Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج ممبئی پونے ’مسنگ لنک‘ کا افتتاح

Updated: May 01, 2026, 9:56 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mumbai

ممبئی اور پونے کے درمیان سفر کو مزید تیز رفتار اور آرام دہ بنانے کیلئے تیار کردہ یشونت راؤ چوہان ممبئی-پونے ایکسپریس وے کے کثیر المقاصد ’مسنگ لنک‘ پروجیکٹ کا آج افتتاح کیا جائے گا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ممبئی اور پونے کے درمیان سفر کو مزید تیز رفتار اور آرام دہ بنانے کیلئے تیار کردہ یشونت راؤ چوہان ممبئی-پونے ایکسپریس وے  کے کثیر المقاصد ’مسنگ لنک‘ پروجیکٹ کا آج افتتاح کیا جائے گا   ۔  انتظامیہ نے حفاظتی وجوہات کی بنا پر فی الحال بھاری اور مال بردار گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔ ایڈیشنل  ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ٹریفک) پروین سالونکے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق  اس نئے روٹ پر ٹریفک کو مرحلہ وار طریقے سے شروع کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ (یکم مئی تا ۳۱ ؍مئی اس ایک ماہ کے دوران صرف ہلکی   گاڑیاں (کاریں وغیرہ) اور مسافر بسیں ہی ’مسنگ لنک‘ کا استعمال کر سکیں گی۔ مال بردار گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔ یکم جون سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں   ہلکی گاڑیوں اور بسوں حکیلئے راستہ کھلا رہے گا  جبکہ مال بردار گاڑیوں کو اجازت دینے سے متعلق فیصلہ اگلے  ۶ ؍ماہ کے مشاہدے اور ٹریفک کے دباؤ کے تجزیے کے بعد کیا جائے گا۔حفاظتی  اقدامات کے تحت ایسی گاڑیاں جو آتش گیر مادہ، دھماکہ خیز اشیاء یا خطرناک کیمیکلز لے کر جاتی ہیں، انہیں اس نئے روٹ کی سرنگوں سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان گاڑیوں کو بدستور پرانے ایکسپریس وے کے ’گھاٹ سیکشن‘ سے ہی گزرنا ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: برسوں بعد ملے اور خوب ملے، انجمن اسلام کی سابق طالبات کا اجتماع

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس نئے لنک روڈ پر ہلکی گاڑیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ رفتار ۱۰۰ ؍ کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔بسوں کیلئے یہ حد ۸۰ ؍ کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ البتہ مقررہ حد سے ۵ ؍ فیصد تک کی زائد رفتار پر معمولی رعایت دی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’مہاراشٹراے آئی پالیسی ۲۰۲۶ء‘ کا اعلان

ایم  ایس آر ڈی سی  کے حکام کا کہنا ہے کہ اس لنک کے کھلنے سے بورگھاٹ (لونا ولہ) کے علاقے میں ہونے والے دائمی ٹریفک جام سے مسافروں کو نجات ملے گی اور ممبئی- پونے کے درمیان سفر کا وقت تقریباً  ۲۰ ؍ سے  ۲۵؍   منٹ کم ہو جائے گا۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران نئے قوانین اور رفتار کی حد کا خاص خیال رکھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK