ایک طرف’ مسنگ لنک‘ کا افتتاح کیا گیا تو دوسری طرف ممبئی۔ پونےہائی وے پر لوگ ۵؍ گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے
EPAPER
Updated: May 02, 2026, 12:10 AM IST | Pune
ایک طرف’ مسنگ لنک‘ کا افتتاح کیا گیا تو دوسری طرف ممبئی۔ پونےہائی وے پر لوگ ۵؍ گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے
ایک طرف جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اپنے دونوں وزرائے اعلیٰ کے ساتھ مسنگ لنک کا افتتاح کر رہے تھے تو دوسری طرف ممبئی ۔ پونے ہائی وے پر سفرکرنے والے افراد ٹریفک میں پھنسے پریشان ہو رہے تھے۔ تپتی دھوپ میں دقتوں کا سامنا کرنے والوں میں رکن پارلیمان سپریہ سلے بھی شامل تھیں جنہوں نے ٹریفک کا ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ حالانکہ سپریہ سلے کے ٹویٹ کے بعد وزیر اعلیٰ نے ان سے اور دیگر مسافروں سے معافی مانگی جبکہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹول ناکوں کو ہدایت دی کہ وہ گاڑیوں سے آج ٹول نہ وصول کریں۔ انتظامیہ نے ٹریفک کی وجہ ہفتے کے آخر میں مسلسل ۳؍ دنوں کی چھٹیوں کو بتایا ، حالانکہ سفر کرنے والوںکا کہنا ہے کہ مسنگ لنک کے افتتاح کے سبب سڑک پر جو انتظامات کئے گئے تھے اس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو یوم مہاراشٹر کے موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس،اپنے نائبین سونیترا پوار اور ایکناتھ شندے کے ساتھ کھوپولی پہنچے تھے جہاں انہوں نے کھوپولی سے لوناولا تک کیلئے تیار کئے گئے نئے مسنگ لنک کا افتتاح کیا۔ اسی دوران ممبئی۔ پونے ہائی وے پر گاڑیوں کی قطارلگ گئی ۔ لوگ گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور تھے کیونکہ گاڑیاں آگے ہی نہیں بڑھ رہی تھیں۔ انہی گاڑیوں میں این سی پی کی کارگزار صدر اور رکن پارلیمان سپریہ سلے کی گاڑی بھی تھی۔ انہوں نے ٹریفک کا ایک ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں وہ گاڑی میں بیٹھی ہوئی دکھائیں دے رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں’’ مجھے دو گھنٹے ہو چکے ہیں، ہم ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ ہم (ٹریفک میں پھنسے ہوئے لوگ) آپس میں دوست ہو گئے ہیں۔ ہم آپس میں باتیں کر رہے ہیں۔ ‘‘پھر سپریہ سلے نے اپنی کار کے بغل میں کھڑی کار کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے نوجوان سے پوچھا ’’ آپ لوگوں کو کتنا وقت ہو گیا؟‘‘ اس نے جواب دیا ’’ ہم صبح ۶؍ بجے سے اندھیری( ممبئی) سے نکلے ہیں۔ اب تک یہیں پہنچے ہیں۔ ‘‘ اس طرح کے ویڈیو اور تصاویر کئی لوگوں سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے۔
یاد رہے کہ سپریہ سلے یوم مہاراشٹر کی تقریب میں شرکت کیلئے ممبئی سے پونے جا رہی تھیں۔ ان کا ٹویٹ دیکھنے کے بعد دیویندر فرنویس نے بھی ٹویٹ کیا۔انہوں نے کہا ’’ میں ان تمام مسافروں سے معافی مانگتا ہوں جو اس وقت ممبئی ۔ پونے ہائی وے پر ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ میں سپریہ جی کا ٹویٹ بھی دیکھا ہے ۔ میں ان سے بھی معافی مانگتا ہوں لیکن مسنگ لنک کے عوام کیلئے کھل جانے کے بعد ٹریفک کا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہے گا۔‘‘ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹویٹ کیا کہ’’ میں نے ہیلی کاپٹر سے دیکھا ہے کہ نیچے ٹریفک جام ہے۔ ان گاڑیوں کو بغیر ٹول وصول کئے آگے بڑھنے دیا جائے۔ پولیس کا بندوبست لگا کر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان سے ٹول نہ وصول کیا جائے۔‘‘ شندے نے کہا ’’ کل سے مسنگ لنک سے گاڑی چھوڑی جائیں گی تب تک انہی سڑکوں پر گاڑیوں کو گزرنے دیں ، ان سے ٹول نہ لیں۔‘‘