شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات دلانے کیلئے پولیس نے صبح ۸؍ بجے سے ۱۱؍ بجے اور شام ۵؍ بجے سے رات ۹؍ بجے تک بڑی گاڑیوں کے داخلے کو ممنوع قرار دیا ہے۔
شہرمیں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی سے شہریوں کو راحت ملنے کی امید ہے۔ تصویر: آئی این این
شہریوں کو صبح و شام کے مصروف اوقات میں نہ صرف ٹریفک جام کا مسئلہ در پیش ہے بلکہ اس کے سبب کام میں ہونے والی رکاوٹوں اور تاخیر کے ساتھ حادثات کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے ۔اسی کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے یکم فروری سے مصروف اوقات میں بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ پابندی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس تعلق سے کوئی اورحکم جاری نہیں کیا جاتا۔
اس ضمن میں تمام ٹریفک چوکیوں کو طے شدہ وقت میں داخلہ پر پابندی عائد کرنے سے آگاہ کیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے ساتھ ہی بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں تجارت کرنے والوں کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ طے شدہ وقت میں بڑی گاڑیوں کو بازار میں پارک نہ کریں اور نہ ہی سامان کو اتارنے اور چڑھانے کی کوشش کریں۔ ٹریفک پولیس نے مال بردارگاڑیوں کے داخلہ پر پابندی کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ شہرو مضافات کے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور بازاروں یا پھر شام میں شہریوں کے مختلف پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ گھر لوٹتے وقت بھیڑ کو قابو میں کرنے ، آمد و رفت کو ٹریفک جام سے پاک رکھنے اور شہریوں کو کسی بھی حادثات سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے اناج اور دیگر سامان سے لیس مال بردار گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔‘‘
ٹریفک پولیس کے جاری کردہ احکامات کے مطابق یکم فروری سے لاگو کئے جانے والی پابندی کے مطابق جنوبی ممبئی میںصبح ۸؍ بجے سے صبح ۱۱؍ بجے اور شام ۵؍ بجے سے رات ۹؍ بجے کے درمیان کسی بھی مال بردار گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ یہی نہیں جنوبی ممبئی میں لمبی دوری والی پرائیویٹ بسوں پر بھی صبح ۷؍ تا رات ۱۲؍ بجے داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ تاہم مضافات میں بھی صبح ۸؍ بجے تا صبح ۱۱؍ بجے اور شام ۵؍ بجے تا رات ۹؍ بجے تک بڑی گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ ٹریفک پولیس نے کھانے پینے کی ضروری اشیاء جس میں بیکری مصنوعات اور دودھ ، پیٹرول ، ڈیزل ، مٹی کا تیل ، ایمبولنس اور اسکول بس وغیر شامل ہے ،پر پابندی عائد نہ ہونے کی اطلاع دی ہے ۔
اس ضمن میں ٹریفک پولیس کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس امیتیش کمار نے کہا کہ بڑی گاڑیاں اب سڑک پر کہیں بھی پارک کی گئی تو ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔جاری کردہ نئے احکامات کے مطابق بڑی گاڑیوں کو اب صرف پارکنگ لاٹ میں ہی پارک کرنے کی اجازت ہوگی۔ شہر میں پانی سپلائی کرنے والے واٹر ٹینکروں پر پارکنگ کی یہ پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔