ہرچند کہ آنگن واڑی سیویکا کو ریاضی کا پرچہ دوبارہ دینا ہوگا لیکن انہیں گیارہویں میں داخلہ مل جائے گا۔
EPAPER
Updated: May 09, 2026, 10:37 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
ہرچند کہ آنگن واڑی سیویکا کو ریاضی کا پرچہ دوبارہ دینا ہوگا لیکن انہیں گیارہویں میں داخلہ مل جائے گا۔
ہنگولی ضلع میں واقع قلم نوری تعلقہ میں رہنے والی ۶۱؍سالہ فہمیدہ نثارخان پٹھان نے اس عمر میں بھی حجاب کی پابندی کے ساتھ ایس ایس سی کا امتحان د یا تھا۔ اب جبکہ نتائج آچکے ہیں تو معلوم ہوا کہ انہوں نے پاس کلاس سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ حالانکہ انہیں ریاضی میں کم نمبروں کے ملنے سے اے ٹی کے ٹی لگا ہے، لیکن انہیں گیارہویں میں داخلے کیلئے پرموٹ کر دیا گیا ہے۔
فہمیدہ خان دسویں کا امتحان پاس کر کے بہت مسرور ہیں۔ وہ آگے کی پڑھائی کرنا چاہتی ہیں لیکن گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ انہیں آنگن واڑی سیویکا کی ڈیوٹی بھی کرنی ہے۔ ایسی صورت میں پڑھائی کیلئے درکار وقت نکالنے میں آنےوالی دشواری سے وہ تذبذب میں مبتلا ہیں ۔ اس کے باوجود ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے وہ ریاضی کی اے ٹی کے ٹی کلیئر کریں گی، اس کے بعد آگے کی پڑھائی سے متعلق فیصلہ کریں گی۔
یہ بھی پڑھئے: نوی ممبئی: ۳؍ فلائی اوور کی تعمیر کی تجویز منظور
واضح رہے کہ مالی مشکلات کی وجہ سے بچپن میں پانچویں تک پڑھائی کرنے کے بعد انہوں نےاسکول جانا چھوڑ دیا تھا۔ شادی کے بعد معاشی ضروریات پوری کرنے کیلئے وہ ملازمت کرنا چاہتی تھیں لیکن نوکری کیلئے پڑھائی ضروری تھی، چنانچہ انہوں نے دوبارہ پڑھائی شروع کی، ۱۹۹۰ء میں ساتویں جماعت کا امتحان پاس کر کے آنگن واڑی سیویکا کیلئے انٹرویو دیا، اس وقت سے بحیثیت آنگن واڑی سیویکا چھوٹے بچوں کو پڑھا رہی ہیں ۔ ۳۶؍ سال قبل ۲۲۵؍ روپے کی تنخواہ سے آنگن واڑی سیویکا کے طورپر کام کرنا شروع کیا تھا اب انہیں ۱۳؍ہزار روپے ملتے ہیں۔ اس دوران بھی انہوں نے پڑھائی کا سلسلہ جاری رکھا مگر امورِ خانہ داری، آنگن واڑی کی ڈیوٹی اور اپنے ۸؍بچوں کی تعلیم و تربیت کی وجہ سے دسویں کا امتحان نہیں دے پارہی تھیں لیکن امسال انہوں نے فارم نمبر ۱۷؍ بھر کر نجی طور پر امتحان دیا اور خوب دل لگا کر پڑھائی کی اور کامیابی بھی حاصل کی۔
اس کامیابی پر لوگ فہمیدہ خان کو مبارکباد دے رہے ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ کسی طرح وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں۔