• Mon, 26 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شدید برفباری، سیکڑوں سڑکیں بند، نظام ِزندگی ٹھپ

Updated: January 26, 2026, 10:01 AM IST | Agency | New Delhi

ہمالیائی خطہ میں بچھی برف کی دبیز چادر کا اثرمیدانی علاقوں  پر بھی، یخ بستہ ہواؤں کا قہر، کہیں مزید برفباری کی پیش گوئی کی تو کہیں ٹھنڈ میں اضافہ اور بارش کا الرٹ۔

Vehicles and tourists are stranded on the roads after snowfall in Manali. Picture: INN
منالی میں برف باری کے بعد سڑکوں  پر اس طرح گاڑیاں اور سیاح  پھنسے ہوئے ہیں۔ تصویر: آئی این این
ملک میں موسم  نے اتوار کو اچانک زبردست کروٹ لی ہے جس کی وجہ سے ہمالیائی خطہ میں شدید برفباری نے معمولات زندگی کو ٹھپ کردیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات  نے آئندہ چند دنوں تک کہیں مزید برف باری کی پیش گوئی کی ہے تو کہیں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی میدانی علاقوں میں چلنےوالی یخ بستہ ہواؤں نے ٹھنڈ کو بڑھا دیا ہے۔  ملک کی پہاڑی ریاستوں میں ۴۸؍ گھنٹوں سے جاری مسلسل  برف باری کی وجہ سے بڑی تعداد میں سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور مختلف علاقوں میں  سیاح  پھنسے ہوئے ہیں۔  ہوٹل بھرے ہوئے ہیں جبکہ سڑکون پر طویل جام نے لوگوں کا برا حال کر دیا ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کا سلسہ مزید جاری رہے گا۔ یہی وجہ ہے کہ آنے والے دنوں کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تقریباً۳؍ ماہ کی خشک سالی کے بعد یہ سیزن کی پہلی برف باری ہے۔ مختلف علاقوں میں اچانک ہوئی برف باری اور بارش کی وجہ سے شمالی ہندوستان میں سردی اچانک بڑھ گئی ہے۔ ہماچل پردیش میں برف باری کی وجہ سے۲؍ قومی شاہراہوں سمیت۶۸۰؍ سے زائد سڑکیں بند ہیں۔  
انتظامیہ کی کوشش سے کچھ شاہروں کو کھول دیا گیا ہے، لیکن تمام شاہراہوں کو مکمل طور سے بحال کرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔ منالی میں  سڑکیں برف سے ڈھک گئی ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا ہے، انتظامیہ ٹریفک کو بحال کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے بچیں اور مقامی انتظامیہ کے ذریعہ جاری ہدایات پر عمل کریں۔  شملہ سے۱۰؍ کلومیٹر ڈھلی سے آگے ٹریفک روک دیا گیا کیونکہ ہندوستان-تبت روڈ کا ایک بڑا حصہ برف کی موٹی چادر سے ڈھک گیا  ہے۔ 
دوسری جانب کشمیر میں برف باری کے بعد قومی شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے۔ جموں-سری نگر قومی شاہراہ مسلسل دوسرے روز بھی تمام گاڑیوں کیلئے  بند رہا۔ سیکڑوں گاڑیاں اودھم پور کے جکھانی میں پھنسی ہوئی ہیں۔ گلمرگ اور بانی جیسی جگہوں پر برف کی موٹی چادر جمی  ہو ئی ہے۔ یہاں بھی بڑی تعداد میں سیاح پہنچے ہوئے ہیں۔ گلمرگ میں درجہ حرارت منفی۱۲؍ اور سری نگر میں منفی۱ء۴؍ ڈگری درج کیا گیا۔ کئی سیاح اس برف باری کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں۔ فوج اور انتظامیہ نے پھنسے ہوئے مسافروں کو بحفاظت نکال کر طعام و قیام کا انتظام کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں باہر نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اتراکھنڈ میں بھی اس سیزن کی پہلی برف باری سے سیاحتی سرگرمیوں اور مقامی کاروبار کو کافی فروغ مل رہا ہے۔ محکمۂ موسمیات  نے اعلان کیا ہے کہ مغربی ہمالیائی خطے کے باشندوں کو وسیع پیمانے پر بارش اور برف باری کیلئے  تیار رہنا چاہیے۔ خاص طور پر جموں، کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش میں درمیانے درجے سے لے کر وسیع پیمانے پر بارش اور برف باری متوقع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK