سورت میں موسلادھار بارش، سیلابی صورتحال، اسکول بند، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں ریڈ الرٹ، ادیشہ میں سیلاب۔
EPAPER
Updated: June 24, 2025, 12:21 PM IST | Agency | New Delhi
سورت میں موسلادھار بارش، سیلابی صورتحال، اسکول بند، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں ریڈ الرٹ، ادیشہ میں سیلاب۔
ملک کی ۲۶؍ ریاستوں میں مانسون پہنچ چکا ہے۔ گجرات کے سورت شہر میں گزشتہ ۲۴؍گھنٹے سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ پیر کی صبح ۸؍ بجے سے دوپہر ۱۲؍بجے تک صرف ۴؍ گھنٹے میں ۷؍انچ بارش ہوئی۔
مانسون اتوار کی شام سورت میں داخل ہوا۔ اس کے بعد بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ کئی مقامات پر پانی بھرگیا ہے۔ سورت انتظامیہ نے پیر کو اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ سورت میں پہلے دن کی بارش سے ۲۰۰۶ء کی سیلابی صورتحال کی یادیں تازہ کر دیں۔ ۲۰۰۶ءمیں ۷؍سے ۱۰؍اگست کے دوران ہوئی شدید بارش سے سورت کا تقریباً ۹۵؍ فیصد حصہ ڈوب گیا تھا۔ اسی دوران راجستھان کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ ماؤنٹ آبو میں ۲۴؍گھنٹے میں ۷؍انچ بارش ہوئی، جس کی وجہ سے یہاں کئی ندیوں میں طغیانی ہے۔ کئی چھوٹے بڑے دیہات اور قصبے دوسرے مقامات سے کٹ گئے۔ یکم جون سے راجستھان میں معمول سے ۱۳۳؍فیصد زیادہ بارش ہوچکی ہے۔
دریں اثناء ادیشہ کے ۵۰؍گاؤں میں سیلاب کی صورتحال ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست کے ۵۰؍ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ایک ۲۴؍سالہ خاتون تیز بہائو میں بہہ گئی جس سے اس کی موت ہوگئی۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، او ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون اگلے دو دنوں میں دہلی، چندی گڑھ، ہریانہ، مغربی اترپردیش، پنجاب اور جموں و کشمیر کے کچھ حصوں تک پہنچ سکتا ہے۔ آگے بڑھنے کے لئے حالات درست ہیں۔ آئندہ ۳؍دنوں کے دوران شمال مشرقی ہندوستان میں موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔