Inquilab Logo Happiest Places to Work

خاتون ڈاکٹر نے ہنگامی حالات میں حاملہ کی سرراہ ڈیلیوری کروائی

Updated: April 26, 2026, 10:50 AM IST | Mumbai

اسپتال جا رہی خاتون درد کے مارے راستے ہی میں بیٹھ گئی، راہ گیر خواتین اور ڈاکٹر کی مدد سے بچے کو جنم دیا۔

Dr. Sunita Pote (green saree). Photo: INN
ڈاکٹر سنیتا پوٹے (ہری ساڑی)۔ تصویر: آئی این این

پونے ضلع کے شرور تعلقہ میں انسانیت کی دل کو چھو لینے والی مثال سامنے آئی۔ شیرور دیہیاسپتال کے قریب ایک حاملہ خاتون کو اچانک درد زہ کی شدید تکلیف ہونے لگی اور وہ سڑک کے کنارے بیٹھ کر کسی کی مدد کا انتظار کرنے لگی۔ یہ حاملہ خاتون شیرور کے جوشی واڑہ علاقے کی رہنے والی ہے جو ڈیلیوری کیلئے اسپتال جا رہی تھی کہ راستے ہی میں درد زہ شروع ہو گیا۔ اس سنگین صورتحال کو سمجھتے ہوئے وہاں موجود  لوگوں نے خاتون کو دلاسا دیا اور فوراً قریب ہی واقع ڈاکٹر سنیتا پوٹے کے کلینک جاکر انہیں ساری بات بتائی۔

یہ بھی پڑھئے: آر ایس ایس کو راہل گاندھی نے ’’راشٹریہ سرینڈر سَنگھ‘‘ قرار دیا

اطلاع ملتے ہی ڈاکٹر پوٹے بغیر کسی تاخیر کے موقع پر پہنچ گئیں۔ خاتون کی جانچ کے بعد انہوں نے محسوس کیا کہ فوری طور پر بچے کی پیدائش ضروری ہے ورنہ دیر ہو سکتی ہے۔ بغیر کسی طبی سہولت کے انہوں نے دلیرانہ فیصلہ کیا کہ بچے کی اسی وقت ولادت کروائی جائے۔ فوراً وہاں موجود خواتین نے کپڑے، چادر دوپٹے جو بھی چیز انہیں دستیاب تھی اسے پھیلا کر حاملہ خاتون کو گھیر لیا اور ڈاکٹر سنیتا پوٹے نےخاتون کی ڈیلیوری کا عمل شروع کیا۔

یہ بھی پڑھئے: دھولیہ کے مولوی گنج سے لاپتہ ۶؍ سالہ محمد عمر کی ۳؍ ماہ بعد بھی کوئی خبر نہیں

لوگوں کو احساس تھا کہ حالات ناگزیر ہیں لہٰذا وہاں موجود ہر شخص دعائیں کرنے لگا کہ کسی طرح بحفاظت ڈیلیوری ہو جائے۔ اچانک جب کسی معصوم نوزائیدہ کے رونے کی آواز آئی تو سب نے راحت کا سانس لیا۔  جیسے ہی یہ واضح ہوا کہ ماں اور بچہ دونوں محفوظ ہیں، علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس واقعے میں ڈاکٹر سنیتا پوٹے کی ہمت، مستعدی اور خدمت خلق کےجذبے کو دیکھ کر لوگ انہیں فرشتہ کہنے لگے۔  اس واقعے کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے اور لوگ ڈاکٹر سنیتا پوٹے کی تعریف کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK