گورنریٹس میں اسکول بند کر دیئے ہیں اور اہم شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
افسران نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں، سیلاب کے خدشے والے علاقوں سے گریز کریں اور حفاظت سے متعلق ہدایات پر عمل کریں، کیونکہ موسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق تیونس کے صدر قیس سعید نے فوج کو ملک بھر میں امدادی اور بچاؤ کارروائیوں میں شامل ہونے کی ہدایت دی ہے۔