جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں جسٹس دیپک روشن کی سربراہی والی بنچ نے فوڈ سیفٹی آفیسر کیلئے منعقدہ ان امتحانات کو منسوخ کرنے کے سرکاری حکم پر روک لگا دی۔
EPAPER
Updated: August 21, 2026, 11:28 AM IST | Agency | Ranchi
جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں جسٹس دیپک روشن کی سربراہی والی بنچ نے فوڈ سیفٹی آفیسر کیلئے منعقدہ ان امتحانات کو منسوخ کرنے کے سرکاری حکم پر روک لگا دی۔
جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے جمعرات کو حکومت کی طرف سے جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن (جے پی ایس سی) کے ۱۱؍ ویں اور۱۳؍ ویں امتحانات کی منسوخی کے فیصلے پر روک لگا دی ہے۔ حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سوربھ سنگھ اور سونم کماری نے ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی۔ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس دیپک روشن کی سربراہی والی بنچ نے گیارہویں سے تیرہویں اور فوڈ سیفٹی آفیسر کے امتحانات کو منسوخ کرنے کے حکومتی حکم پر روک لگا دی۔ عدالت نے حکومت کو جواب داخل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ اگر جے پی ایس سی کے امتحان میں شریک ہونے والے۷۰؍فیصد امیدواروں نے بھی اگر غلط طریقے سے مقرر ہوئے ہیںتو بھی حکومت انہیں نکال نہیں سکتی۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں فاسٹ ٹریک کورٹ بنانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اگلی سماعت۱۵؍ ستمبر کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: مراٹھی نہ جاننے والے ایک ہزار ۲۶۸؍ ڈرائیوروں کو نوٹس
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کلکٹر سونم کماری (ضلع ہزاری باغ میں تعینات تھیں) جو جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن (جے پی ایس سی) کے ۱۱؍ویں اور۱۳؍ ویں کمبائنڈ سول سروسیز کے مقابلہ جاتی امتحانات کے منسوخ کئے جانےکے نتیجے میں اپنی ذمہ داریوں سے فارغ ہو گئی تھیں، انہوںنے جھارکھنڈ حکومت کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا ہے ۔ ان کے وکیل نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں ایک رِٹ پٹیشن دائر کی۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے جے پی ایس سی اشتہار نمبر ۲۰۲۴ء/۰۱؍ کو میمو نمبر ۲۰۲۶ء-۰۸-۱۸/۵۴۰۴؍ کے ذریعے منسوخ کر دیا ہے ۔۱۱؍ ویں اور ۱۳؍ویں جے پی ایس سی کمبائنڈ سول سروسیز مسابقتی امتحان میں منتخب ہونے کے بعد، سونم کماری نے گیا ضلع، بہار میں اپنی ملازمت چھوڑ کر جھارکھنڈ میںآئی تھیں اوریہاں ان کی تقرری ہوئی تھی۔انہیں ۲۴؍ نومبر۲۰۲۵ء کو تقرری کا لیٹر ملا تھا۔ وہ ڈپٹی کلکٹر کے عہدے پرفائز ہوئی تھیں ۔ سونم کماری نے ہائی کورٹ سے ریاستی حکومت کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔اس کے علاوہ ریاستی حکومت کی طرف سے جے پی ایس سی کے ۱۱؍ ویں ،۱۲؍ویں اور۱۳؍ویں سول سروسیز کے امتحانات کو منسوخ کرنے سے ان امتحانات کی بنیاد پرمقرر کئے گئے تقریباً ۲۰۰؍ ڈپٹی کلکٹروں کی ٹریننگ رُک گئی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں سری کرشنا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن ٹریننگ سے تربیت حاصل کی تھی اور انہیں تربیت کیلئے ان کے اضلاع میں بھیجا گیا تھا۔ وہ اس وقت اضلاع میں پروبیشن پر ہیں۔