Inquilab Logo Happiest Places to Work

ودربھ کے مختلف اضلاع میں زور دار بارش ،کئی مقامات کا آپس میں رابطہ منقطع

Updated: July 31, 2026, 7:24 AM IST | Ali Imran | Nagpur

گڈچرولی، امراوتی، ناگپور اور گوندیا میں درخت گرنے، گھروں کو نقصان پہنچنے کے واقعات ، سڑکیں زیر آب ہونے کی وجہ سے آمدورفت متاثر، عوام کو احتیاط کا مشورہ

Vidarbha: Heavy rain continues as per the forecast of the Meteorological Department
ودربھ: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق موسلا دھار بارش جاری ہے

 محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ودربھ کے بیشتر اضلاع میں شدید بارش جاری ہے۔گڈچرولی ضلع سیلاب کی زد میں ہے۔ ندی میں طغیانی کی وجہ سے سرونچا تعلقہ کے چار گاؤں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اس دوران آلاپلی شہر میں کئی گھروں میں اور ایک پٹرول پمپ زیر آب آنے کی خبر ہے۔
  بدھ کی آدھی رات سے جاری موسلادھار بارش نے ضلع میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا ئی ہے۔ پامول گوتم اور اندراوتی ندیاں طغیانی کے ساتھ بہہ رہی ہیں، جس سے بھامرا گڑھ تعلقہ میں سیلاب کی سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ خطرے کے پیش نظر انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیم نے رات بھر ریسکیو آپریشن کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ۷۰۰ سے زیادہ لوگوں کو بحفاظت نکال کر آشرم اسکولوں اور دیگر امدادی کیمپوں میں منتقل کیا۔ ندیوں اور نالوں کے پانی کی سطح میں غیر متوقع اضافہ کے باعث ضلع کی ۲۴ اہم سڑکوں پر ٹریفک مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے جس کے باعث کئی علاقوں کا رابطہ منقطع ہوا ہے۔ بھامرا گڑھ اور آس پاس کے علاقوں میں سیلاب کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ اور مقامی انتظامیہ نے مستعدی دکھاتے ہوئے ایک خاندان کے چھوٹے بچوں سمیت ۴؍ لوگوں کو رات کے اندھیرے میں بحفاظت نکالا، جبکہ ۴۵ دیگر افراد کو جمعرات کی صبح بھامراگڑھ قصبے سے بچایا گیا۔ اہیری، ناگے پلی، مولچیرا، الاپلی اور گڈچرولی قصبوں کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے سے درجنوں مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔
  ادھر امراوتی کے میل گھاٹ میں بھی بارش کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوئی۔ اطلاع ہے کہ سپنا ندی میں طغیانی کی وجہ سے کئی دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ امراوتی کے شیرسگاؤں قصبے سے گزرنے والی میگھا ندی اور برہمن واڑہ تھڑی علاقے میں دریائے پورنا میں اچانک طغیانی اور ندی کی سطح میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے آس پاس کے علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور دریا کے کناروں پر آباد مکینوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔  بارش کا سلسلہ جاری رہا تو نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے چندر پور ضلع میں مسلسل دوسرے دن بھی بھاری بارش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ رات بھر ہوئی بارش نے ضلع کے کئی علاقوں میں معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے چندر پور۔ناگپور قومی شاہراہ کئی مقامات پر زیر آب آگئی ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ موسلادھار بارش کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ 
 گوندیا ضلع بھی ۲۹؍ جولائی سےریڈ الرٹ پر تھا۔ بدھ کی رات موسلا دھار بارش اور طوفان نے گوندیا ضلع کے مورگاؤں ارجونی تعلقہ کے وڈیگاؤں بندھیا کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ طوفان کے باعث سو سے زائد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، وہیں دو مکانات گرنے سے ۸؍افراد زخمی ہو گئے۔ جن میں سے نمریت تارم اور سندیپ ترم دونوں کی حالت نازک ہے ، انہیں علاج کیلئے گڈچرولی ضلع کے کورکھیڑا کے دیہی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ جبکہ ۶؍دیگر افراد کا کشوری کے دیہی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ گھروںپر درخت گرنے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ اسلئے انہوں نے حکومت سے جلد از جلد پنچنامہ کروانے اور نقصان کی بھر پائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK