بیلاسس روڈ کی رہنے والی اربیہ عمر ہینگورا معلمہ اور حفظ کی پڑھائی کیساتھ بارہویں کا امتحان نجی طور پر دےکر ۹۲؍فیصد مارکس حاصل کیا۔
EPAPER
Updated: May 06, 2025, 4:08 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
بیلاسس روڈ کی رہنے والی اربیہ عمر ہینگورا معلمہ اور حفظ کی پڑھائی کیساتھ بارہویں کا امتحان نجی طور پر دےکر ۹۲؍فیصد مارکس حاصل کیا۔
بارہویں کے امتحان میں جنوبی ممبئی، بیلاسس روڈ کی ۱۷؍ سالہ طالبہ اریبہ عمرہینگورا اور بھیونڈی کے دونوں آنکھو ں کی بصارت سے محروم مومن معاذ محمد شریف نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
اریبہ ہینگورانے دینی تعلیم کی حصولیابی کے ساتھ فارم نمبر ۱۷؍کے ذریعے پرائیویٹ امتحان دے کر ایچ ایس سی میں ۹۲؍ فیصد سے امتیازی کامیابی حاصل کی ہےجبکہ مومن معاذ محمد شریف نے دینی علوم کے ساتھ ایچ ایس سی امتحان میں ۸۴؍فیصد نمبرات حاصل کر کے اپنی معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا۔ان طلبہ نے دینی تعلیم کو ترجیح دیتے ہوئے، عصری تعلیم میں اعلیٰ نمبرات سے کامیابی حاصل کر کے بہترین مثال پیش کی ہے۔
اریبہ نے ۲۰۲۳ء میں انجمن اسلام اسکول (بیلاسس روڈ) سے ۹۴؍فیصد مارکس سے ایس ایس سی میں کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد ازیں انہوں نے ریگولر کالج جوائن کرنے کےبجائےدینی تعلیم پرتوجہ مرکوزکی۔گزشتہ ۲؍سال میں بھنڈی بازار پر واقع نواب مسجد کے مدرسہ تربیت البنات سے معلمہ کاکورس مکمل کیا۔ فی الحال وہ آگری پاڑہ کے فائن ٹچ مدرسہ سے حفظ کر رہی ہیں۔ اس دوران انہوں نے فارم نمبر ۱۷؍ کے ذریعے ایچ ایس سی امتحان دینے کی تیاری جاری رکھی۔ امسال مہاراشٹر کالج سے انہوں نے فارم نمبر ۱۷؍ کے ذریعے نجی طورپر ایچ ایس سی امتحان دیا، جس میں۹۲؍فیصد مارکس سے کامیابی حاصل کی۔
بیلاسس روڈ کے ضیاء اپارٹمنٹ میں مقیم اریبہ کےوالد عمران ہینگوراکے مطابق ’’اریبہ کو عصری سے زیادہ دینی تعلیم میں دلچسپی ہے۔ اس لئے ایس ایس سی میں پاس ہونے کے بعد اس نے مدرسہ تربیت البنات سے معلمہ کاکورس کیا اور اب فائن ٹچ مدرسہ سے حفظ کررہی ہے۔ اس دوران اس نے امسال ایچ ایس سی کانجی طورپر امتحان دینے کا فیصلہ کیا۔ نومبر ۲۰۲۴ء سے اس نے اپنے طور پر امتحان کی باقاعدہ تیاری شروع کی تھی۔ اس کے باوجود ۹۲؍ فیصد نمبرات سے امتیازی کامیابی حاصل کی ہے۔ ‘‘
بصارت سےمحروم مومن معاذ عصری تعلیم کیساتھ حفظ قرآن کررہےہیں
مومن معاذ محمد شریف، بھیونڈی کے معروف شاعر اور سابق معلم رئیس ہائی اسکول مرحوم مومن عبدالقیوم نازاں کے بھتیجے ہیں۔ معاذ نے امسال بارہویں جماعت میں ۸۴؍فیصد سے امتحان کامیابی حاصل کرکے ثابت کردیاہےکہ معذوری کو مجبوری بنائے بغیر ہم عمدہ کامیابی حاصل کر سکتےہیں۔ معاذ دونوں آنکھوں کی بصارت سے صدفیصدمحروم ہیں، اس کے باوجود مستقل عزم، حوصلہ اور مضبوط قوت ارادی سے انہوں نے بارہویں جماعت میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے عمدہ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے ۸۴؍فیصد مارکس حاصل کئے ہیں۔ عصری تعلیم کیساتھ حفظ قرآن کریم کا بھی سلسلہ جاری ہے ۔