زندگی کی کتاب میں تم نے دوسروں کے نام بہت سے خوبصورت باب لکھے ہیں۔ شریک ِ حیات، اولاد، والدین اور دیگر رشتہ داروں کیلئے۔ اب اس کتاب میں ایک باب اپنے نام بھی لکھو۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 4:02 PM IST | Jawaria Qazi | Mumbai
زندگی کی کتاب میں تم نے دوسروں کے نام بہت سے خوبصورت باب لکھے ہیں۔ شریک ِ حیات، اولاد، والدین اور دیگر رشتہ داروں کیلئے۔ اب اس کتاب میں ایک باب اپنے نام بھی لکھو۔
کبھی فرصت ملے تو اپنے لئے بھی ٹھہرنا، اپنی آنکھوں میں جھانکنا، اپنے دل کی دھڑکنوں کو سننا اور خود سے یہ سوال کرنا کہ سب کیلئے جیتے جیتے تم نے اپنے لئے کب جینا چھوڑ دیا؟ دوسروں کی خوشیوں میں مسکراتے ہوئے، ان کے دکھوں میں شریک ہوتے ہوئے، ان کی ضرورتوں کو اپنی ترجیحات پر مقدم رکھتے ہوئے، کیا کبھی تم نے اپنی ذات کے دروازے پر دستک دی ہے؟ خود کو بھی سراہو، اپنی ذات کا جشن مناؤ!
یہ محض ایک خوب صورت جملہ نہیں بلکہ ہر اس عورت کے نام ایک پیغام ہے جو زندگی کی ذمہ داریوں کے درمیان اپنی ذات کو کہیں پیچھے چھوڑ آئی ہے۔ اس عورت کے نام جو صبح کی پہلی کرن کے ساتھ جاگتی ہے اور رات کی آخری خاموشی تک دوسروں کیلئے مصروف رہتی ہے۔ جو گھر کی دیواروں کو محبت سے جوڑتی ہے، رشتوں کی دراڑوں کو اپنی نرمی سے بھرتی ہے، بچوں کے خوابوں میں رنگ بھرتی ہے، بزرگوں کی دعاؤں کا سہارا بنتی ہے، اور پھر بھی کبھی کبھی اپنے ہی وجود کے سامنے اجنبی ہو جاتی ہے۔
اے عورت! کیا تم نے کبھی سوچا ہے کہ تمہاری اپنی مسکراہٹ بھی اتنی ہی قیمتی ہے جتنی ان لوگوں کی مسکراہٹ جن کیلئے تم دن رات کوشش کرتی ہو؟ تمہارے خواب بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے ان خوابوں کی تکمیل جن کیلئے تم اپنی خواہشیں قربان کرتی آئی ہو۔ تمہاری تھکن بھی توجہ چاہتی ہے، تمہاری خاموشی بھی سماعت کی طلبگار ہے اور تمہارا دل بھی محبت، آرام اور احترام کا مستحق ہے۔ تم کوئی مشین نہیں کہ مسلسل چلتی رہو، کوئی بے جان شے نہیں کہ ہر ضرورت پوری کرنے کے بعد خاموشی سے ایک طرف رکھ دی جاؤ۔ تم ایک زندہ احساس ہو، ایک مکمل انسان ہو، تمہارے اندر بھی خواہشوں کے موسم ہیں، امیدوں کے پرندے ہیں اور ان خوابوں کی ایک دُنیا ہے جو شاید ابھی تک تمہاری آنکھوں میں پوری طرح جاگ نہیں سکی۔ خود سے محبت کرنا خود غرضی نہیں، اپنی قدر پہچاننے کا پہلا قدم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ماہرانہ انداز میں میک اَپ کرنا چاہتی ہیں، یہ ٹپس کارآمد ثابت ہوں گی
ذرا اپنے سفر کو پلٹ کر دیکھو۔ وہ دن یاد کرو جب تم نے خوف کے باوجود پہلا قدم اٹھایا تھا۔ وہ لمحہ یاد کرو جب حالات نے تمہیں توڑنے کی کوشش کی، مگر تم نے دوبارہ کھڑے ہونے کا حوصلہ پیدا کیا۔ وہ وقت یاد کرو جب کسی نے تمہاری صلاحیت پر یقین نہیں کیا، مگر تم نے اپنے اندر امید کا چراغ بجھنے نہیں دیا۔ تمہاری کامیابی صرف کسی بڑے عہدے، ڈگری، انعام یا مالی خودمختاری کا نام نہیں۔ کبھی کسی بچے کی آنکھوں میں اعتماد جگا دینا کامیابی ہے، کبھی کسی مشکل وقت میں اپنے گھر کو حوصلہ دینا، کبھی برسوں کے وقفے کے بعد کتاب اُٹھا لینا، کبھی اپنی غلطی تسلیم کرکے خود کو بہتر بنانا، اور کبھی مسلسل تھکن کے بعد یہ فیصلہ کرنا کہ اب اپنی صحت اور سکون کا خیال بھی رکھنا ہے۔ اپنی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کو پہچانو۔ انہیں معمولی سمجھ کر فراموش نہ کرو۔ تمہارے ہر مثبت قدم کے پیچھے تمہاری محنت، تمہارا حوصلہ اور تمہاری شخصیت کی کوئی نہ کوئی خوبصورتی پوشیدہ ہے۔
ہر کامیابی پر دُنیا کی تالیاں ضروری نہیں؛ کبھی اپنے دل سے یہ کہنا بھی کافی ہے کہ مَیں نے ہمت نہیں ہاری۔ سوشل میڈیا کی چمکتی ہوئی دُنیا میں دوسروں کی کامیابیاں دیکھ کر اپنی زندگی کو کمتر سمجھ لینا آسان ہے۔ کسی کی خوبصورتی، کسی کا گھر، کسی کا لباس، کسی کا عہدہ اور کسی کی شہرت دیکھ کر ہم بھول جاتے ہیں کہ ہر انسان کی زندگی کے پس منظر الگ ہوتے ہیں۔ جو تصویر ہمیں مکمل دکھائی دیتی ہے، ضروری نہیں کہ اس کے پیچھے کی کہانی بھی اتنی ہی روشن ہو۔ تمہیں کسی دوسرے جیسا بننے کی ضرورت نہیں۔ اپنی گزشتہ زندگی کی اس عورت سے مقابلہ کرو جو خوفزدہ تھی، اور آج کی اس عورت کو دیکھو جو خوف کے باوجود آگے بڑھنا سیکھ رہی ہے۔ یہی تمہاری اصل ترقی ہے۔
یاد رکھو، اپنے لئے وقت نکالنے کا مطلب اپنے پیاروں سے دور ہو جانا نہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تم رشتوں کو نبھاتے ہوئے اپنی ذات کو بھی ساتھ لے کر چلو۔ محبّت وہ نہیں جو تمہیں اندر سے خالی کر دے؛ محبت وہ ہے جو تمہارے وجود میں وسعت پیدا کرے۔ اپنی حدود متعین کرنا سیکھو۔ جہاں ضرورت ہو، انکار کرو۔ جہاں تمہاری بات اہم ہو، اسے اعتماد سے کہو۔ جہاں تمہیں مدد درکار ہو، اسے مانگنے میں جھجک محسوس نہ کرو۔ اپنی صحت، تعلیم، معاشی خودمختاری اور ذہنی سکون کو ترجیحات میں جگہ دو۔ تمہیں ہر شخص کو خوش رکھنے کی ذمہ داری نہیں دی گئی۔ تمہاری ذمہ داری یہ بھی ہے کہ اپنی زندگی کو اس طرح سنوارو کہ تم اپنے وجود کے ساتھ ایک صحتمند اور باوقار تعلق قائم رکھ سکو۔
’سلیبریٹ یَور سیلف!‘ اپنی ذات کو سراہو، اپنے وجود کی قدر کرو، اپنے سفر پر فخر کرو۔ اس لئے نہیں کہ تم نے ہر جنگ جیت لی ہے، بلکہ اس لئے کہ تم نے مشکل راستوں کے باوجود چلنا جاری رکھا ہے۔ اسلئے نہیں کہ تم بے عیب ہو، بلکہ اسلئے کہ تم اپنی خامیوں کیساتھ بھی سیکھنے اور بہتر ہونے کا حوصلہ رکھتی ہو۔ اور اسلئے بھی کہ تمہاری زندگی صرف دوسروں کی خوشیوں کا وسیلہ نہیں، تمہاری اپنی خوشی بھی اس دنیا کی ایک خوبصورت ضرورت ہے۔اپنے لئے بھی مسکراؤ کہ تمہاری مسکراہٹ تمہارا حق ہے، اپنے لئے بھی جیو کہ تمہاری زندگی تمہاری امانت ہے، اور اپنے خوابوں کو بھی آواز دو کہ تمہارے اندر کی عورت ابھی زندہ ہے، ابھی اس کے پَروں میں پرواز باقی ہے! آج خود کو صرف آئینے میں مت دیکھو، اپنی آنکھوں میں وہ روشنی بھی پہچانو جو تم نے برسوں دوسروں کے راستے روشن کرنے میں صرف کی ہے۔ پھر اسی روشنی کا ایک چراغ اپنے نام بھی جلا دوکیونکہ تم بھی جشن کے لائق ہو، تم بھی محبّت کے لائق ہو، اور سب سے بڑھ کر، تم خود اپنی محبّت کے لائق ہو۔