Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسلادھار بارش سے سبزیوں کی قیمتوں میں ۳۰؍فیصد کمی آئی ہے

Updated: July 05, 2026, 3:02 PM IST | Mumbai

واشی مارکیٹ میں پانی بھر جانے سے سبزیاں خراب ہورہی ہیں، شدید بارش سے خریداروں کے کم آنے سے بھی کاروبار متاثرہواہے۔

APMC vegetable market in Vashi. Photo: INN
واشی کی اے پی ایم سی سبزی منڈی۔ تصویر: آئی این این

شہر ومضافات کے علاوہ نوی ممبئی، تھانے، رائے گڑھ، پالگھر اور ریاست کے دیگر اضلاع میں ہونے والی موسلادھار بارش سے واشی کی اے پی ایم سی سبزی منڈی میں سبزیوں کی آمد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ متواتربارش سے اے پی ایم سی میں سبزیاں معمول کے مقابلے تقریبا ۳۰؍فیصد کم آرہی ہیں اور جو ۷۰؍ فیصد آرہی ہیں وہ خریداروں کےنہ ہونے سے بڑی مقدار میں خراب ہو رہی ہیں، اس کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آرمیں عوام اور بی ایل او کو پریشانیاں ہی پریشانیاں

گزشتہ ۴۔ ۵؍ دنوں سے ہونےوالی شدید بارش سے اے پی ایم سی میں آنے والی سبزیوں کی گاڑیوں میں کمی آئی ہے۔ چھوٹی بڑی گاڑیوں سمیت اوسطاً ۳۰۰؍ گاڑیاں آرہی ہیں۔ معمول کے مطابق سبزیوں کی گاڑیوں کے کم آنے کے علاوہ متواتر ہونے والی تیز بارش کی وجہ سے واشی مارکیٹ سے تھوک میں سبزیاں خریدنے والے گاہکوں کی تعداد کے کم ہونے سے بازار میں سبزیوں کا ڈھیر لگا ہےجس کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتیں ۳۰؍ سے ۳۵؍فیصد گرگئی ہیں۔ اے پی ایم سی ویجیٹیبل مارکیٹ کے ڈائریکٹر شنکر پنگلے کے مطابق ’’گزشتہ ۴؍ روز سے جاری طوفانی بارش کے باعث سبزی منڈی میں پانی جمع ہوگیالیکن مارکیٹ انتظامیہ اس جانب توجہ نہیں دے رہا ہے جس کی وجہ سے سبزیوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ انتظامیہ کی عدم توجہی سے تاجروں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ان کا کہناہے کہ ہم انتہائی ابتر حالت میں کاروبار کر رہے ہیں ۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ موسلادھار بارش کی وجہ سے سبزیاں سڑگل کر خراب ہو جا رہی ہیں ۔ ایسے میں تاجروں کیلئے ان سبزیوں کو پھینکنے کی نوبت آگئی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK