شہری انتظامیہ کی بدنظمی سے طلبہ اور اساتذہ کو دقت ہوئی، چھٹی کا تاخیر سے اعلان کرنے سے دوردراز علاقوں سے ڈیوٹی پر آنے والے اساتذہ کو شدید دشواری ہوئی۔
EPAPER
Updated: July 05, 2026, 3:03 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
شہری انتظامیہ کی بدنظمی سے طلبہ اور اساتذہ کو دقت ہوئی، چھٹی کا تاخیر سے اعلان کرنے سے دوردراز علاقوں سے ڈیوٹی پر آنے والے اساتذہ کو شدید دشواری ہوئی۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی پیش گوئی کے مطابق سنیچر اور اتوار کو شہر ومضافات میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت سنیچر کو ہونےوالی موسلادھار بارش سے عام زندگی بری طرح متاثر رہی۔ تیز اور متواتر بارش کی وجہ سے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) نے سنیچر کو دوپہر کے سیشن میں اسکولو ں اور کالجوں کیلئے چھٹی کا اعلان کیا۔ نشیبی علاقوں کے اسکولوں میں پانی بھر جانے سے صبح کے سیشن والے طلبہ کو پڑھائی کے دوران پریشانی ہوئی۔ چھٹی کا تاخیر سے اعلان ہونے کی وجہ سے دوردراز سے ڈیوٹی پر آنے والے اساتذہ کوشدید دشواری ہوئی۔
بی ایم سی نے طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر، ممبئی کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں سنیچر ۴؍جولائی ۲۰۲۶ء کو دوپہر کے سیشن کیلئے تعطیل کا اعلان کیا۔ حالانکہ ریڈ الرٹ کی پیش گوئی کے بعد بھیونڈی، کلیان اور تھانے میں سنیچر کو اسکولوں میں چھٹی دینے کا اعلان جمعہ کو ہی کر دیا گیا تھا لیکن بی ایم سی نے اس طرح کا کوئی اعلان نہیں کیا جس کی وجہ سے سنیچر کو صبح کے سیشن میں اسکول جاری رہے لیکن صبح کےاوقات میں ہونےوالی موسلادھار بارش کے بعد بی ایم سی نے بھی چھٹی کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھئے: موسلادھار بارش سے بھیونڈی اور کلیان کے نشیبی علاقے زیر آب، گھروں میں پانی داخل
تھانے میونسپل کارپوریشن نے علاقے کیلئے محکمۂ موسمیات کے ریڈ الرٹ کی وجہ سے تھانے کے تمام پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولوں کے ساتھ ساتھ آنگن واڑیوں میں سنیچر کو چھٹی کا اعلان کیا تھا۔ موسلادھار بارش ہونے سے نشیبی علاقوں کے اسکولوں میں پانی بھر جانے سے صبح کے سیشن کے طلبہ کو بڑی پریشانی ہوئی۔ گوونڈی کی ایک اُردو میڈیم اسکول کے کچھ کمروں میں پانی بھر گیاتھا جس کی وجہ سے ان جماعتوں کے طلبہ کو دیگر کلاس روم میں بٹھایا گیا۔ اسکول کے اطراف اور قریبی علاقوں میں پانی بھر جانے سے طلبہ کو اسکول پہنچنے میں دقت ہوئی۔
اسی اسکول کے ایک معلم نے بتا یاکہ ’’محکمہ موسمیات کے ریڈ الرٹ جاری کرنے پر بھیونڈی، کلیان اور تھانے شہری انتظامیہ نے جمعہ کی شب ہی سنیچر کو اسکول بندہونے کا سرکیولر جاری کر دیا تھا لیکن بی ایم سی نے الرٹ کے باوجود حکم جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے سنیچر کو اسکول باقاعدہ جاری رہے مگر سنیچر کی صبح ہونے والی متواتر بارش اور متعدد جگہوں پر پانی بھر جانے کے بعد طلبہ کے تحفظ کے پیش نظر دوپہر کےسیشن میں اسکول بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔ تاخیر سے اعلان کرنے کی وجہ سے بالخصوص دوردراز سے اسکول آنے والے اساتذہ کو بڑی پریشانی ہوئی۔ وہ کسی طرح مشکلات کاسامنا کرکے اسکول پہنچے، بعدازیں چھٹی کااعلان کیاگیا۔ میراروڈ اور ممبرا وغیرہ سے آنے والے ٹیچروں کو ٹرین سروس متاثرہونے سے بڑی پریشانی ہوئی۔ ‘‘