بھیونڈی میں اندوہناک حادثہ،نجی اسپتال میں علاج جاری، ماہرین کی گیس کے قریب اسپرے استعمال نہ کرنے کی اپیل۔
ظہور احمد شاہ اور ان کی اہلیہ کے ہاتھ جھلس گئے ہیں۔ تصویر: آئی این این
گھروں میں گیس پر کھانا بناتے وقت کاکروچ، کیڑے مکوڑے مارنے والے اسپرے کا استعمال جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ چوتھا نظام پورہ علاقے میںپیش آیا جہاں چائے بناتے وقت چھپکلی مارنے کی کوشش میں میاں بیوی بری طرح جھلس گئے۔ ماہرین اور مقامی شہریوں نے اس حادثے کو ایک ’انتباہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ گیس کے آس پاس کسی بھی قسم کا اسپرے یا ایروسول استعمال کرنے سے گریز کریں۔
تفصیلات کے مطابق چوتھا نظام پورہ کے رہائشی ظہور احمد شاہ (۴۸) چائے فروش ہیں۔ ان کی اہلیہ سیما ظہور شاہ (۴۰)وہ گھر پر چائے تیار کرتیں اور تھرمس میں بھر کر اپنے شوہر کو دے دیتی تھیں جسے ظہور شاہ گھومتے ہوئے راہ چلتے شہریوں، دکانداروں اور دوسرے لوگوں کو چائے فروخت کرتے ہیں۔روز کی طرح وہ صبح گیس پر چائے بنا رہی تھیں کہ اچانک چولہے کے قریب ایک چھپکلی نظر آئی۔ چھپکلی کو مارنے کے لئے ان کے شوہر نے گھر میں رکھا ،ایک مشہور برانڈ کا ’اسپرے‘ استعمال کیا مگر اسپرے کی کچھ چھینٹیں جلتے ہوئے گیس کی آگ سے مس ہو گئے جس کے نتیجے میں پلک جھپکتے ہی آگ اسپرے کی بوتل تک پہنچ گئی اور وہ زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔اس حادثہ میں میاں بیوی کے ہاتھ، چہرے اور پاؤں بری طرح جھلس گئے۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر انہیں نجی اسپتال پہنچایا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس جلتے وقت کبھی بھی اسپرے، پرفیوم، یا کسی بھی قسم کا ایروسول استعمال نہ کریں کیونکہ یہ لمحوں میں بڑے حادثے کی وجہ بن سکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اسپرے میں قابلِ اشتعال کیمیکل موجود ہوتے ہیں جو آگ کے ذروں سے ٹکرا کر فوری دھماکہ پیدا کر دیتے ہیں۔ گھریلو خواتین اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ باورچی خانے میں ہمیشہ احتیاط برتیں اور گیس کے قریب کسی بھی کیمیکل اسپرے کا استعمال ہرگز نہ کریں۔