Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاست کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، کئی علاقے زیر آب، سیلابی کیفیت

Updated: August 18, 2025, 11:37 PM IST | Raigarh

کوکن کے تین دریا خطرے کے نشان سے اوپر، الرٹ جاری، اسکولوں میں چھٹی ، ناندیڑ میں وشنو پوری ڈیم کے دروازے کھولے گئے، شولاپور میں بھی تیز بارش

 Rescue team in Nanded taking some people trapped in the water to a safe place.
ناندیڑ میں ریسکیوٹیم پانی میں پھنسے ہوئے کچھ لوگوں کو محفوظ مقام پر لے جاتے ہوئے

یاست کے بیشتر مقامات پر بارش کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا بلکہ شدید ہو گیا۔ کوکن، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کئی علاقوں میں تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی دریا ئوں میں طغیانی آگئی اور علاقوں میں پانی بھر گیا۔ کوکن کے  رائے گڑھ اور رتنا گیری اضلاع میں گزشتہ تین دنوں سے جاری موسلا دھار بارش کے سبب سیلابی صورت حال ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔ بھاری بارش سے رائے گڑھ ضلع میں تین  اہم دریا ساوتری ، امبا اور کنڈلیکا خطرے کی سطح کو عبور کر چکے ہیں جس کی وجہ سے ضلع میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
  رائے گڑھ ضلع کے مہاڈ میں صورتحال  مہاڈ تعلقہ میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ یہاں سڑکیں زیرآب ہیں۔ پلوں پر سپانی بہہ رہا ہے۔ اس کی وجہ بعض دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ شہر کا گندھاری پل بھی پانی میں ڈوب گیا ہے اور یہاں کی سڑک بند کردی گئی ہے۔ اسی طرح کرانتھی استمبھ کے قریب سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے۔ دستوری ناکہ سے ناٹا کھنڈ تک سڑک پر پانی بھر جانے کے باعث یہ سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔ رتنا گیری کے چپلون ، کھیڈ او داپولی میں زور دار بارش ہوتی رہی اور کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے ۔ اسی طرح رائے گڑھ ضلع کے ر ناگوٹھنا، پولاد پور وغیرہ   میں بھی کئی مقامات پر سڑکیں زیر آب رہیں۔ ان  علاقوں میں پیر کو  اسکولوں کو چھٹی دیدی گئی جبکہ منگل کے روز اگر یہی صورتحال رہی تو چھٹی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
مراٹھواڑہ میں بھی مسلسل بارش
 کچھ ایسی ہی صورتحال مراٹھواڑہ میں بھی رہی۔ یہاں خاص کر ناندیڑ اور لاتور  میں گزشتہ ۳؍ دنوں سے زور دار بارش ہو رہی ہے۔ ناندیڑ کا وشنو پوری ڈیم چھلک گیا ہےلہٰذا اس کے ۸؍ دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ آس پاس کے گائوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ڈیم کا پانی چھوڑنے کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔  ناندیڑ کے الگ الگ علاقوں میں پانی بھرنے کے سبب متعدد افراد مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے  ہیں۔ کچھ لوگوں نے مسجد میں پناہ لی ہے وہ باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔ ۶؍ افراد درخت پر چڑھ گئے تھے مگر بارش کے سبب انہیں نیچے اترنے کا موقع نہیں ملا۔ بارش میں کئی جانوروں کے بہہ جانے کی بھی اطلاع ہے۔    انتظامیہ لوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔
  اطلاع کے مطابق شولاپور اور لاتور میں بھی کئی علاقوں میں پانی بھرا ہوا ہے۔ لوگوںکو نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔ یہاں بعض مقامات پر تیار کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔  بعض مقامات پر گھروں میں پانی گھس آنے کی وجہ سے اپنی جان بچانے کیلئے گھر سے نکلنا بھی مشکل ہو گیا تھا۔ کسی طرح ریسکیو ٹیم نے انہیں باہر نکالا اور محفوظ مقام تک پہنچای۔ یاد رہے کہ شولا پور ، لاتور اور ناندیڑ میں گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے ۔ آئندہ کیلئے بھی یہاں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK