Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: مسلمانوں کو مکان دینے سے انکار پر پولیس میں شکایت

Updated: May 09, 2026, 11:16 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

ایک مقامی مسلم شہری نے پراپرٹی ڈیلر کی جانب سے مبینہ طور پر صرف مذہب کی بنیاد پر فلیٹ دینے سے انکار کرنے اور توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کے خلاف پولیس کے اعلیٰ حکام سے رجوع کیا ہے۔

Ashfaq Karim Sheikh showing the complaint. Photo: INN
اشفاق کریم شیخ شکایت نامہ دکھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

یہاں ایک بار پھر فرقہ وارانہ منافرت اور مذہبی بنیادوں پر رہائش فراہم نہ کرنے کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک مقامی مسلم شہری نے پراپرٹی ڈیلر کی جانب سے مبینہ طور پر صرف مذہب کی بنیاد پر فلیٹ دینے سے انکار کرنے اور توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کے خلاف پولیس کے اعلیٰ حکام سے رجوع کیا ہے۔ متاثرہ شہری کا الزام ہے کہ اس نے جب ثبوت کے ساتھ مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرانی چاہی تو وہاں بھی اس کی شنوائی نہیں ہوئی جس کے بعد اب یہ معاملہ اعلیٰ پولیس افسران کی میز تک پہنچ گیا ہے۔ 
موصولہ اطلاع کے مطابق سرودے شرشٹھی میں رہائش پذیر اشفاق فضل کریم شیخ نے بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن اور ڈی سی پی کو دی گئی اپنی تحریری شکایت میں بتایا کہ انہوں نے ایک مخصوص ہاؤسنگ پروجیکٹ میں فلیٹ کی خریداری کیلئے متعلقہ موبائل نمبر پر رابطہ قائم کیا تھا۔ اشفاق شیخ کے مطابق جب انہوں نے فون پر دریافت کیا کہ کیا اس سائٹ پر مسلم شہریوں کو فلیٹ یا پراپرٹی دی جائے گی تو دوسری جانب سےدو ٹوک اور متعصبانہ جواب ملا کہ یہاں مسلمانوں کو پراپرٹی نہیں دی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: کے ڈی ایم سی: ہر پیر اور منگل کو ۲۴؍ گھنٹے پانی کی سپلائی منقطع رہے گی

اشفاق شیخ کا کہنا ہے کہ یہ رویہ نہ صرف انسانیت سوزہے بلکہ ہندوستانی آئین کی دفعہ ۱۴، ۱۵؍ اور ۲۱؍ کی کھلی خلاف ورزی ہے جو ہر شہری کو برابری اور بغیر کسی تفریق کے زندگی گزارنے کا حق دیتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس اس پوری گفتگو کی کال ریکارڈنگ بطور ثبوت موجود ہے جس میں مذکورہ شخص نے صرف مسلم ہونے کی بنیاد پر تفریق آمیز جملے کہے ہیں۔ شکایت گزار نے اپنی درخواست میں پولیس کے رویے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرانے پہنچے اور کافی دیر تک وہاں موجود رہے لیکن پولیس اہلکاروں نےان کی شکایت درج کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ اشفاق فضل کریم نے پولیس کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ موبائل نمبر کے مالک کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے۔ مذہبی منافرت پھیلانے اور آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی شکنجہ کسا جائے اور مستقبل میں اس طرح کے امتیازی واقعات کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ شہر کا امن و امان برقرار رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK